ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت
قبائلی آرٹ نمائش-‘خاموش گفتگو:حاشیے سے مرکز تک’-کا آج نئی دہلی میں افتتاح کیا جائے گا
سترہ(17) ریاستوں کے 50 سے زیادہ قبائلی فنکار شیروں کے تحفظ،مسکن کے تحفظ وفطرت اور ان برادریوں کے درمیان دیرینہ تعلقات سے متعلق مسائل پر بصیرت انگیز فن پاروں کی نمائش کریں گے
4 روزہ نمائش ہندوستان کے 30 سے زیادہ ٹائیگر ریزرو سے 250 پینٹنگز اور دستکاریوں کا مجموعہ پیش کرے گی
Posted On:
09 OCT 2025 11:39AM by PIB Delhi
ہندوستان کے سابق صدر جناب رام ناتھ کووند 9 اکتوبر 2025 کو انڈیا ہیبی ٹیٹ سینٹر ، نئی دہلی میں4 روزہ منفرد قبائلی آرٹ نمائش ‘خاموش گفتگو:حاشیے سے مرکز تک’کا افتتاح کریں گے۔ اپنے چوتھے ایڈیشن میں، سالانہ نمائش کا اہتمام سنکلا فاؤنڈیشن کے ذریعے نیشنل ٹائیگر کنزرویشن اتھارٹی (این ٹی سی اے)کے تعاون سے کیا جا رہا ہے، جو مرکزی وزارت ماحولیات ، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی (ایم او ای ایف سی سی) اور انٹرنیشنل بگ کیٹ الائنس (آئی بی سی اے)کے تحت ایک قانونی ادارہ ہے۔
نمائش کا مقصد جنگلات، خاص طور پر ہندوستان کے شیروں کے قدرتی مسکن میں رہنے والی قبائلی برادریوں اور دیگر جنگلات کے مضافات میں رہنے والے باشندوں کے تحفظ سے متعلق اخلاقیات کے بارے میں بیداری پھیلانا ہے۔ یہ نمائش ان برادریوں کے فن پاروں کی نمائش کرے گی اور شہر کے باشندوں کو شیروں کے تحفظ، مسکن کے تحفظ و فطرت اور ان برادریوں کے درمیان دیرینہ تعلقات سے متعلق مختلف مسائل کے بارے میں مزید جاننے کا موقع فراہم کرے گی۔ یہ ان برادریوں کے لیے روزی روٹی کے متبادل مواقع بھی تلاش کرے گا، جس سے جنگلاتی وسائل پر ان کا انحصار کم ہوگا اور انسانی اور جنگلاتی حیات کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
اس سال، یہ نمائش قبائلی برادریوں اور فطرت کے درمیان گہرے اور پائیدار تعلقات کا جشن منانے والی17 ریاستوں (جو ٹائیگر ریزرو کی میزبانی کرتی ہیں)کے 50 سے زیادہ قبائلی فنکاروں کو اکٹھا ہونے کا موقع فراہم کرے گی۔ پینٹنگز اور آرٹ ورکس اس بات کی جھلک پیش کریں گے کہ یہ برادریاں جنگلات اور جنگلاتی حیات کے ساتھ ہم آہنگی سے کیسے رہتی ہیں۔ نمائش میں کچھ قبائلی آرٹ کی اقسام، جیسےگونڈ، ورلی اور سوراپیش کی جائیں گی۔ نمائش میں شامل فن پاروں کی پیشگی فروخت سے حاصل ہونے والی آمدنی براہ راست آرٹسٹوں کے کھاتوں میں جمع کی گئی۔
قبائلی برادریاں اور جنگلاتی علاقوں میں رہنے والے باشندے روایتی علم، بھرپور ثقافتی ورثے اور ماحولیاتی حکمت کے محافظ رہے ہیں۔ انہوں نے جنگلات کو روزی روٹی اور مقدس ورثے کے ذریعہ کے طور پر تسلیم کیا ہے اور پائیدار طریقوں ، رسم و رواج اور روایات کے ذریعے ان کا تحفظ کیا ہے۔
