شمال مشرقی ریاستوں کی ترقی کی وزارت
جیوتی رادتیہ سندھیا نے پی ایم۔ڈیوائن کے تحت مربوط سوہراسیاحتی سرکٹ کا سنگِ بنیاد رکھا
میگھالیہ میں 233 کروڑ روپے مالیت کےڈی او این ای آر پروجیکٹوں کا افتتاح کیا
یہ سیاحتی سرکٹ ایک نہایت منصوبہ بند پہل ہے جس کا مقصد سوہرا کو عالمی سیاحت کے نقشے پر پائیدار اور تجرباتی سیاحت کے مثالی ماڈل کے طور پر اُجاگر کرنا ہے: سندھیا
یہ منصوبہ میگھالیہ کو ایک مربوط، پُراعتماد اور مسابقتی ریاست میں تبدیل کرنے کے عمل کو تیز کرے گا
Posted On:
01 NOV 2025 8:35PM by PIB Delhi
مرکزی وزیر برائے مواصلات و امورِ شمال مشرقی خطہ، جناب جیوتی رادتیہ ایم سندھیا نے آج وزیرِ اعظم کی شمال مشرقی خطے کی ترقی کی پہل (پی ایم۔ڈیوائن) اسکیم کے تحت انٹیگریٹڈ سوہرا سرکٹ ڈیولپمنٹ منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھا۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ میگھالیہ جناب کونراڈ سنگما، ریاست کے اعلیٰ حکومتی عہدیداران اور سیاحتی شعبے کے نمائندوں کی موجودگی میں 233 کروڑ روپے مالیت کے متعد ڈی او این ای آر منصوبوں کا آغاز کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جناب سندھیا نے میگھالیہ کو ’’زمین پر جنت — بادلوں اور آبشاروں کا مسکن، جہاں ہر نسیم میں وقار، یقین اور ترقی کی آزادی کی خوشبو بسی ہے ‘‘ قرار دیا، اور اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومتِ ہند شمال مشرقی خطے میں ذمہ دار، جامع اور ورثہ پر مبنی سیاحت کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔

وزیرِاعظم مودی کے عہد میں میگھالیہ کا دورِ نو
وزیر موصوف نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی بصیرت افروز قیادت میں گزشتہ دہائی شمال مشرقی خطے کے لیے حقیقی تبدیلی کا دور ثابت ہوئی ہے، جس نے اس خطے کو ایک غیر ساحلی علاقے سے ’’علاقائی رابطے کے طاقتور مرکز‘‘ میں تبدیل کر دیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 10 فیصد مجموعی بجٹ معاونت پالیسی کے تحت خطے میں 6.2 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کی سرمایہ کاری کی گئی ہے، جس سے رابطہ کاری، کاروبار اور بااختیاری کے کئی نئے راستے عیاں ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میگھالیہ اس نئے وژن کا ایک بڑا مستفید کنندہ ہے، جو ہدف بند سرمایہ کاری، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، فضائی رابطے اور سیاحت کے فروغ کے نتیجے میں کووڈ کے بعد کے برسوں میں 12 تا 16 فیصد کی متاثر کن شرح سے ترقی کر رہا ہے۔
جناب سندھیا نے 166.8 کلومیٹر طویل شیلانگ۔سلچر گرین فیلڈ ایکسپریس وے (22,864 کروڑ روپے) اور اُمروئی ایئرپورٹ کی توسیع جیسے اہم منصوبوں کا حوالہ دیا، جس کی وجہ سے بڑے طیاروں کی لینڈنگ ممکن ہوئی اور سالانہ فضائی پروازوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیا شیلانگ سٹی منصوبہ ایک ’’اسمارٹ۔گرین ٹاؤن شپ‘‘ اور شمال مشرقی خطے کے لیے علم و تحقیق کا مرکز بن کر ابھرے گا۔


ذمہ دار سیاحت کا مثالی ماڈل :مربوط سوہرا سرکٹ
مربوط سوہراسرکٹ، جو وزارتِ ڈی این او ای آر اور حکومتِ میگھالیہ کے باہمی اشتراک اور منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے، شمال مشرق کے سب سے پرعزم اور وسیع سیاحتی منصوبوں میں سے ایک ہے۔ "کل 650 کروڑ روپے سے زائد کی سرمایہ کاری جس میں وزارت برائے ترقی شمال مشرقی خطہ کے تحت 221 کروڑ روپے شامل ہیں—کے ساتھ یہ منصوبہ سوہرا کو پائیداری اور مقامی روزگار پر مبنی ایک کثیر روزہ تجرباتی سیاحتی مرکز میں تبدیل کرنے کا ہدف رکھتا ہے۔
کُٹ مدن میں 115 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار کیا جا رہا ’’سوہرا ایکسپیرینس سینٹر‘‘ اس سرکٹ کا ثقافتی محور ہوگا، جہاں ایمفی تھیئٹر، بارش کے تجرباتی پارکس، آرٹ گیلریاں اور دستکاری پویلینز کے ذریعے میگھالیہ کی متنوع قبائلی وراثت کو پیش کیا جائے گا۔
اس منصوبے کے معاون اجزاء میں نوکھالیکئی جھرنے کا احاطہ(26 کروڑ روپے)، موسمائی ایکو پارک (29 کروڑ روپے)، سیون سسٹرز فالس ویو پوائنٹ، شیلا ریوَر فرنٹ ڈیولپمنٹ، اور واکھالیئرکھائی شامل ہیں جہاں ایڈونچر سے متعلق سیاحت کی سہولیات، مثلاً ہاٹ ایئر بیلون رائیڈز، بھی فراہم کی جائیں گی۔اس منصوبے سے مجموعی طور پر سیاحتی اخراجات میں چھ گنا اضافہ ہونے کے ساتھ ساتھ چار ہزار چھ سو سے زائد بالواسطہ اوربلا واسطہ روزگار کے مواقع پیدا ہونے کی امید ہے۔

