کامرس اور صنعت کی وزارتہ
azadi ka amrit mahotsav

تجارت اور صنعت کے مرکزی وزیر پیوش گوئل نے گلوبل میڈٹیک سمٹ میں صنعتوں پر زور دیا  کہ وہ ترقی کے لیے جرات مندانہ اہداف طے کریں اور حکومت کی تحقیق، ترقی اور اختراعی اسکیم کا فائدہ اٹھائیں


ہمیں اپنی سپلائی چین کو محفوظ بنانا ہے اور برآمدی بازاروں کے لیے تیاری کرنی ہے: جناب گوئل

توانائیاں، احتیاطی صحت کی دیکھ بھال اور مریضوں کی فلاح پر مرکوز کریں: جناب گوئل

Posted On: 29 AUG 2025 2:44PM by PIB Delhi

تجارت و صنعت  کےمرکزی وزیر جناب پیوش گوئل نے آج 17ویں سی آئی آئی گلوبل میڈ ٹیک سربراہ اجلاس سے خطاب کیا۔ اس موقع پر انہوں نے صنعت سے اپیل کی کہ ترقی کے لیے جرأت مندانہ اہداف طے کریں اور ایک درخشاں بھارت کی توقعات پوری کرنے کے لیے حکومت کے تحقیق، ترقی اور اختراع کے منصوبے سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔انہوں نے بھارتی میڈ ٹیک صنعت کی بالخصوص کووڈ-19 وبا کے دوران ترقی اور لچک کی تعریف کی اور صحت کی دیکھ بھال میں بھارت کو خود کفیل بنانے میں اس شعبے کے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بھارت کو دنیا میں سستی اور معیاری طبی آلات فراہم کرنے کے شعبے میں قائدانہ کردار ادا کرنا چاہیے۔

جناب گوئل نے کہا کہ میڈ ٹیک صنعت کو درآمدی مصنوعات کی منڈی بننے کے بجائے پیداوار اور اختراع کا عالمی مرکز بننا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی سپلائی چینز کو محفوظ بنا کر برآمدی منڈیاں تیار کرنی ہوں گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اندرونِ ملک اور بین الاقوامی مارکیٹ کے لیے سستی اور اعلیٰ معیار کی طبی مصنوعات تیار کرنے کے لیے تحقیق اور ترقی پر خصوصی توجہ دینا ضروری ہے۔

اپنے خطاب میں وزیر موصوف پیوش گوئل نے کہا کہ یورپی یونین، ماریشس، عمان، متحدہ عرب امارات، پیرو اور چلی کے ساتھ جامع آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) کے مذاکرات آخری مرحلے میں ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ امریکہ کے ساتھ دو طرفہ تجارتی معاہدے پر بھی بات چیت جاری ہے۔ وزیرموصوف نے اس بات پر زور دیا کہ یہ تمام معاہدے نئے مواقع، نئی منڈیاں، نئی سرمایہ کاری اور ساتھ ہی پیمانے، معیار اور اختراع کو فروغ دیں گے۔

وزیرموصوف نے حکومت کے اس وژن کو حمایت دینے کے عزم کی وضاحت کرتے ہوئے پیداوار سے منسلک ترغیبی اسکیم(پی ایل آئی) اسکیم جیسے مختلف اقدامات کا ذکر کیا۔  جناب گوئل نے کہا کہ پی ایل آئی اسکیم اعلیٰ قدر کے طبی آلات کی ملکی پیداوار کو فروغ دینے اور درآمدات پر انحصار کم کرنے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔اپنے خطاب میں مرکزی وزیر جناب گوئل نے کہا کہ حکومت میڈ ٹیک کمپنیوں کے لیے زیادہ کاروبار دوست ماحول فراہم کرنے کے مقصد سے انضباطی عمل کو زیادہ مربوط بنانے پر سرگرمی سے کام کر رہی ہےتاکہ محفوظ اور معیاری مصنوعات کے لیے تیز تر منظوری کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے اس جانب توجہ دلائی کہ میڈ ٹیک شعبے میں تحقیق و ترقی کو آگے بڑھانے کے لیے صنعت، ماہرینِ تعلیم اور تحقیقی اداروں کے درمیان مزید تعاون پیدا کیا جانا چاہیے اور اس کے لیے سرکاری فنڈز کی دستیابی میں اضافہ ہونا چاہیے۔

وزیرموصوف  نے زور دیتے ہوئے کہا کہ بھارت میں اگلی نسل کے طبی آلات تیار کرنے کے لیے صنعت کو گھریلوپیداوار اور تحقیق و ترقی میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کرنی ہوگی۔ ساتھ ہی اس شعبے کی ترقیاتی منصوبہ بندیوں کو تقویت دینے کے لیے مہارت یافتہ افرادی قوت تیار کرنے پر بھی توجہ دینی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس شعبے کو احتیاطی صحت کی دیکھ بھال اور مریضوں کی فلاح و بہبود پر بھی اپنی توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔

جناب گوئل نے کم قیمت اور اعلیٰ معیار کے بنیادی پیغام کو دہراتے ہوئے کہا کہ میڈ ٹیک اختراع سماج کے ہر طبقے کے لیے قابلِ رسائی ہونی چاہیے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت بھارت اور دنیا کے لیے اعلیٰ معیار اور سستی صحت کی دیکھ بھال کے حل فراہم کرنے میں میڈ ٹیک شعبے کے سفر کو مکمل تعاون فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

’ایک صحت مند مستقبل کے لیے اختراع – عالمی اثرات کی جانب میڈ ٹیک کی پیش رفت‘ کے مرکزی موضوع پر ہونے والی 17ویں سی آئی آئی گلوبل میڈ ٹیک سمٹ میں پالیسی سازوں، موجدین، صنعت کے قائدین، محققین اور معالجین نے شرکت کی۔ اس تقریب نے بھارت کی خواہشات اور دنیا کی میڈ ٹیک شعبے سے توقعات پر تبادلہ خیال کرنے کا پلیٹ فارم فراہم کیا۔ اس خصوصی اجلاس کا موضوع تھا ‘‘میڈ ان انڈیا، میڈ فار دی ورلڈ’’، جس نے اس مشترکہ مشن کو اجاگر کیا کہ بھارتی میڈ ٹیک کو اعتماد، اختراع اور عالمی معیار کے مترادف بنایا جائے۔

******

ش ح – ع ح۔ م ش

UR No. 5519


(Release ID: 2162608) Visitor Counter : 2
Read this release in: English , Marathi , Hindi , Tamil