قومی انسانی حقوق کمیشن
بھارت کے قومی انسانی حقوق کمیشن نے چھتیس گڑھ کے رائے پور ضلع اسپتال کے مردہ خانے میں لاوارث لاشوں کے جمع ہونے کی رپورٹ کا از خود نوٹس لیا ہے
کمیشن نے کہا ہے کہ مرنے والوں کو بھی اپنے مذہب کے مطابق عزت کے ساتھ آخری رسومات کاحق حاصل ہے
کمیشن نے چھتیس گڑھ حکومت کے چیف سکریٹری کو نوٹس جاری کر کے دو ہفتے کے اندر تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کیلئے کہا ہے
Posted On:
18 SEP 2025 2:37PM by PIB Delhi
بھارت کے قومی انسانی حقوق کمیشن (این ایچ آر سی) نے میڈیا کی ایک رپورٹ کا ازخود نوٹس لیا ہے، جس کے مطابق چھتیس گڑھ کے رائے پور ضلع اسپتال کے مردہ خانے میں کئی لاوارث لاشیں جمع ہیں، کیونکہ ان کی آخری رسومات کے لئے کوئی جگہ مختص نہیں کی گئی ہے، جو ایک این جی او کے ذریعے انجام دی جا رہی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق، گزشتہ ہفتے سے تین غیر شناخت شدہ لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے بھی نہیں بھیجی گئی ہیں۔
کمیشن نے کہا ہے کہ اگر میڈیا اطلاعات درست ہیں، تو یہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا سنگین مسئلہ ہے، کیونکہ مرنے والے بھی اپنے مذہب کے مطابق عزت کے ساتھ آخری رسوم کے مستحق ہیں۔ اسی حوالے سے کمیشن نے چھتیس گڑھ حکومت کے چیف سکریٹری کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دو ہفتے کے اندر اس معاملے پر تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔
کمیشن نے 2021 میں بھی وقار کو برقرار رکھنے اور مرنے والوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ایک ایڈوائزری جاری کی تھی۔ اس میں کہا گیا تھا کہ یہ یہ قانونی طور پر تسلیم شدہ اصول ہے کہ ہندوستان کے آئین کے آرٹیکل 21 سے حاصل کردہ زندگی، منصفانہ سلوک اور وقار کا حق صرف زندہ افراد تک ہی محدود نہیں ہے، بلکہ مرنے والوں کو بھی اپنے مذہب کے مطابق عزت کے ساتھ آخری رسومات کاحق حاصل ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق 9 ستمبر 2025 کو ضلعی انتظامیہ نے تقریباً تین سال قبل لاوارث لاشوں کی آخری رسومات کے لیے تین ایکڑ اراضی مختص کی تھی جہاں مذکورہ این جی او کی جانب سے 800 سے زائد لاوارث لاشوں کی آخری رسومات ادا کی گئیں۔ اطلاعات کے مطابق مٹی بھرنے کے بعد زمین کو دوبارہ استعمال میں لایا جا سکتا ہے لیکن ابھی تک ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
***
ش ح۔ ک ا۔ ع ر
U.NO.6214
(Release ID: 2168045)