بنیادی ڈھانچے اورنقل و حمل میں نمایاں فروغ
سیاحتی سرکٹ کے ساتھ ساتھ علاقائی نقل و حمل اور تجارت کو بہتر بنانے کے لیے متعدد اہم بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کا بھی افتتاح کیا گیا۔ جن میں مندرجہ ذیل شامل ہیں:
- پنرسُلا–لتانگریوان– مالننگ نوگ روڈ (29.97 کروڑ روپے) — اس منصوبے کے ذریعے ایشیا کے صاف ترین گاؤں تک ہر موسم میں رسائی ممکن ہوگی، جس سے سرحد پار سیاحت اور مقامی تجارت کو فروغ ملے گا۔
- موشِنررُت–ہاہِم (اتھیا باری) روڈ (99.76 کروڑ روپے) — اس سڑک کو انٹرمیڈیٹ لین معیار کے مطابق اپ گریڈ کیاجائےگا، جس سے مغربی میگھالیہ میں زرعی رسائی اور اقتصادی سرگرمیاں مضبوط ہوں گی۔
- جونگ کھا-و ہیاجیر روڈ (21.86 کروڑ روپے) پر ایک بڑے پل کا سنگِ بنیاد رکھا گیا ہے، جو مشرقی کھاسی ہلز اور جینتیا ہلز کو منسلک کرے گا اور افراد و سامان کی آمد و رفت کو مزید مؤثر اور سہل بنائے گا۔
جناب سندھیا نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ امروئی ایئرپورٹ کے رن وے کی توسیع اور نیا شیلانگ ویسٹرن بائی پاس جلد ہی گوہاٹی اور سوہرا کے درمیان سفر کے وقت کو کم کر کے تقریباً چار گھنٹے کر دیں گے، جس سے اس خطے کی رسائی بڑے تجارتی اور سیاحتی مراکز تک مزید بہتر ہو جائے گی۔
سیاحت اور ہنر مندی کے ذریعے مقامی برادریوں کا بااختیار بنانا
وزیر موصوف نے زور دے کر کہا کہ سوہرا سرکٹ اس امید کے ساتھ قائم کیا گیا ہے کہ ’’میگھالیہ میں آنے والے ہر سیاح کی پہلی مسکراہٹ مقامی خاندان کی پہلی آمدنی ہو۔‘‘
میگھالیہ اسکلز ڈیولپمنٹ سوسائٹی اور آئی ایچ ایم شیلانگ کے اشتراک سے مقامی نوجوانوں کی مہارت سازی کے پروگرام جاری ہیں، جن کے تحت انہیں مہمان نوازی، سلامتی کے انتظامات اور ماحول دوست سیاحت کے اصولوں کی تربیت دی جا رہی ہے۔
انہوں نے اس عزم کو دہرایا کہ وزارتِ ترقی برائے شمال مشرقی خطہ ایسے جامع ترقیاتی راستے قائم کرنے کے لیے پرعزم ہے جو ریاست کے قدرتی اور ثقافتی ورثے کو محفوظ رکھتے ہوئے مقامی آبادی کے لیے مستقل روزگار اور معاشی استحکام کے مواقع فراہم کریں۔

وراثت سے امید کی نئی راہوں تک میگھالیہ
مرکزی وزیر جناب جیوتی رادتیہ سندھیا نے کہاکہ ’’میگھالیہ آج ورثے اور امید کے سنگم پر کھڑا ہے۔ یہ منصوبے صرف بنیادی ڈھانچے کی تعمیر سے متعلق نہیں، بلکہ روشن مستقبل تعمیر کرنے کی کوشش ہیں۔‘‘

انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں مرکز اور ریاست کے باہمی اشتراک اور تعاون کے نتیجے میں میگھالیہ ایک مربوط، پُراعتماد اور مسابقتی ریاست کے طور پر اُبھرے گا، جو شمال مشرقی خطے کے روشن مستقبل اور2047تک ’وِکست بھارت ‘ کے سفر کی قیادت کرے گا۔
Social media handles of MDoNER
*****
( ش ح۔ت ف۔ ش ا)
U.No.734
(Release ID: 2186162)
Visitor Counter : 8