نمائش (9-12 اکتوبر)متنوع شائقین کے لیے ہندوستان کے 30 سے زیادہ ٹائیگر ریزرو کی250 پینٹنگز اور دستکاریوں کا مجموعہ پیش کرے گی۔ ان میں آرٹ کے شوقین، تحفظ پسند، سفارت کار، پالیسی ساز، فطرت سے محبت کرنے والے اور طلباء شامل ہیں۔
ایک غیر منافع بخش تنظیم، سنکلا فاؤنڈیشن، اندرا گاندھی راشٹریہ مانو سنگرہالیہ، بھوپال اور کنفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری (سی آئی آئی) نئی دہلی کے اشتراک سے 10 اکتوبر کو ‘قبائلی آرٹس اور ہندوستان کے تحفظ کے اخلاقیات: زندہ حکمت’کے موضوع پر ایک قومی کانفرنس کا بھی انعقاد کر رہی ہے۔ کانفرنس کا افتتاح ثقافت اور سیاحت کے مرکزی وزیر جناب گجیندر سنگھ سیکھاوت کریں گے۔یہ پالیسی سازوں، اسکالرز، فنکاروں، تحفظ پسندوں اور کمیونٹی لیڈروں کو اس بات پر غور و فکر کرنے کے لیے اکٹھا کرے گا کہ قبائلی حکمت اور ثقافتی طرز عمل تحفظ کی حکمت عملیوں کی رہنمائی کیسے کر سکتے ہیں۔ 9 اور 10 اکتوبر کو ثقافتی شام کے انعقاد کا منصوبہ بھی ہے، جو نمائش کا ایک لازمی حصہ ہیں۔ اس مرتبہ چھتیس گڑھ اور مدھیہ پردیش کے فنکار اپنے پروگرام پیش کریں گے۔
‘خاموش گفتگو’کے پہلے ایڈیشنوں کو فن کی نمائش کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر قومی شناخت حاصل ہوئی، جو ہماری صدیوں پرانی تحفظ کی اخلاقیات، قبائلی برادریوں کے پائیدار اور روایتی علم کی عکاسی کرتی ہے ۔ پہلا ایڈیشن نومبر 2023 میں منعقد کیا گیا تھا اور اس کا افتتاح ہندوستان کی صدرمحترمہ دروپدی مرمو نے مرکزی وزیر(ایم او ای ایف سی سی) جناب بھوپیندریادو کی موجودگی میں کیا تھا۔
مرکزی وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے دوسرے ایڈیشن کا افتتاح کیا، جو اکتوبر 2024 میں منعقد ہوا تھا۔ تیسرا ایڈیشن آرٹسٹس –اِن-ریزیڈینس پروگرام کی تکمیل کے بعد دسمبر 2024 میں راشٹرپتی بھون میوزیم میں منعقد ہوا۔ ہر ایک ایڈیشن کے ساتھ، نمائش تحفظ کی اخلاقیات کے محرک اور قبائلی معاش اور ثقافتی ورثے کے اہلکار کے طور پر ارتقا پذیر ہوئی ہے۔
اس نمائش کا تصور 2023 میں پروجیکٹ ٹائیگر کے 50 سال پورے ہونے کے موقع پر کیا گیا تھا۔ سنکلا فاؤنڈیشن، جو آب و ہوا کی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے، پائیداری اور ثقافتی اخلاقیات کو فروغ دینے کے لیے وقف ہے، این ٹی سی اے کے تعاون سے اس کوشش کی قیادت کر رہی ہے۔ اسے لوگوں کی طرف سے وسیع حمایت ملی ہے اور یہ تحفظ اور قبائلی آرٹس کو فروغ دینے والے ایک اہم پروگرام کے طور پر اُبھری ہے۔
********
ش ح۔ش ب۔ن ع
U-7313
(Release ID: 2176856)
Visitor Counter : 17