عملے، عوامی شکایات اور پنشن کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

ڈاکٹر جتندر سنگھ، وزیر مملکت (پی پی) کی صدارت میں نئی دہلی کے وگیان بھون میں10 ستمبر 2025 کو 14ویں پنشن عدالت کاانعقاد


طویل عرصے سے زیر التواء 894سُپر سینیئر اور فیملی پنشن شکایات کے ازالے کی کامیابیاں

فیملی پنشنرز کے لیے شکایات کے تیز تر حل اور وقار و مالی تحفظ کو یقینی بنانے کا عزم

Posted On: 11 SEP 2025 5:03PM by PIB Delhi

10 ستمبر 2025 کو نئی دہلی کے وگیان بھون میں 14ویں پنشن عدالت کا افتتاح کرتے ہوئے ڈاکٹر جتندر سنگھ نے اس پہل کو سراہا، جسے "ہول آف گورنمنٹ اپروچ" کہا جا سکتا ہے، کیونکہ اس کے تحت تمام متعلقہ محکموں کو ایک پلیٹ فارم پر لا کر شکایات کے تیز اور مؤثر ازالے کو ممکن بنایا گیا۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ اس اقدام نے نہ صرف شکایات کے ازالے کی رفتار بڑھائی ہے بلکہ حکومت کے اس عزم کو بھی مضبوط کیا ہے کہ پنشنرز کو معاشرے کے سرگرم شراکت دار سمجھا جاتا ہے۔

فیملی پنشن سے متعلق 894 شکایات، جو 21 وزارتوں/محکموں (وزارت دفاع، وزارت داخلہ، مالیات، ریلوے، ہاؤسنگ و شہری ترقیات، شہری ہوا بازی، خارجہ امور وغیرہ) سے وابستہ تھیں، عدالت میں پیش کی گئیں۔ ان میں سے 652 شکایات موقع پر ہی حل کر دی گئیں، جو اس پہل کی مؤثریت کو ظاہر کرتی ہیں کہ کس طرح پنشنرز کو بروقت انصاف فراہم کیا جا رہا ہے۔

10 ستمبر 2025 کو منعقدہ عدالت میں کئی دل کو چھو لینے والی کامیابی کی کہانیاں سامنے آئیں۔ ذیل میں چند مثالیں پیش کی جا رہی ہیں تاکہ ان مشکلات کو سمجھا جا سکے جو پنشنرز کو پیش آئیں اور کس طرح پنشن عدالت کے نظام نے انہیں ان کا طویل عرصے سے رکا ہوا حق دلایا۔

 محترمہ میولا دیوی

محترمہ میولا دیوی، اتر پردیش کے کلیان پور کی 65 سالہ بیوہ ہیں۔ ان کے شوہر، مرحوم شری بدری پرساد، فیلڈ گن فیکٹری، کانپور سے 31 مارچ 2017 کو ریٹائر ہوئے تھے۔ ان کی شکایت یہ تھی کہ 20 ستمبر 2020 کو ان کی وفات کے بعد سے اب تک گریجویٹی کی ادائیگی نہیں ہوئی تھی۔ عدالت میں وزارت دفاع کے او/او سی جی ڈی اے اور پی سی ڈی اے کی جانب سے بتایا گیا کہ یہ مسئلہ حل کر لیا گیا ہے اور انہیں 8.75 لاکھ روپے کی پنشن بقایا جات کی ادائیگی کر دی گئی ہے۔

محترمہ گر راجی دیوی

محترمہ گر راجی دیوی، 84 سالہ، اتر پردیش سے تعلق رکھتی ہیں۔ وہ مرحوم شری ہربیر سنگھ کی اہلیہ ہیں جو 30/09/1992 کو 523 جی آر ای ایف، آسام رنگاپورہ سے ریٹائر ہوئے تھے۔ ان کی شکایت یہ تھی کہ 80 سال کی عمر مکمل کرنے کے بعد انہیں اضافی پنشن کی ادائیگی نہیں کی گئی تھی، جو فروری 2021 سے زیر التواء تھی۔ اسٹیٹ بینک آف انڈیا، جہاں معاملہ رکا ہوا تھا، نے یقین دہانی کرائی کہ ان کا کیس حل ہو گیا ہے اور 1.38 لاکھ روپے کے بقایا جات جلد از جلد انہیں ادا کر دیے جائیں گے۔

