نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کی وزارت
ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ نے شہریوں سے کھیلوں کے قومی دن 2025 کے موقع پر فٹنس کے لیے ایک گھنٹہ وقف کرنے کی اپیل کی
ہاکی کے مایہ ناز کھلاڑی میجر دھیان چند کے اعزاز میں فٹ انڈیا مشن بھارتی کھیل ماحول کے ساتھ (29 تا 31 اگست)تین روزہ آل انڈیا اسپورٹس موومنٹ کی قیادت کرے گا
Posted On:
21 AUG 2025 8:31PM by PIB Delhi
نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کے عزت مآب وزیر ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ نے جمعرات کے روز پورے ملک کے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کھیلوں کے قومی دن 2025 کے موقع پر فٹنس اور کھیلوں کے لیے ایک گھنٹہ وقف کریں۔ کھیلوں کا قومی دن ہر سال 29 اگست کو ہاکی کے لیجنڈ میجر دھیان چند یوم پیدائش کی مناسبت سے منایا جاتا ہے۔
اس سال، یہ تقریب بھارتی کھیلوں کے ماحولیاتی نظام کے اشتراک سے فٹ انڈیا مشن کے زیرِ اہتمام 29 سے 31 اگست تک تین روزہ آل انڈیا اسپورٹس موومنٹ کے طور پر منائی جائے گی۔
سال 2036 میں اولمپک اور پیرا اولمپک کھیلوں کی میزبانی کے بھارت کے وژن کے مطابق، ان تقریبات کا مقصد کھیلوں اور فٹنس سرگرمیوں میں بڑے پیمانے پر شرکت کو فروغ دینا اور دنیا کو یہ دکھانا ہے کہ بھارت میں کھیل تیزی سے ایک قومی سطح کی عوامی تحریک بن چکے ہیں۔ تحصیلوں اور اضلاع سے لے کر اسکولوں، یونیورسٹیوں، دفاتر اور رہائشی کمیونٹیز تک، ملک بھر کے شہری کھیلوں کی اس اجتماعی تقریب میں شامل ہوں گے اور اولمپک اقدار — دوستی، احترام اور عمدگی — اور پیرا اولمپک اقدار — عزم، ہمت، تحریک اور مساوات — کو اپنائیں گے۔
ڈاکٹر منڈویہ نے تین روزہ تقریبات کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 29 اگست کو میجر دھیان چند کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے قومی سطح پر اجتماعات اور یادگاری تقریبات منعقد کی جائیں گی۔
انہوں نے جمعرات کو کہا،’’کھیلوں کا قومی دن ہمارے ہاکی کے عظیم کھلاڑی میجر دھیان چند جی کے اعزاز میں منایا جاتا ہے۔ اس بار ہم 29 سے 31 اگست تک تین روزہ قومی کھیل دن تقاریب کا انعقاد کر رہے ہیں۔ میں تمام شہریوں سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ ’ایک گھنٹہ کھیل کے میدان میں‘ وقف کریں۔ جو کھیلتے ہیں ، وہ کھلتے ہیں— یہ ہمارے عزت مآب وزیر اعظم نریندر مودی جی کا قول ہے۔ صحت مند شہری ہی ایک خوشحال قوم کی بنیاد رکھ سکتے ہیں۔ اس لیے میں ملک بھر کے شہریوں، طلباء، ملازمین اور اداروں سے ایک بار پھر اپیل کرتا ہوں کہ وہ کھیل کے میدانوں کا رُخ کریں اور ایک صحت مند قوم کے لیے کھیلوں اور جسمانی سرگرمیوں کے لیے ایک گھنٹہ وقف کریں۔‘‘
انہوں نے مزید کہا،’’ہم نے قومی کھیل دن کو اولمپک اور پیرا اولمپک تحریک سے جوڑ دیا ہے، جہاں ملک کے تمام شہری ان عالمی اقدار کے ساتھ کھیلوں اور فٹنس سرگرمیوں میں جوش و خروش سے حصہ لیتے ہیں اور انہیں اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بناتے ہیں۔‘‘
اولمپک میں سونے کا تمغہ حاصل کرنے والے بھارت کے پہلے کھلاڑی ابھینو بندرا اور فٹبال کے مایہ ناز کھلاڑی سنیل چھیتری بھی سوشل میڈیا پر تمام عمر اور طبقات کے لوگوں سے صحت اور فٹنس کے اس جشن میں شامل ہونے کی اپیل کی ہے۔
ہر ضلع کے بڑے اسٹیڈیموں میں تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا جس میں پارلیمانی ارکان شرکت کریں گےجبکہ ملک کے ممتاز کھلاڑی مقامی پروگراموں میں شامل ہو کر شرکاء کو کھیلوں کو طرزِ زندگی کے طور پر اپنانے کے لیے ترغیب اور حوصلہ دیں گے۔
یہ تقریبات 30 اگست کو ملک بھر میں فٹ انڈیا کارنیول طرز کے پروگراموں کے انعقاد کے ساتھ جاری رہیں گی۔ ایک فعال طرزِ زندگی کے لیے بیداری اور جوش بڑھانے کے مقصد سے، ملک بھر میں کھیل اور فٹنس پر مبنی مباحثے، پینل گفتگو، تقاریر اور مقابلوں کی ایک سلسلہ وار سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی۔
مؤرخہ31 اگست کو، ملک بھر کے شہری قومی کھیل تحریک کے تھیم کے تحت فٹ انڈیا ’’سنڈے آن سائیکل‘‘ میں بھرپور حصہ لیں گے، جس کا مقصد عوام کو سائیکلنگ کو ایک باقاعدہ فٹنس سرگرمی کے طور پر اپنانے اور اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنانے کی ترغیب دینا ہے۔ اس کے ساتھ ہی، فٹ انڈیا ایپ ایک کاربن سیونگ انسینٹوائزیشن فیچر متعارف کرائے گی، جو ماحول دوست عادات کو فروغ دے گا اور شہریوں کو صحت مند اور پائیدار طرزِ زندگی اپنانے کے لیے حوصلہ افزائی کرے گا۔
کھیلو بھارت نیتی 2025 اور قومی اسپورٹس گورننس ایکٹ 2025 کے ذریعے، نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کی وزارت اس بات کو یقینی بنانے کے لیے تیاری کر رہی ہے کہ بھارت 2047 تک نہ صرف ایک ترقی یافتہ قوم بلکہ ایک عالمی اسپورٹس سپر پاور بھی بن جائے۔
کھیلوں کا قومی دن 2025، ایک صحت مند، فعال اور بین الاقوامی سطح پر مقابلہ کرنے والی کھیلوں کی قوم بنانے کی سمت میں ایک اور فیصلہ کن قدم ہوگا، جو وکست بھارت کے مقصد کو حاصل کرنے کی جانب پیش رفت کی علامت ہوگا۔
****
ش ح۔ک ح۔ ع ر
U. No. 5169
(Release ID: 2159720)