وزارت دفاع
بی آر او کے پروجیکٹ وِجایَک نے کرگِل میں1200کروڑ روپے کے بنیادی ڈھانچے کے منصوبے کے ساتھ اپنا 15واں یومِ تاسیس منایا
Posted On:
21 SEP 2025 12:07PM by PIB Delhi
بارڈر روڈز آرگنائزیشن (بی آر او) کے پروجیکٹ وِجایَک نے 21 ستمبر 2025 کو کرگل، لداخ میں اپنا 15واں یومِ تاسیس منایا۔ اس موقع پر 1200 کروڑ روپے سے زائد کے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کے آغاز کے ساتھ یہ اپنے 16ویں سال میں داخل ہوا۔ یہ سنگِ میل خدمت، استقامت اور انجینئرنگ میں مہارت کے اُس سفر کی علامت ہے جو دنیا کے سب سے مشکل زمینی خطوں میں طے کیا گیا۔ گزشتہ 15 برسوں میں اس پروجیکٹ نے لداخ بھر میں 1400 کلو میٹر سے زیادہ سڑکیں اور 80 بڑے پل تعمیر کرکے انہیں برقرار رکھے ہیں۔ ان میں اپریل 2025 میں صرف 31 دن کے اندر زو جیلا پاس کا دوبارہ کھولنا بھی شامل ہے جو برفباری کے بعد کی تاریخ میں بلندی پر رابطے کی ایک بے مثال کامیابی ہے۔
دو ہزار دس میں قائم ہونے والا پروجیکٹ وِجَیَک لداخ کی دور دراز وادیوں اور سرحدی علاقوں کو قومی دھارے سے جوڑنے اور مسلح افواج کی عملی ضرورتوں کو پورا کرنے کے لیے بنایا گیا تھا۔ اس کی خدمات نے نہ صرف آپریشنل تیاری کو مضبوط کیا بلکہ لداخ کے عوام کے لیے رابطے اور روزگار کے مواقع بھی بہتر بنائے۔
پندرہویں یومِ تاسیس کی تقریبات روایت اور فخر کی عکاس تھیں۔ ان میں سینک سمیلن، ثقافتی پروگرام، مندر اور گردوارے میں دعائیہ تقریبات اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے وِجایَک میموریل کا افتتاح شامل تھا۔ دراس میں جنگی یادگار تک بائیک ریلی، لداخی ثقافت پر مصوری کے مقابلے اور مقامی تقریبات جیسے پاگل جِم خانہ اور براکھانہ نے فوجی اہلکاروں، ان کے اہلِ خانہ اور مقامی لوگوں کو یکجہتی کی فضا میں یکجا کیا۔
پروجیکٹ وِجایَک نے اپنے کیجوئل پیڈ لیبررز (اجرت پر کام کرنے والے مزدوروں) کی فلاح و بہبود پر بھی خصوصی توجہ دی ہے، جو اس کی سرگرمیوں کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ ان کے لیے گرم رہائشی شیلٹرز، بہتر صفائی ستھرائی، جدید حفاظتی سامان، سرمائی ملبوسات اور باقاعدہ طبی کیمپ جیسی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔
آگے کے منصوبوں میں 1200 کروڑ روپے کی لاگت سے اہم سڑکوں کی چوڑائی میں اضافہ، نئی سرنگوں اور پلوں کی تعمیر اور جدید ٹیکنالوجیز جیسے جیوٹیکسٹائلز، ایڈوانسڈ سرفیسنگ، ڈھلوانوں کا استحکام، ڈیجیٹل نگرانی اور ماحول دوست تعمیراتی طریقوں کو اپنانا شامل ہے۔ یہ اقدامات لداخ کی بلند فضائی سرحدوں میں لچک، پائیداری اور رابطہ کاری کو مزید مضبوط کریں گے۔
اپنے 16ویں سال میں داخل ہوتے ہوئے پروجیکٹ وِجایَک خدمت اور فخر کی علامت بنے رہنے کے ساتھ ساتھ مسلح افواج اور مقامی آبادی دونوں کے لیے زندگی کی شہِ رگ کی حیثیت رکھتا ہے اور بی آر او کے اُس نصب العین کی جیتی جاگتی مثال ہے جس کا مقصد ملک کے مشکل ترین خطوں میں رابطے قائم کرنا ہے۔
******
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-6364
(Release ID: 2169192)