وزارت دفاع
azadi ka amrit mahotsav

وزارت دفاع نے ستمبر کے اختتام تک مالی سال 2025-26 کے کل ترقیاتی اخراجات کا 50 فیصد سے زیادہ استعمال کر لیا

Posted On: 13 OCT 2025 7:48PM by PIB Delhi

موجودہ مالی سال 2025-26 میں وزارت دفاع نے ستمبر 2025 کے اختتام تک اپنے ترقیاتی بجٹ (کیپٹل آؤٹ لے) کا 50 فیصد سے زیادہ استعمال کر لیا ہے۔ عددی اعتبار سے، کیپٹل اخراجات 1,80,000 کروڑ روپے کی کُل منظوری میں سے 92,211.44 کروڑ روپے (51.23 فیصد) ہیں۔ گزشتہ مالی سال میں وزارت دفاع نے کیپٹل اخراجات کا 100 فیصد، یعنی 1,59,768.40 کروڑ روپے، استعمال کیا تھا۔

کیپٹل آؤٹ لے کے 50 فیصد سے زائد استعمال سے آئندہ برس مسلح افواج کی جدید کاری کے لیے درکار اہم پلیٹ فارموں، جیسے طیارے، جہاز، آبدوز اور ہتھیار کے نظام کی بروقت ترسیل کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔ زیادہ تر اخراجات طیاروں اور ایرو انجن پر ہوئے ہیں، جن کے بعد زمینی نظام، الیکٹرانک وارفیئر آلات، آرمامنٹ اور پروجیکٹائل پر خرچ آیا ہے۔ دفاعی شعبے میں کیپٹل اخراجات اس لیے نہایت اہم ہیں کہ یہ نئے اثاثہ جات کی خریداری، تحقیق و ترقی، اور سرحدی علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کی مالی اعانت کرتے ہیں، جو ملک کی قومی سلامتی کے لیے ضروری ہیں۔ اس کے علاوہ، کیپٹل اخراجات معیشت کی ترقی اور روزگار کے مواقع میں اضافے کے لیے کثیر جہتی اثرات مرتب کرتے ہیں۔

اس اخراجاتی رفتار اور ان بڑے منصوبوں کے پیش نظر جو منظوری کے اعلیٰ مراحل میں ہیں، وزارت دفاع موجودہ مالی سال کے اختتام تک کیپٹل ہیڈ کے تحت مختص رقم کے مکمل استعمال کے عزم پر قائم ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ، وزارت ترمیمی تخمینوں کے لیے بجٹ کی پیش گوئیوں پر بھی کام کر رہی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ موجودہ مالی سال میں وزارت خزانہ نے بجٹ تخمینے (بی ای) کے مرحلے پر وزارت دفاع کو کیپٹل ہیڈ کے تحت 1,80,000 کروڑ روپے مختص کیے تھے۔ یہ مختص رقم مالی سال 2024-25 کے حقیقی اخراجات کے مقابلے میں 12.66 فیصد زیادہ ہے۔

مالی سال 2020-21 سے وزارت دفاع مقامی صنعتوں سے خریداری کے لیے فنڈ مختص کر کے اندرونی صنعت کو مسلسل مضبوط بنا رہی ہے۔ مالی سال 2025-26 کے لیے 1,11,544.83 کروڑ روپے مقامی صنعت کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔ مقامی خریداری کے لیے مخصوص فنڈ میں سے اب تک 45 فیصد تک قابل ذکر اخراجات ریکارڈ کیے جا چکے ہیں۔ یہ تخصیص دفاعی ٹیکنالوجی اور مینوفیکچرنگ میں آتم نربھرتا (خود انحصاری) کو فروغ دینے اور ایم ایس ایم ای، اسٹارٹ اپ وغیرہ کو اس شعبے میں راغب کرنے کے لیے ہے۔ سروسز کے لیے کیپٹل آؤٹ لے کے تحت مختص رقم گزشتہ کئی برسوں میں بڑھتا ہوئی رجحان دکھا رہی ہے، جو پچھلے پانچ برسوں میں تقریباً 60 فیصد بڑھی ہے۔

**********

ش ح۔ ف ش ع

 U: 9809


(Release ID: 2178678) Visitor Counter : 7
Read this release in: English , हिन्दी