وزارات ثقافت
azadi ka amrit mahotsav

عوامی ریکارڈ  ، اچھی حکمرانی ، شفافیت اور تاریخی تسلسل کا اساس  ہیں : جناب گجیندر سنگھ شیخاوت


نیشنل آرکائیوز آف انڈیا نے  ‘سُشاسن اور ابھیلیکھ 2025 ’ کے موضوع پر نمائش کا افتتاح کیا

Posted On: 10 OCT 2025 5:18PM by PIB Delhi

نیشنل آرکائیوز آف انڈیا (این اے آئی) نے نئی دلّی کے ڈاکٹر امبیڈکر انٹرنیشنل سنٹر میں جاری اچھی حکمرانی  کےمہینے کے ایک حصے کے طور پر  ‘‘ سُشاسن اور ابھیلیکھ 2025 ’’  کے عنوان سے ایک نمائش کا اہتمام کیا۔ اس نمائش کا افتتاح ثقافت اور سیاحت کے مرکزی وزیر جناب گجیندر سنگھ شیخاوت نے اچھی حکمرانی اور محفوظ شدہ دستاویزات کے درمیان ہم آہنگی کو تلاش کرنے کی ایک اہم تقریب کے  آغاز  کے ساتھ کیا ۔  یہ نمائش 12 اکتوبر  ، 2025 ء تک عوام کے لیے کھلی رہے گی۔

 

اپنے افتتاحی خطاب میں، جناب گجیندر سنگھ شیخاوت نے اچھی حکمرانی، شفافیت اور تاریخی تسلسل کی بنیاد کے طور پر عوامی ریکارڈ کو محفوظ رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ اب تک 15 کروڑ سے زیادہ صفحات کو ڈیجیٹائز کیا جا چکا ہے ، جناب شیخاوت نے دنیا کے سب سے بڑے ڈیجیٹائزیشن پروجیکٹوں میں سے ایک کو نافذ کرنے میں ،بھارت کے نیشنل آرکائیوز کی اولین کوششوں کی ستائش کی۔

 

 

اس نمائش میں نایاب اور اہم آرکائیو ریکارڈز کے منتخب شدہ مجموعے کی نمائش کی گئی ، جس سے شفافیت، جوابدہی اور مؤثر حکمرانی کے تئیں  بھارت  کی وابستگی کا اظہار ہوتا ہے۔ سووچھ بھارت ابھیان کے ساتھ منسلک اقدامات کے تحت محفوظ اور منظم کیے گئے ان ریکارڈسےانتظامی کارکردگی اور اپنے دستاویزی ورثے کے تحفظ دونوں کو برقرار رکھنے کے ملک کے عزم کی عکاسی ہوتی ہے۔ یہ نمائش این اے آئی  کی آفیشل ویب سائٹ پر ڈیجیٹل طور پر دستیاب ہے۔ ویب سائٹ کا لنک درج ذیل میں دیا گیا ہے :

https://nationalarchives.nic.in/sausaasana-aura-abhailaekha-2025

 

2021 ء اور 2025  ء کے درمیان، 75500 سے زیادہ تاریخی طور پر اہم دستاویزات کا جائزہ لیا گیا اور انہیں نیشنل آرکائیوز آف انڈیا کو منتقل کیا گیا، جو کہ ملک کے ریکارڈ رکھنے کے نظام کو مستحکم کرنے اور اہم عوامی معلومات کے طویل مدتی تحفظ کو یقینی بنانے میں ایک اہم سنگ میل ہے۔

 

 

اس نمائش میں مختلف وزارتوں کے اشتراک کو نمایاں کیا گیا  ، جنہوں نے بھارت کے انتظامی ڈھانچے اور ترقی کی رفتار کو تشکیل دینے میں اہم رول ادا کیا ہے۔  نمائش کی اہم خصوصیات میں بجلی کی وزارت ، وزارت ریلوے، وزارت خارجہ، پارلیمانی امور کی وزارت  اور دیگر کے آرکائیو ریکارڈز شامل تھے۔

 

کلیدی نوعیت کی یہ نمائش درج ذیل تاریخی لمحات پر مرکوز تھی:

  • بھارت کے انتخابی کمیشن کی جانب سے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں ( ای وی ایم ) کا آغاز
  • جنرل ایس ایچ ایف جے  مانیک شا کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دیا جانا
  • پنچایتی راج اور وجے دِوس کی تقریبات سے متعلق وزارت داخلہ کی پہل

 

نمائش میں بھارت کے دو انتہائی قابل احترام لیڈروں – جناب اٹل بہاری واجپئی اور ڈاکٹر اے پی جے عبد الکلام کو بھی خراج عقیدت پیش کیا گیا ،  جن کی دور اندیش قیادت نے حکمرانی ، ٹیکنالوجی اور قومی ترقی میں بھارت کے ارتقا کو تشکیل دیا۔ آرکائیو تصاویر اور دستاویزات کے ذریعے، نمائش  میں جامع ترقی، نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کو فروغ دینے میں ان کی پائیدار میراث کو اجاگر کیا گیا ۔

 

 

1891  ء میں قائم کیا گیا، نیشنل آرکائیوز آف انڈیا  ، ملک کے دستاویزی ورثے کے نگہبان کے طور پر کام کرتا ہے، جس میں عوامی ریکارڈ کے 34 کروڑ سے زیادہ صفحات موجود ہیں۔ اس کے وسیع ذخیرے میں نایاب مخطوطات، معاہداتی دستاویزات، قانون سازی کے دستاویزات اور انتظامی رپورٹس شامل ہیں ،  جو بھارت کی حکمرانی، پالیسی کے ارتقاء اور سماجی تبدیلی کے بارے میں منفرد بصیرت پیش کرتی ہیں۔

نیشنل آرکائیوز آف انڈیا  کے ڈائریکٹر جنرل جناب سنجے رستوگی نے خطبہ استقبالیہ پیش  کیا، جس میں جدید کاری اور عوامی رسائی کے لیے ادارے کے جاری اقدامات کو اجاگر کیا گیا ۔ ثقافت کی وزارت کے سکریٹری جناب وویک اگروال نے ریاستی اور بین الاقوامی آرکائیوز کے درمیان زیادہ سے زیادہ تعاون کو فروغ دینے کے بارے میں بتایا ۔  انتظامی اصلاحات اور عوامی شکایات کے محکمے  کے سکریٹری جناب وی سری نواس نے بھی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے، بورن ڈیجیٹل ریکارڈ کو محفوظ کرنے میں این اے آئی  کے اہم کردار پر زور دیا۔

 

 

اس نمائش کے ذریعے، نیشنل آرکائیوز آف انڈیا نے آرکائیو کے تحفظ اور گڈ گورننس کے درمیان تعلق کو مضبوط بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ ڈسپلے پر موجود ریکارڈ نے بھارت کی انتظامی ترقی، انتخابی اور عدالتی اصلاحات سے لے کر بنیادی ڈھانچے اور پالیسی میں پیش رفت تک قیمتی بصیرت فراہم کی ہے، جس سےایک شفاف، جوابدہ اور حکمرانی سے متعلق دوراندیش  نظام کو یقینی بنانے میں دستاویزات کے اہم کردار کی نشاندہی ہوتی ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

(ش ح –ک ا ۔ ع ا )

U. No.7401


(Release ID: 2177543) Visitor Counter : 8