وزارت دفاع
azadi ka amrit mahotsav

میری ٹائم اطلاعات مشترک کرنے کا ورکشاپ2025


بحرِ ہند کے خطے میں بروقت رابطے اور معلومات کے تبادلے کو مؤثر بنانے کی کوشش

Posted On: 01 NOV 2025 5:42PM by PIB Delhi

دنیا کی بحری سلامتی کی برادری بھارت کے شہر گروگرام میں جمع ہونے جا رہی ہے، جہاں انفارمیشن فیوژن سینٹر – انڈین اوشن ریجن (آئی ایف سی-آئی او آر) اپنی نمایاں تقریب ’’میری ٹائم انفارمیشن شیئرنگ ورکشاپ (ایم آئی ایس ڈبلیو 2025)‘‘ کا تیسرا مرحلہ 3 سے 5 نومبر 2025 تک منعقد کرے گا۔ ’’بحرِ ہند کے خطے میں بروقت رابطے اور معلومات کے تبادلے کو مؤثر بنانا‘‘ کے موضوع کے تحت ایم آئی ایس ڈبلیو 2025 ایک اہم بین الاقوامی پلیٹ فارم ثابت ہوگا جو دنیا کی سب سے اہم سمندری گزرگاہوں کے تحفظ کے لیے تعاون کے فریم ورک کو مزید مضبوط بنانے کے لیے وقف ہے۔

ایم آئی ایس ڈبلیو کے ذریعے علاقائی تعاون کو مضبوط بنانا

بھارت کے ویژن ’’محفوظ اور ترقی یافتہ خطوں کے باہمی و ہمہ گیر فروغ (ایم اے ایچ اے ایس اے جی اے آر)‘‘ کے مطابق انفارمیشن فیوژن سینٹر – انڈین اوشن ریجن (آئی ایف سی-آئی او آر) متعدد ورکشاپس اور تربیتی پروگراموں کا انعقاد کرتا ہے، جن میں میری ٹائم انفارمیشن شیئرنگ ورکشاپ (ایم آئی ایس ڈبلیو) اس کی نمایاں تقریب ہے۔ اس ورکشاپ کا پہلا مرحلہ 2019 میں منعقد ہوا تھا۔ اپنے آغاز سے اب تک ایم آئی ایس ڈبلیو ایک ممتاز عملی فورم کے طور پر ابھر چکا ہے، جو دنیا بھر کے پیشہ ور ماہرین کو ایک جگہ جمع کرتا ہے تاکہ بہترین طریقہ کار کا تبادلہ کیا جا سکے، باہمی ہم آہنگی کو مضبوط بنایا جا سکے اور اعتماد پر مبنی معلومات کے اشتراک کو فروغ دیا جا سکے۔ محض مکالمے کا پلیٹ فارم ہونے کے بجائے ایم آئی ایس ڈبلیو بین الاقوامی بحری خطرات جیسے کہ قزاقی اور مسلح ڈکیتی، منشیات کی اسمگلنگ، غیر قانونی انسانی ہجرت اور دیگر واقعات جو عالمی بحری تجارت میں رکاوٹ بنتے ہیں — کے خلاف مربوط ردعمل کو فروغ دیتا ہے۔ عملی مہارت اور تزویراتی بصیرت کے امتزاج کے ذریعے ایم آئی ایس ڈبلیو بحرِ ہند کے خطے کی اجتماعی مزاحمت کو مضبوط بناتا ہے اور محفوظ، مستحکم اور پائیدار سمندروں کے مستقبل کی راہ ہموار کرتا ہے۔

گفتگو سے عمل کی جانب ایم آئی ایس ڈبلیو 2025: نئی سمت طے کرتا ہے

ایم آئی ایس ڈبلیو 2025 جو 3 سے 5 نومبر 2025 تک منعقد ہونے والا ہے، شراکت دار ممالک اور علاقائی اداروں کے ساتھ روابط کو مضبوط کرنے کی ایک اہم پیش رفت ہے۔ ورکشاپ کا موضوع ’’بحرِ ہند کے خطے میں بروقت رابطے اور معلومات کے تبادلے کو مؤثر بنانا‘‘ شرکاء ممالک کے مشترکہ ویژن کی عکاسی کرتا ہے۔ایم آئی ایس ڈبلیو 2025 محض مکالمے سے آگے بڑھ کر ابھرتے ہوئے غیر روایتی خطرات کے مقابلے کے لیے سمندری سلامتی سے متعلق معلومات اور ٹیکنالوجی کے عملی استعمال پر توجہ مرکوز کرتا ہے۔ علاقائی اداروں کے لیے مخصوص نشستیں اور آئی ایف سی-آئی او آر میں ایک جامع ٹیبل ٹاپ ایکسرسائز (ٹی ٹی ایکس) اس ورکشاپ کا حصہ ہوں گی، جو بھارت کے مہا ساگر کے ویژن اور محفوظ، مضبوط اور اشتراکی بحری مستقبل کے عزم کو تقویت دیتی ہے۔ یہ ورکشاپ وائس ایڈمرل ترن سوبتی (ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف) کے افتتاحی خطاب اور جناب سشیل مان سنگھ کھوپڑے،آئی پی ایس، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف ڈی جی شپنگ کے کلیدی خطاب سے مزین ہوگی۔ تقریب میں 30 ممالک کے میری ٹائم سیکیورٹی ماہرین شرکت کریں گے جو انڈین اوشن رم ایسوسی ایشن (آئی او آر اے)، ڈی جیبوتی کوڈ آف کنڈکٹ/جدہ ترمیم (ڈی سی او سی/جے اے) اور بِمسٹیک (بی آئی ایم ایس ٹی ای سی) کے رکن ہیں۔

