سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت
گوا میں رنگا رنگ تقریب - پرپل فیسٹ کے تیسرےایڈیشن کاآغاز
سماجی انصاف کے مرکزی وزیر ڈاکٹر وریندر کمار نے معذور افراد کی فنی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے تقریب کی تعریف کی
Posted On:
09 OCT 2025 10:04PM by PIB Delhi
بین الاقوامی پرپل فیسٹ کا تیسرا ایڈیشن آج پنجی، گوا میں شاندار اور رنگا رنگ افتتاحی تقریب کے ساتھ شروع ہوا۔ افتتاحی تقریب میں سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کے مرکزی وزیرڈاکٹر وریندر کمار، گوا کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر پرمود ساونت، سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کے مرکزی وزیر مملکت جناب رام داس اٹھاولے، گوا کے ریاستی وزیر برائے معذور افراد جناب سبھاش فالدیسائی، مرکزی محکمہ معذورافرادکے سکریٹری جناب راجیش اگروال، گوا کے محکمہ معذور افراد کےریاستی کمشنرجناب گروپرساد پاوسکرکے ساتھ ہندوستان میں اقوام متحدہ کے ریزیڈینٹ کوآرڈینیٹر جناب شومبی شارپ نے شرکت کی۔
بین الاقوامی پرپل فیسٹیول، جس میں معذور افراد کو اپنی فنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے حوصلہ افزائی کی جاتی ہے،اسے منفرد شکل میں پیش کیا جا رہا ہے۔ مرکزی وزیر ڈاکٹر وریندر کمار نے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مختلف کھیلوں اور مقابلوں کی شمولیت کی وجہ سے شرکاء کی بڑھتی ہوئی تعداد واقعی قابل ستائش ہے۔
اس طرح کے میلوں سے نہ صرف معذور فنکاروں کے لیے بلکہ معذور کھلاڑیوں کے لیے بھی حوصلہ افزائی کے مواقع فراہم ہوتے ہیں۔ ڈاکٹر وریندر کمار نے اس بات پر زور دیا کہ ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر اور سماجی، تعلیمی اور ثقافتی سطح پر ترقی کے لیے معذور افراد کی شمولیت ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پچھلے چندبرسوں میں قومی اور بین الاقوامی سطح پر معذور افراد کی نمایاں کامیابیوں سے ہندوستان کے وقار میں اضافہ ہوا ہے۔ گوا میں منعقد ہونے والے بین الاقوامی پرپل فیسٹ سے تحریک پا کر اب بہت سی ریاستوں نے بھی اسی طرح کے تہواروں کا انعقاد شروع کر دیا ہے۔
سماجی انصاف اورتفویض اختیار کے مرکزی وزیر مملکت جناب رام داس اٹھاولے نے بین الاقوامی پرپل فیسٹ کے انعقاد کے لیے حکومت گوا کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی رہنمائی اور قیادت میں سماجی انصاف کی وزارت سماج کے ہر طبقے کے لیے کام کر رہی ہے، اور معذوروں کے لیے قومی سطح پر قابل رسائی ملک گیر مہم کو نافذ کیا گیا ہے۔
افتتاحی تقریب میں معذور فنکاروں نے ثقافتی پرفارمنس پیش کر کے میلے کی رونق میں اضافہ کیا۔ چار روزہ فیسٹیول کے دوران، 9 سے 12 اکتوبر تک، گوا کی تفریحی سوسائٹی کے احاطے میں معذور افراد کے لیے ضروری مواد پر مشتمل مختلف معلوماتی اسٹالز اور نمائشیں لگائی گئی ہیں۔
ریاستی حکومت کے معذور افراد کو بااختیار بنانے کے محکمہ کے زیر اہتمام منعقد ہونے وا لے اس بین الاقوامی فیسٹیول کو سماجی انصاف اورتفویض اختیارات کی وزارت اور اقوام متحدہ طرف سے خصوصی تعاون حاصل ہوا ہے۔
*****
UR-7362
(ش ح۔م ش ع۔ ف ر )
(Release ID: 2177184)
Visitor Counter : 7