سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت
قومی فخر کا جذبہ پورے ہندوستان میں گونج رہا ہے جبکہ ڈی ای پی ڈبلیو ڈی ”وندے ماترم“ کے ایک سو پچاس سال پورے ہونے کا جشن منانے میں ملک کی قیادت کر رہا ہے
Posted On:
07 NOV 2025 7:37PM by PIB Delhi
ہندوستان کے لازوال قومی ترانے کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے، سماجی انصاف و عطائے اختیارات کی وزارت کے تحت معذور افراد کو با اختیار بنانے کے محکمے نے ملک بھر کی اپنی ادارہ جاتی اکائیوں میں منعقدہ یادگاری تقریبات کے سلسلے کے ذریعے ”وندے ماترم“ کی 150ویں سالگرہ کی ملک گیر سطح پر قیادت کی۔ مرکزی تقریب نئی دہلی کے ڈاکٹر امبیڈکر انٹرنیشنل سینٹر میں منعقد ہوئی، جہاں وزیر مملکت برائے سماجی انصاف و عطائے اختیارات ڈاکٹر وریندر کمار بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔ اس موقع پر معذور افراد کو با اختیار بنانے کے محکمے اور سماجی انصاف کے محکمے کے سیکریٹری جناب امی یادو کے ساتھ وزارت کے سینیئر افسران اور عملے نے بھی شرکت کی۔
تقریب کی خاص جھلک وزیر اعظم جناب نریندر مودی کا ملک کے نام براہ راست نشر کیا گیا ولولہ انگیز پیغام تھا، جس میں ”وندے ماترم“ کی 150ویں سالگرہ کی مناسبت کو نشان زد کیا گیا تھا۔ اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ بنکم بابو (بنکم چندر چٹرجی) کے وندے ماترم میں کہے گئے ہر لفظ اور جذبے میں گہری معنویت پوشیدہ ہے، جو اسے نسل در نسل اور ہر عہد میں ہمیشہ قابل اطلاق بناتی ہے۔
اجتماع سے خطاب میں ڈاکٹر ویرندر کمار نے وندے ماترم کو ”محض دو الفاظ نہیں بلکہ قومی بیداری اور آزادی کی ایک بھرپور علامت“ قرار دیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آج کے آزاد بھارت میں ہر شہری پر لازم ہے کہ وہ مادر وطن سے عقیدت کے اس نغمے کی روح کو اپنے اندر مضبوط کرے اور اس کی قدروں کو آنے والی نسلوں تک منتقل کرے۔
ڈی ای پی ڈبلیو ڈی کے تحت تمام اداروں میں حب الوطنی کا جوش گونجتا رہا، کیونکہ ملک بھر کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ اور کمپوزٹ ریجنل سینٹر (سی آر سی) نے اتحاد، جوش و خروش اور ثقافتی فخر سے لبریز خصوصی پروگرام منعقد کیے۔ اوڈیشہ کے ایس وی این آئی آر ٹی اے آر، دہرہ دون کے این آئی ای پی وی ڈی، سیہور کے این آئی ایم ایچ آر، نئی دہلی کے پی ڈی یو این آئی پی پی ڈی اور کانپور کے اے ایل آئی ایم سی او سمیت قومی اداروں میں وزیر اعظم کا خطاب براہ راست نشر کیا گیا، جس کے بعد وندے ماترم کا اجتماعی ترانہ اور پرجوش ثقافتی تقاریب منعقد ہوئیں۔ طلبا، افسران، ملازمین اور معذور افراد نے بھرپور شرکت کی اور قومی یکجہتی کی روح اور بھارت کے ثقافتی ورثے پر فخر کے اظہار کو تقویت بخشی۔
بیک وقت رانچی، جے پور، گورکھپور، ناگپور، لکھنؤ، بالنگیر، راجنند گاؤں، شیلانگ اور دیگر علاقوں کے کمپوزٹ ریجنل سینٹر نے گروپ گائیکی، رنگولی سازی، پینٹنگ، تقریر اور ثقافتی مقابلوں پر مشتمل پرخلوص پروگرام منعقد کیے۔ یہ سرگرمیاں نہ صرف حب الوطنی کے جذبے کی عکاس تھیں بلکہ بھارت کے سماجی ڈھانچے کی شمولیتی روح کی بھی ترجمان بنیں، جہاں معذوری کے ساتھ اور بغیر معذوری کے افراد ایک مشترکہ قومی عقیدت کے اظہار میں یکجا ہوئے۔
اس ملک گیر انعقاد کے ذریعے ڈی ای پی ڈبلیو ڈی نے شمولیت اور مساوات کے فروغ کے اپنے عزم کی ازسرنو توثیق کی، ساتھ ہی قومی فخر اور اتحاد کے گہرے احساس کو پروان چڑھایا۔ اس طرح ”وندے ماترم“ کی 150ویں سالگرہ کی تقریبات محکمہ کے اس وژن کا عملی اظہار بن گئیں کہ ہر شہری، بشمول معذور افراد کو ملک کی شان، ترقی اور حب الوطنی کے سفر میں برابر کی شرکت کا حق حاصل ہو۔
******
ش ح۔ ف ش ع
U: 948
(Release ID: 2187594)
Visitor Counter : 3