کامرس اور صنعت کی وزارتہ
بھارت ایک قابلِ اعتماد عالمی شراکت دار کے طور پر اُبھرتا ہوا، آندھرا پردیش وِکست بھارت @2047 کے وژن میں اہم کردار ادا کر رہا ہے: کامرس و صنعت کے مرکزی وزیر جناب پیوش گوئل
جناب پیوش گوئل نے اورواکّل میں بھارت کے پہلے ڈرون سٹی کے قیام کا اعلان کیا، جو 40 ہزار سے زائد روزگار کے مواقع پیدا کرے گا
Posted On:
14 NOV 2025 7:53PM by PIB Delhi
کامرس اور صنعت کے مرکزی وزیر جناب پیوش گوئل نے آندھرا پردیش کے وشاکھاپٹنم میں بھارتی صنعت کنفیڈریشن (سی آئی آئی) کے زیرِ اہتمام منعقدہ شراکت داری سے متعلق چوٹی کانفرنس 2025 کے 30 ویں ایڈیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت ایک قابلِ اعتماد عالمی شراکت دار کے طور پر اُبھرا ہے۔ انہوں نے وِکست بھارت @2047 کے وژن کے حصول میں آندھرا پردیش کی شاندار خدمات کو بھی سراہا۔ انہوں نے سیمی کنڈکٹرز، آلودگی سے پاک توانائی اور اختراع پر مبنی صنعتوں میں بھارت کی بڑھتی ہوئی قیادت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اعتماد، پائیداری اور مستحکم پالیسی کا طریقئہ کار بھارت کی معاشی ترقی کی بنیاد ہیں۔
تقریب کا موضوع ’’ٹیکنالوجی، اعتماد اور تجارت — نئے جغرافیائی معاشی آرڈر کی سمت‘‘ تھا، جس کا افتتاح نائب صدرِ جمہوریہ جناب سی پی رادھاکرشنن نے، گورنر آندھرا پردیش جناب سید عبدالنذیر کی موجودگی میں کیا۔ جناب پیوش گوئل اور آندھرا پردیش کے وزیراعلیٰ جناب این چندرا بابو نائیڈو نے کلیدی خطابات پیش کیے۔
جناب گوئل نے کرنول ضلع کے اورواکّل میں بھارت کے پہلے ڈرون سٹی کے قیام کا اعلان کیا، جو خلاء اور بغیر پائلٹ کے جدید فضائی نظام میں بھارت کی صلاحیتوں کو نئی بلندی دے گا۔ یہ اقدام 16 اکتوبر 2025 کو وزیراعظم کی جانب سے کوپرّتھی اور اورواکّل صنعتی نوڈز کے سنگِ بنیاد رکھنے کے بعد اٹھایا گیا ہے، جو صنعتی راہداریوں میں تیز رفتار ترقی کیلئے حکومت کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ حکومتِ آندھرا پردیش کے تعاون سے تیار کی جارہی 300 ایکڑ پر محیط یہ ڈرون سٹی 40 ہزار سے زائد ملازمتیں پیدا کرے گی اور دنیا کی سب سے بڑی مشترکہ ڈرون ٹیسٹنگ سہولت کی میزبانی کرے گی۔ یہ شہر ڈرون مینوفیکچرنگ، ٹیسٹنگ، تحقیق، مرمت اور ترقی کے تمام پہلوؤں پر مشتمل ایک مکمل مربوط ایکو سسٹم فراہم کرے گا۔
این آئی سی ڈی سی آندھرا پردیش میں تین بڑے گرین فیلڈ اسمارٹ صنعتی سٹی نوڈز — کرشنا پٹنم، اورواکّل اور کوپرّتھی — مختلف صنعتی راہداریوں میں تیار کر رہا ہے، جو ریاست کی علاقائی صنعتی ترقی میں اسٹریٹجک اہمیت کو مضبوط بناتے ہیں۔ یہ منصوبے ’میک اِن انڈیا‘ کے وژن کو تقویت دیتے ہیں اور نقل و حرکت، خلاء، الیکٹرانکس اور جدید مینوفیکچرنگ کیلئے عالمی معیار کا بنیادی ڈھانچہ فراہم کرتے ہیں۔ سمٹ میں آلودگی سے پاک ہائیڈروجن، سیمی کنڈکٹرز، الیکٹرانکس مینوفیکچرنگ، ساحلی لاجسٹکس، دفاع اور ڈرونز کے شعبوں میں آندھرا پردیش کے تیزی سے ابھرتے مواقع کو بھی نمایاں کیا گیا۔