راہ متعین کرنا: مکالمہ، اختراع اور عمل

ایم آئی ایس ڈبلیو 2025 میں بِمسٹیک، آئی او آر اے اور ڈی سی او سی/جے اے  کے شرکاء کے لیے خصوصی موضوعاتی نشستیں ہوں گی، جن میں یو این او ڈی سی، آر ای سی اے اے پی، آئی ایس سی، آر ایم آئی ایف سی، آئی ایف سی سنگاپور، آر سی او سی اور معروف شپنگ کمپنیوں کی شمولیت ہوگی۔ پینل مباحثے ایک مضبوط اور پائیدار بحری معلوماتی نظام کے لیے روڈ میپ تشکیل دیں گے، جبکہ بھارت کے نیشنل میری ٹائم انفارمیشن شیئرنگ سینٹرز (این ایم آئی ایس سیز) کے قیام میں کردار کو اجاگر کیا جائے گا۔ ورکشاپ کا اختتام ایک اعلیٰ درجے کی ٹیبل ٹاپ ایکسرسائز (ٹی ٹی ایکس) سے ہوگا، جو حقیقی بحری خطرات کی نقل کرے گی اور شرکاء کو اجتماعی ہنگامی منصوبہ بندی میں شامل کرے گی۔ مندوبین اشتراکی ردعمل کے فریم ورک پر عملدرآمد کریں گے جو مشترکہ آگاہی اور مربوط کارروائی کی اہمیت کو مزید مضبوط کرے گا۔

بحرِ ہند: عالمی معیشت کی شہ رگ

بحرِ ہند کا خطہ (آئی او آر) عالمی تجارت کی بنیاد ہے، جہاں سے دنیا کے تیل اور کنٹینر ٹریفک کا بڑا حصہ گزرتا ہے۔ اس کی اہمیت جغرافیائی حدود سے کہیں آگے ہے، یہ اقتصادی سرگرمیوں کا مرکز، براعظموں کو جوڑنے والا پل اور جغرافیائی سیاست کا اہم میدان ہے۔ سمندری سلامتی نہ صرف معاشی استحکام بلکہ جغرافیائی توازن کے لیے بھی ناگزیر ہے۔ اسی ضرورت کے پیش نظر انفارمیشن فیوژن سینٹر – انڈین اوشن ریجن (آئی ایف سی-آئی او آر) کا افتتاح 22 دسمبر 2018 کو کیا گیا، جس کا مقصد اس خطے میں بحری سلامتی اور حفاظت کو فروغ دینا ہے۔ فی الحال کپتان سچن کمار سنگھ کی سربراہی میں یہ ایک منفرد مرکز ہے جو 15 ممالک کے بین الاقوامی رابطہ افسران (آئی ایل اوز) کی میزبانی کرتا ہے اور 57 بحری سلامتی کے اداروں اور 25 شراکت دار ممالک کے ساتھ فعال تعاون کے ذریعے ایک پُرامن، مستحکم اور خوشحال بحرِ ہند کو یقینی بنانے کے لیے کام کر رہا ہے۔

ایم آئی ایس ڈبلیو 2025، آئی ایف سی-آئی او آر کے اس عزم کی علامت ہے کہ وہ ایک مربوط، شفاف اور پائیدار بحری معلوماتی نظام تشکیل دینے کے لیے کوشاں ہے۔ اس ورکشاپ کے نتائج ایک محفوظ، پُرامن اور خوشحال عالمی سمندر کے لیے بحرِ ہند کے بحری معلوماتی نظام کو مزید مضبوط بنانے کی مستقبل کی سمت طے کرنے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/Pic(1)(9)CO4Z.jpeg

******

ش ح۔ ش ا ر۔ ول

Uno 630

 


(Release ID: 2185318) Visitor Counter : 9
Read this release in: English , हिन्दी