بندرگاہوں، جہاز رانی اور آبی راستوں کی وزارت
"بھارت نے 2047 تک پائیدار سمندری ترقی کے لئے راہیں طے کیں، عالمی قیادت پر نظریں رکھیں:" مرکزی وزیر جناب سربانند سونووال
"کیرالہ ایک سمندری سپر پاور بننے کے بھارت کے وژن کو تحریک دیتا ہے:" جناب سربانند سونووال
"بھارت کی سمندری معیشت کو 80 لاکھ کروڑ کا فروغ حاصل ہوگا، میری ٹائم امرت کال وژن کے تحت 1.5 کروڑ نوکریاں فراہم ہوں گی": جناب سربانند سونووال
"مزید توسیع کے لیے کوچین بندرگاہ، کوچین بین الاقوامی کروز ٹرمنل" جناب سربانند سونووال
Posted On:
16 SEP 2025 6:55PM by PIB Delhi
بھارت کا سمندری شعبہ ایک انقلابی تبدیلی کے دور سے گزر رہا ہے، جو اسے مستقبل میں عالمی سطح پر ایک سمندری طاقت کے طور پر پیش کر رہا ہے۔ بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری، جدید انفراسٹرکچر اور پائیدار اصلاحات کے ساتھ، حکومت اپنے ساحلوں اور آبی گزرگاہوں کی طاقت کو استعمال کرتے ہوئے ایک مضبوط اور گرین اکانومی کی تعمیر کر رہی ہے، جو 2047 تک وکست بھارت کے وژن کے عین مطابق ہے۔
بندرگاہوں، جہاز رانی اور آبی گزرگاہوں (ایم او پی ایس ڈبلیو) کے مرکزی وزیر جناب سربانند سونووال نے زور دیا کہ میری ٹائم امرت کال وژن 2047 کے تحت، بھارت 80 لاکھ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری حاصل کرنے، 1.5 کروڑ سے زائد نوکریاں پیدا کرنے اور ماحولیات کے لئے سازگار جہاز رانی کے طور طریقوں کو تیز کرنے کے لیے تیار ہے۔
جناب سربانند سونووال نے کہا کہ "بھارت کی سمندری ترقی کی کہانی خوشحالی، پائیداری اور ہمارے ورثے پر فخر کے بارے میں ہے۔ موثر بندرگاہوں سے لے کر ڈیجیٹل جہاز رانی تک، ہر اقدام وزیر اعظم جناب نریندر مودی جی کے وژن کی عکاسی کرتا ہے، جو معاشی طاقت کو ماحولیاتی ذمہ داری کے ساتھ جوڑتا ہے۔ ان کی قیادت میں، ہم نے پہلے ہی بھارت کی سمندری معیشت کو 80 لاکھ کروڑ روپے کی ترقی اور میری ٹائم امرت کال وژن کے تحت 1.5 کروڑ نوکریوں کے ہدف کی طرف پیش قدمی شروع کر دی ہے۔"
حکومت کا اہم پروگرام 'ساگرمالا' اس تبدیلی کو آگے بڑھا رہا ہے، جس کے تحت 2035 تک 840 پروجیکٹس پر 5.8 لاکھ کروڑ روپے کی لاگت سے عمل درآمد ہو رہا ہے۔ اب تک 272 پروجیکٹس، جن کی مالیت 1.41 لاکھ کروڑ روپے ہے، مکمل ہو چکے ہیں۔ مہاراشٹر میں 76,000 کروڑ روپے کی لاگت سے بننے والی ودھاون بندرگاہ — جو عالمی سطح پر سرفہرست 10 کنٹینر بندرگاہوں میں شامل ہونے کی امید ہے — سے 12 لاکھ نوکریاں پیدا ہونے کی توقع ہے۔ اس دوران، بھارت کی بڑی بندرگاہوں نے جہازوں کے رخ موڑنے کا وقت 0.9 دن تک کم کر دیا ہے، جو کہ امریکہ، جرمنی اور سنگاپور کے عالمی معیارات سے بھی تیز ہے۔ نو ہندوستانی بندرگاہیں اب دنیا کی سرفہرست 100 بندرگاہوں میں شامل ہیں۔
وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے وژن کو تیزی سے نافذ کرنے کے لیے سازگار پالیسی ماحول کے نفاذ کے خیال کو اجاگر کرتے ہوئے، جناب سربانند سونووال نے کہا کہ "ہماری پالیسی اصلاحات ایک سرمایہ کار دوست ماحول تشکیل دے رہی ہیں۔ اس جذبے کے ساتھ، تعاون پسند وفاقیت کے جذبے میں وسیع تر شراکت داروں کے مشورے کے بعد، ہم نے حال ہی میں پانچ تاریخی قانون سازی کیں جو ہندوستان کے سمندری منظر نامے کو ہمیشہ کے لیے تبدیل کر دیں گی اور ایک مضبوط، کاروبار اور ماحول دوست، عالمی طور پر ہم آہنگ قانونی ڈھانچہ قائم کریں گی۔ 