نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کی وزارت
کھیلوں کے مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ نے کھیلو انڈیا واٹر اسپورٹس فیسٹیول 2025 کا افتتاح کیا
نوجوانوں کے امور اور کھیلوں کی وزیر مملکت رکشا نکھل کھڈسے نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی، میزبان جموں و کشمیر نے پہلے دن سونے کا تمغہ حاصل کیا
Posted On:
21 AUG 2025 9:20PM by PIB Delhi
نوجوانوں کے امور،کھیل کود اور محنت و روزگار، ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ نے جمعرات کو ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے کھیلو انڈیا واٹر اسپورٹس فیسٹیول(کے آئی ڈبلیو ایس ایف) کا افتتاح کیا۔ کے آئی ڈبلیو ایس ایف کے پہلے ایڈیشن کا آغاز شاندار انداز میں ہوا، جب مقامی شکارا والا محسن علی نے پہلا سونے کا تمغہ حاصل کیا۔
اس تین روزہ تقریب میں، جو 23 اگست کو اختتام پذیر ہوگا، 28 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے 500 سے زیادہ کھلاڑی پانچ مقابلوں میں شرکت کریں گے۔ جبکہ روئنگ، کینوئنگ اور کائیکنگ میں 24 تمغے دیے جائیں گے، شکارا اسپرنٹس، ڈریگن بوٹ ریس اور واٹر اسکیئنگ نمائشی تقریبات منعقد ہوں گی۔
کے آئی ڈبلیو ایس ایف کی افتتاحی تقریب میں نوجوانوں کے امور اور کھیلوں کی وزیر مملکت، محترمہ رکشا نکھل کھڈسے نے شرکت کی۔ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر، جناب منوج سنہا مہمانِ خصوصی تھے جبکہ وزیر اعلیٰ جناب عمر عبداللہ اعزازی مہمان کے طور پر موجود تھے۔ اس تقریب میں جموں و کشمیر کے وزیر کھیل جناب ستیش شرما بھی موجود تھے۔
ڈل جھیل کے کنارے ہونے والی افتتاحی تقریب ایک دلکش منظر پیش کر رہی تھی۔ لوک فنکاروں اور مقامی فنکاروں نے مقامی رنگ بھرے، جبکہ کھلاڑی، کوچ اور رضا کار شیر کشمیر انٹرنیشنل کنووکیشن سینٹر میں کھیلو انڈیا واٹر اسپورٹس فیسٹیول 2025 کے آغاز کے موقع پر صف بستہ تھے۔ کھیلو انڈیا کیلنڈر میں اضافے کے طور پر، کے آئی ڈبلیو ایس ایف مئی میں دیو میں منعقدہ کھیلو انڈیا بیچ گیمز کے بعد دوسرا اضافہ ہے۔
ڈاکٹر مانڈویہ نے کہا،’’آج، جب کھلاڑی جوش اور ولولے کے ساتھ کشمیر کی ڈل جھیل میں قدم رکھیں گے تاکہ تاریخ رقم کریں، تو یہ منظر نہ صرف تمام کھیلوں کے شائقین کو مسرور کرے گا، بلکہ دنیا کے سامنے ایک بھارت شریشٹھ بھارت کی ایک طاقتور تصویر بھی پیش کرے گا۔‘‘انہوں نے مزید کہا،’’میں کھیلو انڈیا واٹر اسپورٹس فیسٹیول میں حصہ لینے والے تمام نوجوان کھلاڑیوں کو نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔ میری خواہش ہے کہ آپ کھیلوں کےاسی جذبےکے ساتھ ہمارے ملک کی شان کو بلند کرتے رہیں۔ ان الفاظ کے ساتھ، میں کھیلو انڈیا واٹر اسپورٹس فیسٹیول کےآغاز کا اعلان کرتا ہوں۔‘‘
ڈاکٹر مانڈویہ نے کہا، ’’2014 سے، جب وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی کامیاب حکومت برسر اقتدار آئی،تو ہم نے بھارت کو ایک عالمی اسپورٹس پاور ہاؤس بنانے کے وژن کے ساتھ کام کرنا شروع کیا۔ کھیلو انڈیا گیمز کے تحت، ہم نے ملک بھر میں مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد کرنے شروع کیے۔ ہمیں جموں و کشمیر میں کھیلو انڈیا واٹر گیمز متعارف کرانے پر فخر ہے۔‘‘
انہوں نے کہا،’’کھیلو بھارت نیتی (کھیلوں سے متعلق قومی پالیسی) کے ذریعے، ہم کھیلوں کو ملک کی ثقافت بنانے کے خواہاں ہیں۔ ہر گھر کھیل، گھر گھر کھیل کے ہدف کے ساتھ، ہماری حکومت گزشتہ 11 برسوں سے مسلسل اس سمت میں کام کر رہی ہے۔‘‘
