صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

صدرِ جمہوریہ ہند نے انگولا کی قومی اسمبلی سے خطاب کیا


ہندوستان افریقہ میں امن اور ترقی کے فروغ کے لیے پرعزم ہے: صدر دروپدی مرمو

Posted On: 10 NOV 2025 8:23PM by PIB Delhi

ہندوستان کی صدرجمہوریہ محترمہ دروپدی مرمو نے آج (10 نومبر 2025)انگولا کی راجدھانی لوآنڈا میں قومی اسمبلی سے خطاب کیا۔

1.jpg

اسمبلی میں ان کا پُرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئےانگولا کی قومی اسمبلی کی صدر محترمہ کیرولینا سرکیرا نے کہا کہ انگولا کی آزادی کی 50ویں سالگرہ کے موقع پر صدر دروپدی مرمو کا انگولا کا تاریخی دورہ دو طرفہ تعلقات میں ایک نئے سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان کا تبدیلی پر مبنی ترقیاتی سفر انگولا کے لیے ایک تحریک ہے۔ انہوں نے افریقہ کے لیےہندوستان کی دیرینہ حمایت اور عزم کی دل سے تعریف کی ۔

2.jpg

انگولا کے ارکانِ پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے صدرجمہوریہ ٔ ہند دروپدی مرمو نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ نوآبادیاتی دور کے خلاف جدوجہد اور جمہوری اقدارکے  لئے ہندوستان اور انگولا کے درمیان مشترکہ رشتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جہاں ہندوستان دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہے، وہیں انگولا افریقہ کی متحرک ترین جمہوریتوں میں سے ایک ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی سمجھ کو فروغ دینے کے لیے پارلیمانی تبادلوں کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔

3.jpg

صدرِ ہند نے انگولا کی پارلیمنٹ میں خواتین کی نمایاں نمائندگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ارکانِ پارلیمنٹ میں39 فیصد سے زائد خواتین کی موجودگی کے ساتھ انگولا کی پارلیمنٹ شمولیتی طرزِ حکمرانی کی ایک متاثر کن مثال ہے۔ انہوں نے بھارت میں حال ہی میں منظور کیے گئے اُس قانون کا بھی ذکر کیا جس کا مقصد قانون ساز اداروں میں خواتین کی شرکت کو بڑھانا ہے۔

4.jpg

دو طرفہ تعلقات پر گفتگو کرتے ہوئے صدرِ ہند نے کہا کہ تجارت اور اقتصادی تعاون ہماری شراکت داری کے اہم ستون ہیں۔ توانائی کے شعبے میں تعاون ہمارے اقتصادی روابط کو مسلسل مضبوط بنا رہا ہے۔ انہوں نے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، دفاع، زراعت اور فوڈ پروسیسنگ جیسے ابھرتے ہوئے شعبوں میں تعاون کے مواقع کو بھی اجاگر کیا۔

صدر نے انگولا کی جانب سے بنیادی ڈھانچے اور طرزِ حکمرانی کو مضبوط بنانے اور زراعت، توانائی اور سیاحت جیسے شعبوں کے فروغ میں حاصل  ہوئی پیش رفت کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ انگولا افریقہ کی ترقی کی کہانی میں ایک اہم شریک کے طور پر ابھر رہا ہے۔ انہوں نے افریقی یونین کی چیئرمین شپ کے طور پر انگولا کے بین الاقوامی قائدانہ کردار کی بھی ستائش کی۔

صدر نے کہا کہ جیسے جیسے دنیا تنازعات اور غیریقینی صورتحال کے دور سے گزر رہی ہے عالمی جنوب کے ممالک خاصاً منفی طور پر متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے افریقہ میں امن اور ترقی کے فروغ کے لیے بھارت کے پختہ عزم کو دہراتے ہوئے انگولا کے ارکانِ پارلیمان پر زور دیا کہ وہ بھارت-انگولا شراکت داری کی مکمل صلاحیت کو حاصل کرنے کے لیے شراکت دار بن کر آگے آئیں۔

اس سےقبل صدرِ  جمہوریہ ٔہند نے لوآنڈا میں ڈاکٹر انتونیو آگسٹیینو نیٹو کی یادگار پرگلہائے عقیدت پیش کئے۔ ڈاکٹر نیٹو جو انگولا کے پہلے صدر تھے۔ وہ انگولا کی وحدت، مزاحمت اور قومی فخر کی علامت ہیں۔ انہوں نے انگولا کی آزادی کی جدوجہد میں نمایاں کردار ادا کیا۔

صدرِ ہند نے فورتالیزا دی ساؤ میگوئل کا بھی دورہ کیا، جو 16ویں صدی کے نوآبادیاتی دور کا قلعہ ہے اور اب لوآندا میں مسلح افواج کے میوزیم کے طور پر قائم ہے۔ یہ میوزیم انگولا کی طویل اور پیچیدہ عسکری تاریخ بیان کرتا ہے جس میں نوآبادیاتی دور اور آزادی کی جدوجہد بھی شامل ہیں۔

بعد ازاں شام میں صدرِ  جمہوریہ ٔہند لوآنڈا میں ہندوستانی برادری سے خطاب کریں گے۔

صدرِ ہند کے خطاب ملاحظہ کرنے کے لیے براہِ کرم یہاں کلک کریں۔

********

 (ش ح ۔م ح ۔رض)

U. No. 1059


(Release ID: 2188661) Visitor Counter : 7