جناب سوهن سنگھ

جناب سوهن سنگھ، راجستھان کے ایک سابق سپاہی ہیں جنہوں نے یکم جنوری 2006 سے 31 اگست 2023 تک کے غیر ادا شدہ بقایا جات کی ادائیگی کی درخواست کی تھی۔ عدالت میں وزارت دفاع کے او/او سی جی ڈی اے اور پی سی ڈی اے کی جانب سے بتایا گیا کہ ان کا کیس حل کر لیا گیا ہے۔ یہ بھی ذکر کیا گیا کہ ان کی پنشن بقایا جات کے ساتھ ساتھ 4.41 لاکھ روپے کے اضافی پنشن بقایا جات بھی پروسیس ہو چکے ہیں اور جلد ہی ان کے بینک کھاتے میں منتقل کر دیے جائیں گے۔

 محترمہ کٹارا سرلابین شکرابھائی

محترمہ کٹارا سرلابین شکرابھائی، گجرات کی غیر شادی شدہ بیٹی ہیں، جو 2022 سے اپنے والد کی فیملی پنشن کے اجرا کی منتظر تھیں۔ محکمہ ڈیری اینڈ اینیمل ہسبینڈری سے یہ تصدیق کی گئی کہ 16 مئی2022 سے 31 جولائی 2025 تک کے فیملی پنشن بقایا جات، جو 5,18,095 روپئے بنتے ہیں، محترمہ سرلابین کے حق میں منظور ہو گئے ہیں اور جلد ہی ان کے کھاتے میں منتقل کر دیے جائیں گے۔

 محترمہ سروجا

محترمہ سروجا، سپاہی ملیان کی بیوہ ہیں۔ ان کی شکایت یہ تھی کہ بینک کے نام میں تضاد کی وجہ سے ان کی پنشن کی ادائیگی میں چار ماہ سے زیادہ تاخیر ہوئی۔ عدالت میں وزارت دفاع کے او/او سی جی ڈی اے اور پی سی ڈی اے کی جانب سے بتایا گیا کہ تضادات درست کر دیے گئے ہیں اور 8,61,163 روپے کے پنشن بقایا جات ان کے کھاتے میں منتقل کر دیے گئے ہیں۔ ان کی ماہانہ فیملی پنشن بھی دوبارہ شروع کر دی گئی ہے۔

 محترمہ ہربیری دیوی

محترمہ ہربیری دیوی اپنے مرحوم شوہر کے "لائف ٹائم بقایا جات" (ایل ٹی اے) کی ادائیگی کی درخواست کر رہی تھیں جو یکم مارچ 2007 سے 14 فروری 2019 تک کی مدت کے لیے واجب الادا تھے، نیز 15 فروری 2019 سے 14 فروری 2024 تک کی مدت کے لیے فیملی پنشن (زیادہ شرح پر) کی ادائیگی بھی زیر التواء تھی۔ ان کے بینک نے ایک نان پیمنٹ سرٹیفکیٹ جاری کیا جس میں اس بات کی تصدیق کی گئی کہ کھاتے کی تفصیلات میں تضاد اور بعد میں اسپرش میں منتقلی کی وجہ سے یہ ادائیگیاں کبھی نہیں کی گئیں۔ عدالت میں وزارت دفاع کے او/او سی جی ڈی اے اور پی سی ڈی اے کی جانب سے بتایا گیا کہ کھاتے کے تضادات درست کر دیے گئے ہیں اور 7,24,308 روپئے کے بقایا جات کی ادائیگی ان کے بینک کھاتے میں پروسیس کر دی گئی ہے۔

 محترمہ جی چترا

محترمہ جی چترا، مرحوم آنریری نائب صوبیدار پی گنا سیکرن کی اہلیہ ہیں۔ ان کے شوہر کے پنشن بقایا جات طویل عرصے سے زیر التواء تھے۔ پچھلے چھ ماہ سے بار بار شکایات کے باوجود معاملہ حل نہیں ہوا تھا۔ عدالت میں وزارت دفاع کے او/او سی جی ڈی اے اور پی سی ڈی اے کی جانب سے بتایا گیا کہ لائف ٹائم بقایا جات اور فیملی پنشن، جو 7,45,067روپئے بنتے ہیں، پروسیس کر کے ان کے بینک کھاتے میں منتقل کیے جا رہے ہیں۔

*****

ش ح-ع و۔ ف ر

UR No-5902


(Release ID: 2165738) Visitor Counter : 2
Read this release in: English , Hindi