ڈاکٹر مانڈویہ نے مزید کہا،’’گزشتہ ہفتے کی ہی بات ہے، قومی اسپورٹس گورننس بل 2025 کوپارلیمنٹ میں منظوری دی گئی۔ اس کے ذریعے، ہم نے نہ صرف کھیلوں بلکہ کھیلوں کے نظم و نسق میں بھی تاریخی اصلاحات کی سمت قدم بڑھایا ہے۔‘‘
محترمہ کھڈسے نے کہا،’’واٹر اسپورٹس بہت پرکشش ہیں اور جب یہ قدرتی خوبصورتی کے تناظر میں ہوتے ہیں، تو یہ اور بھی زیادہ خوش کن بن جاتے ہیں۔ یہ کھیل نوجوانوں کو کسی اسپورٹس سرگرمی سے جڑنے کا ایک شاندار موقع فراہم کرتے ہیں۔ بھارت میں ہمارے پاس بے شمار آبی وسائل اور قدرتی علاقے ہیں جہاں ایڈونچر اسپورٹس منعقد کیے جا سکتے ہیں۔ یہ وزیر اعظم مودی کا خواب ہے کہ ملک میں کھیلوں کی ثقافت کو فروغ دیا جائے اور میں سمجھتی ہوں کہ یہ گیمز اور ونٹر گیمز اس خواب کو حقیقت بنانے کے لیے شاندار مواقع فراہم کرتے ہیں۔‘‘
میزبان جموں و کشمیر کے لیے، یہ کھیلوں کا شاندار آغاز تھا۔ محسن علی، جو 17 سال کے ہیں اور ڈل جھیل میں شکارا چلاتے ہیں، نے کے آئی ڈبلیو ایس ایف 2025 میں مردوں کی سنگل کائیکنگ ریس میں پہلا سونے کا تمغہ جیتا۔ علی نے 1000 میٹر کی ریس 4:12.41 سیکنڈ میں مکمل کی اور قومی سطح پر اپنا پہلا طلائی تمغہ جیتا۔ اڈیشہ کے ناؤرام جیمز سنگھ (4:14.68) نے چاندی کا اور مدھیہ پردیش کے مینک (4:23.28) نے کانسے کا تمغہ جیتا۔
کینوئنگ اور کائیکنگ کے مقابلے میں مزید دو سونے کے تمغوں کا فیصلہ کیا گیا۔ اتر پردیش کے وِشال کمار نے کینو سنگلز میں سونے کا تمغہ جیتا۔ 1000 میٹر کی دوڑ کے لیے، وِشال نے 4:30.59 سیکنڈ کا وقت لیا۔ مدھیہ پردیش کے کرشنا جٹ (4:31.36) نے چاندی کا، جبکہ جموں و کشمیر کے محمد حسین نے 4:32.83 سیکنڈ کے ساتھ کانسے کا تمغہ جیتا۔
وِشال نے کہا،’’اتر پردیش اور جموں و کشمیر میں واٹر اسپورٹس ایونٹس میں حصہ لینے کے درمیان کافی فرق ہے کیونکہ سطح سمندر سے اونچائی مختلف ہےاور میدانی علاقوں سے آنے والوں کو سانس لینے میں دقت ہوتی ہے۔ لیکن میں اس پر قابو پانے میں کامیاب رہا اور سونے کا تمغہ جیتا۔‘‘
خواتین کے دن کے واحد فائنل میں، اڈیشہ کی رسمیتا ساہو نے 200 میٹر کینو سنگلز ایونٹ میں 53.53 سیکنڈ کے وقت کے ساتھ سونے کا تمغہ جیتا۔ کیرالہ کی نکشترا سنتوش (53.83) اور مدھیہ پردیش کی ماسوما یادو (54.26) نے بالترتیب چاندی اور کانسے کا تمغہ جیتا۔
کے آئی ڈبلیو ایس ایف 2025 کی مزید تفصیلات www.water.kheloindia.gov.in پر دستیاب ہیں۔
تمغوں کی فہرست کے لیےدیکھیں: https://water.kheloindia.gov.in/medal-tally
کھیلو انڈیا واٹر اسپورٹس فیسٹیول کے بارے میں:
کھیلو انڈیا واٹر اسپورٹس فیسٹیول کھیلو انڈیا کیلنڈر میں ایک نیا اضافہ ہے۔ 21 سے 23 اگست کے درمیان سری نگر، جموں و کشمیر کی مشہور ڈل جھیل میں منعقد ہونے والا، کے آئی ڈبلیو ایس ایف چھ کھیلوں جیسے روئنگ، کینوئنگ، کائیکنگ، واٹر اسکیئنگ، شکارا ریس اور ڈریگن بوٹ ریس کی میزبانی کرے گا۔ 36 ریاستیں اور مرکز کے زیر انتظام علاقے پہلی بار منعقد ہونے والے ان کھیلوں میں حصہ لیں گے، جو اوپن ایج کیٹیگری کا ایونٹ ہے۔ یہ واٹر اسپورٹس کارنیول جموں و کشمیر میں منعقدہ کھیلو انڈیا ونٹر گیمز کے بعد دوسرا کھیلو انڈیا ایونٹ ہوگا۔ 2017-18 میں شروع کیا گیا کھیلو انڈیا ایونٹ ایک مشن ہے جس کا مقصد کھیلوں کی ثقافت کو زمینی سطح پر فروغ دینا، منظم مہارت کی شناخت، منظم کھیلوں کے مقابلے اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی ہے۔
****
ش ح۔ک ح۔ ع ر
U. No. 5170
(Release ID: 2159721)