نیتی آیوگ
azadi ka amrit mahotsav

نیتی آیوگ نے‘‘مینوفیکچرنگ کا از سر نو تصور:جدیدمینوفیکچرنگ میں عالمی قیادت کے لیے ہندوستان کا  نقش راہ’’ پیش کیا

Posted On: 29 OCT 2025 1:57PM by PIB Delhi

نیتی آیوگ کے فرنٹیئر ٹیک ہب نے آج ایک لائحہ عمل‘‘مینوفیکچرنگ کا  از سر نو تصور: جدید مینوفیکچرنگ میں عالمی قیادت کے لیے ہندوستان کا نقش راہ’’ جاری کیا۔

روڈ میپ کو مہاراشٹر کے وزیر اعلی جناب دیویندر فڈنویس ؛ مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلی جناب اجیت پوار ؛ جناب بی وی آر سبرامنیم ، سی ای او ، نیتی آیوگ ؛ محترمہ مادھوری مسال ، مہاراشٹر کی ریاستی وزیر ؛ جناب پروین پردیشی ، چیف اکنامک ایڈوائزر ، سی ایم اور سی ای او ، متر ؛ محترمہ دیبجانی گھوش ، ممتاز فیلو ، نیتی آیوگ ؛ جناب چندرجیت بنرجی ، ڈائریکٹر جنرل ، سی آئی آئی ؛ اور دیگر معزز مہمان اور معززین کی موجودگی میں جاری کیاگیا ۔

روڈمیپ ایک شعبہ جاتی حکمتِ عملی پیش کرتا ہے جس کا مقصد جدید ترین ٹیکنالوجیز سے فوائد حاصل کرنا اور بھارت کی مینوفیکچرنگ صلاحیت کو عالمی سطح پر مزید مسابقتی بنانا ہے۔ اس میں مصنوعی ذہانت اور مشین لرننگ، جدید مٹیریلز، ڈیجیٹل ٹوئنز اور روبوٹکس کو بنیادی اور اعلیٰ اثرات رکھنے والی ٹیکنالوجیز کے طور پر نشان زد کیا گیا ہے، اور ان کے اثرات کو 13 ترجیحی مینوفیکچرنگ شعبوں پر نقش کیا گیا ہے۔ ہدف پر مبنی اقدامات کے ذریعے، یہ روڈمیپ بھارت کی معیشت میں مینوفیکچرنگ کی حصے داری  25 فیصد سے زیادہ تک پہنچانے، 10 کروڑ سے زائد روزگار کے مواقع پیدا کرنے، اور 2035 تک بھارت کو جدید ترین مینوفیکچرنگ کے  سرکردہ تین  مراکز میں شامل کرنے کا وژن پیش کرتا ہےجو ’وکست بھارت @ 2047‘ کے حصول کی جانب اہم سنگِ میل ہیں۔

 10 سالہ حکمتِ عملی پر مبنی نقش راہ کے ذریعے جامع اقدامات کے ساتھ بھارت کی مینوفیکچرنگ مسابقت کو محدود کرنے والی موجودہ رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے، اس میں تحقیق و ترقی کے نظام، صنعتی ڈھانچے، افرادی قوت کی تیاری، اور جدید ترین ٹیکنالوجیز کے بڑے پیمانے پر شعبہ جاتی استعمال کو مضبوط بنانے کی مربوط سفارشات کی گئی ہیں۔

روڈمیپ اس متعلق خبردار کرتا ہے کہ اگر بھارت اہم صنعتی شعبوں میں جدید ٹیکنالوجیز اختیار کرنے میں ناکام رہا تو وہ تاریخی موقع کھو سکتا ہے، جس سے 2035 تک 270 ارب امریکی ڈالر اور 2047 تک 1 کھرب امریکی ڈالر کے اضافی مینوفیکچرنگ جی ڈی پی کے  امکانی نقصان کا خدشہ ہے۔

مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ جناب دیویندر فڈنویس نے کہا، “مہاراشٹر نیتی آیوگ کا مشکور ہے کہ انہوں نے بھارت کی مینوفیکچرنگ ترقی کے لیے جدید ٹیکنالوجیز پر مبنی یہ بصیرت افروز روڈمیپ تیار کیا اور اس سفر کی قیادت کے لیے پونے کو منتخب کیا۔ اگر بھارت  کو غیر معمولی ترقی حاصل کرنی ہے تو یہ معمول کے طریقہ کار سے ممکن نہیں۔ فرنٹیئر ٹیک سائنس اور ٹیکنالوجی کا سنگم ہے، اور جب یہ  سنگم مینوفیکچرنگ میں شامل ہوتا ہے تو آٹومیشن، کارکردگی اور عالمی مسابقت کو آگے بڑھاتا ہے۔ مہاراشٹر وہ پہلی ریاست ہوگی جو نیشنل مشن آن مینوفیکچرنگ کے ساتھ مکمل طور پر ہم آہنگ ہو کر ایڈوانسڈ مینوفیکچرنگ کا عالمی مرکز بنے گی۔’’

