عملے، عوامی شکایات اور پنشن کی وزارت
خدمات میں آج شامل ہونے والے نوجوان سول سرونٹس ہی بھارت کے ویژن 2047 کے معمار، ایل بی ایس این اے اے سے ڈاکٹر جتیندر سنگھ کا خطاب
اکیڈمی میں ون ڈسٹرکٹ ون پروڈکٹ نمائشی ہال کا قیام، تربیتی افسران کے لیے اضلاع کی انٹرپرائز نمائش کا مرکز ہوگا
فرض سب سے مقدم: وزیر نے50 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے ’کرتویہ شِلا‘ آڈیٹوریم قوم کے نام وقف کیا
سول سرونٹس کو چاہیے کہ وہ طرزِ حکمرانی کو زمینی سطح کے انٹرپرائز سے جوڑیں، ڈاکٹر جتیندر سنگھ
Posted On:
31 AUG 2025 7:42PM by PIB Delhi
مسوری، 31 اگست:
مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) برائے سائنس و ٹیکنالوجی، ارضیاتی سائنس اور وزیر مملکت برائے وزیر اعظم کا دفتر، محکمہ ایٹمی توانائی، محکمہ خلائی سائنسز، عملہ، عوامی شکایات اور پنشن، ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے آج اکیڈمی کے نئے800نشستوں پر مشتمل آڈیٹوریم ’’کرتویہ شِلا‘‘ کا افتتاح کیا جو 50 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے۔
وزیر نے اسے ’’خیالات، مباحثوں اور تحریک کا کُورہ‘‘ قرار دیا، جو تمام خدمات کے افسران کے درمیان اجتماعی تدریس اور بھائی چارے کے جذبے کو پروان چڑھانے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
لال بہادر شاستری نیشنل اکیڈمی آف ایڈمنسٹریشن (ایل بی ایس این اے اے) میں 2025 بیچ کے نئے سول سروس افسران کے لیے منعقدہ 100ویں فاؤنڈیشن کورس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے تربیتی افسران کو یاد دلایا کہ وہ ’’بھارت 2047‘‘ کے معمار ہیں اور آئین کے نگہبان کے طور پر ان کا کردار ایک ترقی یافتہ اور عوامی مرکزیت رکھنے والے ملک کی تعمیر میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔
وزیر نے کہا کہ آج خدمات میں آنے والے یہ نوجوان سول سرونٹس اس بات کے امین ہیں کہ بھارت آزادی کی صد سالہ تقریبات کے موقع پر اپنی ترقی کے سفر کو نئی بلندیوں تک لے جائے گا۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے 2025 بیچ کو سول سروسز امتحان میں کامیابی پر مبارکباد دی اور کہا کہ فاؤنڈیشن کورس صرف علمی تربیت نہیں ہے: ’’یہ کورس آپ کی زندگی کا وہ مرحلہ ہے جہاں آپ تعلیمی ماحول سے نکل کر عوامی خدمت کے منظم دائرے میں قدم رکھتے ہیں، تاکہ آپ حکمرانی کی عظیم ذمہ داری سنبھالنے کے لیے تیار ہو سکیں۔‘‘
وزیر موصوف نے اس بیچ کی تنوع پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس میں 19 سول سروسز کے افسر تربیت حاصل کر رہے ہیں، جن میں آل انڈیا سروسز، سنٹرل سروسز اور روائل بھوٹان سول سروس بھی شامل ہیں۔ یہ ہندوستانی نظامِ حکمرانی کی شمولیت کی عکاسی کرتا ہے۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ایک بار پھر ’’کرتویہ شِلا‘‘ آڈیٹوریم کو خیالات، مباحثوں اور تحریک کا مرکز قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ نیا ادارہ آنے والے برسوں میں تمام خدمات کے افسران کے لیے اجتماعی تربیت اور جذبۂ خدمت کا سنگِ میل ثابت ہوگا۔
انہوں نے اکیڈمی میں قائم ہونے والے نئے ون ڈسٹرکٹ ون پروڈکٹ (او ڈی او پی) نمائشی ہال اور سہولیاتی مرکز کی جانب بھی توجہ دلائی، جس کا مقصد مقامی صنعت و ہنر کو اجاگر کرنا اور اسے قومی منڈیوں سے جوڑنا ہے۔ وزیر کے مطابق یہ اقدام تربیتی افسران کو شمولیتی ترقی میں زمینی سطح کے روزگار کے مواقع کی اہمیت کو سمجھنے میں مدد دے گا۔
تربیتی جدتوں پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیر نے ہمالیائی اسٹڈی ٹور، سینٹرل آرمڈ پولیس فورسز کے ساتھ منسلک پروگراموں، دیہی تجربات اور آرمبھ 7.0 پروگرام (اکتا نگر، گجرات) کا حوالہ دیا، جہاں تربیتی افسران وزیر اعظم اور دیگر معزز شخصیات سے براہِ راست تبادلۂ خیال کریں گے۔ ان تجربات کے ذریعے انہوں نے کہا کہ افسران میں پیشہ ورانہ صلاحیت کے ساتھ ساتھ استقامت، ہمدردی اور ٹیم ورک کے اوصاف پروان چڑھیں گے۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے سول سروس کی صلاحیت بڑھانے کے لیے حکومت کی اصلاحات کو بھی دوہرایا اور مشن کرم یوگی کا حوالہ دیا جو افسران کو تیزی سے بدلتے ہوئے نظامِ حکمرانی میں مسلسل سیکھنے کے جدید آلات سے لیس کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا: ’’جیسے جیسے ذمہ داریاں بدلتی ہیں، آپ کو لچکدار رہنا ہوگا اور عاجزی، ایمانداری اور اخلاقی جرأت کو ہمیشہ مقدم رکھنا ہوگا۔‘‘
وزیر نے اکیڈمی میں 2024 بیچ کے ویژن اسٹیٹمنٹس کو ٹائم کیپسول میں محفوظ کرنے کے عمل کی بھی نگرانی کی، یہ روایت وزیر اعظم کی تجویز پر شروع کی گئی تھی۔ یہ کیپسول 2047 میں کھولا جائے گا، جب یہ افسران واپس آ کر اپنی قومی خدمات اور سفر پر غور کریں گے۔
چیلنجز کا اعتراف کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ نوجوان افسران کو اپنے آئینی فرائض، سیاسی حقیقتوں اور عوامی توقعات کے درمیان وقار کے ساتھ توازن قائم کرنا ہوگا۔ انہوں نے افسران کو وِکست بھارت 2047 کی تعمیر میں اپنے کردار کو پوری سنجیدگی سے نبھانے کی تلقین کرتے ہوئے کہا: ’’آپ نے اپنے پیدا ہونے کے وقت کا انتخاب نہیں کیا، لیکن آپ کو یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ اسے قدرتی عنایت سمجھ کر قبول کیجیے۔‘‘
*****
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno- 5506
(Release ID: 2162523)
Visitor Counter : 2