این آئی سی ڈی سی کے سی ای او و منیجنگ ڈائریکٹر جناب رجت کمار سینی نے ’’جدید ترین صنعتی کوریڈورز 2.0: صنعت 5.0 کیلئے اسمارٹ، مربوط ایکوسسٹمز کی تعمیر‘‘ کے عنوان سے منعقدہ ایک مکمل اجلاس میں حصہ لیا۔ انہوں نے گرین فیلڈ اسمارٹ صنعتی شہروں کو اعلیٰ معیار کے، مضبوط اور پائیدار مراکز کے طور پر ترقی دینے کے این آئی سی ڈی سی کے وژن کی وضاحت کی۔ انہوں نے ڈیجیٹل بنیادی ڈھانچے، قابل تجدید توانائی، آٹومیشن اور ڈیٹا پر مبنی گورننس کے امتزاج کو عالمی مسابقت کے حامل صنعتی ایکوسسٹمز کیلئے لازمی قرار دیا۔
چوٹی کانفرنس میں این آئی سی ڈی سی کے پویلین نے عالمی سرمایہ کاروں، پالیسی سازوں اور صنعت کے نمائندوں کی بھرپور شرکت اور دلچسپی حاصل کی۔ پویلین میں گرین فیلڈ اسمارٹ سٹیز، یونائیفائیڈ لاجسٹکس انٹرفیس پلیٹ فارم ، لاجسٹکس ڈیٹا بینک ، انڈیا انڈسٹریل لینڈ بینک اور پی ایم مترا پارکس سمیت این آئی سی ڈی سی کے اہم اقدامات کو پیش کیا گیا۔ مندوبین نے اسمارٹ سٹی منصوبوں اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز میں گہری دلچسپی ظاہر کی اور زمین کی دستیابی، سرمایہ کاری سہولت کاری اور صنعتی اسمارٹ سٹی پروگرام کے تحت اشتراک کے مواقع کے بارے میں تفصیلی معلومات طلب کیں۔
حکومتِ ہند کے صنعتی بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے سرکردہ پروگرام کے طور پر این آئی سی ڈی سی دہلی–ممبئی، چنئی–بینگلورو، امرتسر–کولکاتا، مشرقی ساحل اور دیگر صنعتی راہداریوں کے تحت جدید ترین گرین فیلڈ اسمارٹ سٹیز کی ترقی جاری رکھے ہوئے ہے۔ جدید بنیادی ڈھانچے اور ڈیجیٹل اختراعات کے ذریعے این آئی سی ڈی سی بھارت کی انڈسٹری 5.0 کی جانب منتقلی کو رفتار دے رہا ہے، جس کی بنیاد پائیداری، ٹیکنالوجی کے انضمام اور شمولیتی ترقی پر رکھی گئی ہے۔
نیشنل صنعتی کوریڈور ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ ، جو وزارتِ تجارت و صنعت کے تحت ڈی پی آئی آئی ٹی کے ماتحت ادارہ ہے، عالمی معیار کی گرین فیلڈ اسمارٹ صنعتی سٹیز کے قیام کا ذمہ دار ہے، تاکہ مینوفیکچرنگ مسابقت میں اضافہ، سرمایہ کاری میں اضافہ اور روزگار کے بہتر مواقع پیدا کیے جا سکیں۔ این آئی سی ڈی سی متعدد اسمارٹ سٹی منصوبوں اور ڈیجیٹل اقدامات—جیسے یو ایل آئی پی، ایل ڈی بی اور آئی آئی ایل بی،پر عمل درآمد کے ذریعے بھارت کی صنعتی اور لاجسٹکس تبدیلی کو مضبوط کر رہا ہے۔

************
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U : 1296 )
(Release ID: 2190218)
Visitor Counter : 9