نیتی آیوگ کے سی ای او جناب بی وی آر سبرامنیم نے کہا۔‘‘بھارت کی معاشی ترقی ہماری مینوفیکچرنگ صلاحیت کی مضبوطی سے وابستہ ہیں، لیکن معمولی تبدیلی کافی نہیں ہوگی۔ یہ روڈمیپ 2035 تک بھارت کو ایک جدید ترین مینوفیکچرنگ پاور ہاؤس بنانے کے لیے ایک واضح اور مقررہ مدت پر مبنی  حکمت عملی پیش کرتا ہے؛ جس کے تحت جدید ترین ٹیکنالوجیز کو اپناتے ہوئے ہماری مینوفیکچرنگ میں درستگی، لچک، اور پائیداری کو بنیادی حصہ بنایا جائے گا، اور عالمی سطح پر مسابقت رکھنے والی ‘میڈ اِن انڈیا’ شناخت قائم کی جائے گی۔”

 نیتی آیوگ کی  سرکردہ  فیلو محترمہ دیبجانی گھوش نے کہا۔‘‘جدید ٹیکنالوجیز کو ہماری معیشت کی ریڑھ کی ہڈی—مینوفیکچرنگ—کو جدید بنانا ہوگا۔ عمل کا وقت محدود ہے، اور حقیقی تبدیلی پورے نظام کو نئے سرے سے سوچنے کا تقاضا کرتی ہے۔ صنعتی ڈھانچے میں ٹیکنالوجی کو شامل کر کے ہم 2035 تک جی ڈی پی میں مینوفیکچرنگ کی حصے داری 25 فیصد تک بڑھا سکتے ہیں، لاکھوں معیاری روزگار پیدا کر سکتے ہیں، اور اپنی فیکٹریوں کو جدت اور قومی قوت کی علامت بنا سکتے ہیں۔

‘‘ری امیجنگ مینوفیکچرنگ: بھارت کی جدید مینوفیکچرنگ میں عالمی قیادت کا روڈمیپ” نیتی آیوگ کے فرنٹیئر ٹیک ہب نے سی آئی آئی اور ڈیلائیٹ کے تعاون سے تیار کیا، جس میں صنعت کے ماہرین کی کونسل کی رہنمائی شامل تھی۔ اس کے اجرا میں سرکاری نمائندوں، صنعت کے ارکان اور مختلف شراکت داروں کی بھرپور شرکت دیکھنے میں آئی، جو مینوفیکچرنگ کے شعبے میں بھارت کی عالمی قیادت کو آگے بڑھانے کے اجتماعی عزم کو واضح کرتی ہے۔

روڈ میپ تک رسائی کیلئے یہاں لاگ ان کریں: https://niti.gov.in/sites/default/files/2025-10/Reimagining_Manufacturing_Indias_Roadmap_to_Global_Leadership_in_Advanced_Manufacturing.pdf

نیتی فرنٹیئر ٹیک ہب کے بارے میں:

نیتی فرنٹیئر ٹیک ہب وکست بھارت کے لیے ایک عملی اقدام ہے۔یہ حکومت، صنعت اور تعلیمی شعبے کے 100 سے زائد ماہرین کے ساتھ مل کر 20 سے زیادہ اہم شعبوں میں 10 سالہ روڈمیپ تیار کر رہا ہے، تاکہ جدید ترین ٹیکنالوجیز کے ذریعے تبدیلی پر مبنی ترقی اور سماجی پیش رفت کو ممکن بنایا جا سکے۔ ملک بھر میں متعلقہ فریقوں کو  بااختیار بنا کر اور مشترکہ عمل کو آگے بڑھاتے ہوئے، یہ مرکز آج ہی سے اقدام کی ضرورت کو اجاگر کر رہا ہے، اور 2047 تک ایک خوشحال، مضبوط اور ٹیکنالوجی کے اعتبار سے ترقی یافتہ بھارت کی بنیاد رکھ رہا ہے۔

*****

 (ش ح –اع ک ۔م ذ)

U. No. 438


(Release ID: 2183759) Visitor Counter : 8