25,000 کروڑ روپے کے بحری ترقیاتی فنڈ (ایم ڈی ایف) کے ساتھ، ہماری حکومت نے جہاز سازی کو فروغ دیا، بڑے جہازوں کو انفراسٹرکچر کا درجہ دیا اور اندرونی آبی جہازوں کے لیے ٹنیج ٹیکس کے فوائد فراہم کیے۔ یہ سب مل کر مسابقت اور عالمی ہم آہنگی کو بڑھا رہے ہیں۔ یو پی اے دور کے 'کوئی وژن نہ ہونے' سے ہمارے وزیر اعظم جناب نریندر مودی جی نے ہمیں دو عظیم وژن دیے ہیں — میری ٹائم انڈیا وژن 2030 اور میری ٹائم امرت کال وژن 2047۔ ان وژن دستاویزات نے ہماری حکمت عملی اور منصوبہ بندی کو تشکیل دیا ہے تاکہ اس شعبے کو مضبوط کیا جائے اور اسے وکست بھارت بنانے کی طرف ایک طاقتور قوت بنایا جائے۔"
کیرالہ اس سمندری بحالی کے ایک اہم محرک کے طور پر ابھرا ہے۔ 2024 سے فعال وژنجم بین الاقوامی بندرگاہ بھارت کا پہلا مکمل طور پر خودکار ٹرانس شپمنٹ مرکز ہے اور اس نے اب تک 10.6 لاکھ ٹی ای یوز اور تقریباً 500 جہازوں کو سنبھالا ہے۔ کوچین شپ یارڈ — جو آئی این ایس وکرانت کا بنانے والا ہے — جہاز سازی اور مرمت میں عالمی سطح پر اپنی موجودگی کو بڑھا رہا ہے۔
بھارت کی عالمی سمندری طاقت بننے کی خواہش میں کیرالہ کے کلیدی کردار پر بات کرتے ہوئے، جناب سربانند سونووال نے کہا کہ "کیرالہ 2047 تک سمندری سپر پاور بننے کے ہندوستان کے وژن کو تقویت دیتا ہے۔ کوچین بندرگاہ اور اس کا ولرپدم ٹرانس شپمنٹ ٹرمینل بڑھتی ہوئی کارگو آمدورفت کو ایڈجسٹ کرنے کے لیے مزید توسیع کے لیے تیار ہیں۔ ساگرمالا کے تحت، کیرالہ میں 24,000 کروڑ روپے کی لاگت سے 54 منصوبوں پر عمل درآمد ہو رہا ہے، جن میں سے 20 مکمل ہو چکے ہیں۔ ان میں کوچی، کنور، اور تھریسور میں جدید ماہی گیروں کی بندرگاہیں شامل ہیں، جو ہزاروں ماہی گیروں کو براہ راست فوائد فراہم کر رہی ہیں۔ یہ سب اور بہت کچھ ریاستی سمندری صلاحیت کو بروئے کار لانے اور سمندری برتری کے بڑے ہدف کو آگے بڑھانے کے مواقع کھولنے کے لیے ہے۔"
کوچی واٹر میٹرو — ایشیا کا سب سے بڑا مربوط واٹر ٹرانسپورٹ سسٹم — 78 الیکٹرک ہائبرڈ جہازوں کے ساتھ 10 جزیرہ نما کمیونٹیز کو جوڑ کر شہری رابطے کو انقلابی بنا رہا ہے۔ کیرالہ کی آبی گزرگاہیں بھی معاشی راہداریوں کے طور پر ترقی کر رہی ہیں۔ نیشنل واٹر وے 3 اور کوچی میں بین الاقوامی کروز ٹرمینل نے سیاحت اور لاجسٹکس کے مواقع کھول دیے ہیں، جہاں ٹرمینل نے صرف تین سالوں میں 105 کروز جہازوں اور 1.4 لاکھ مسافروں کا خیرمقدم کیا ہے۔
اکتوبر 2025 میں ممبئی میں منعقد ہونے والے ہندوستان میری ٹائم ہفتہ 2025 کے ساتھ، حکومت مضبوط بین الاقوامی شراکت داریوں اور نئی سرمایہ کاری کی آمد کی توقع کر رہی ہے۔ سونووال نے عالمی اسٹیک ہولڈرز سے ڈی کاربنائزیشن، سپلائی چین کی لچک، سائبر سیکیورٹی، اور پائیدار جہاز رانی جیسے مسائل پر غور و خوض کرنے کی اپیل کی۔
جناب سونووال نے کہا، "سمندری عظمت کا ایک نیا دور شروع ہو چکا ہے۔ کیرالہ کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ ہندوستان کا سمندری شعبہ روایت کو ٹیکنالوجی کے ساتھ، تاریخ کو جدیدیت کے ساتھ ملا کر، ہماری ترقی کو ایک سمندری سپر پاور اور 2047 تک وکست بھارت کے طور پر طاقت دے سکتا ہے۔"


************
ش ح ۔ م ع ۔ م ص
(U : 6108 )
(Release ID: 2167363)
Visitor Counter : 2