وزارت دفاع
بھارتی بحری جہاز سری لنکا میں سری لنکا-بھارت بحری مشق کے لیے موجود
Posted On:
15 AUG 2025 6:28PM by PIB Delhi
بھارتی بحری جہاز آئی این ایس رانا (گائیڈڈ میزائل شکن) اور آئی این ایس جیوتی (فلیٹ ٹینکر) 14 تا 18 اگست 2025 کو منعقد ہونے والی سری لنکا-بھارت بحری مشق (ایس ایل آئی این ای ایکس-25) کے 12ویں ایڈیشن میں شرکت کے لیے کولمبو پہنچ گئے ہیں۔ 2005 میں شروع کی گئی یہ دو طرفہ بحری مشق گزشتہ دو دہائیوں سے دونوں ممالک کے درمیان سمندری تعاون کو مضبوط بنا رہی ہے۔ ایس ایل آئی این ای ایکس کا مقصد مشترکہ طور پر کثیر الجہتی بحری کارروائیاں انجام دیتے ہوئے باہمی عملی مطابقت، سمندری تعاون اور بہترین طریقہ کار کا تبادلہ بڑھانا ہے۔ اس سے قبل ایس ایل آئی این ای ایکس کا انعقاد 17 تا 20 دسمبر 2024 کو وشاکھاپٹنم، بھارت میں ہوا تھا۔
یہ مشق دو مراحل میں ہوگی- پہلا بندرگاہی مرحلہ کولمبو میں 14 سے 16 اگست تک اور اس کے بعد سمندری مرحلہ 17 اور 18 اگست کو ہوگا۔ سری لنکائی بحریہ کی نمائندگی ایس ایل این ایس گجاباہو اور وجیاباہو (دونوں ایڈوانس آف شور پیٹرول ویسلز) کریں گے، جبکہ دونوں ممالک کی اسپیشل فورسز بھی اس مشق میں شامل ہوں گی۔
بندرگاہی مرحلے کے دوران پیشہ ورانہ اجلاس، سبجیکٹ میٹر ایکسپرٹ ایکسچینج (ایس ایم ای ای)، بہترین عملی تجربات کا تبادلہ، ثقافتی و سماجی پروگرام، یوگا سیشنز اور کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوں گے، جو دونوں بحری افواج کے درمیان دوستی اور باہمی اعتماد کو مزید مضبوط کریں گے۔ سمندری مرحلے میں منصوبہ بند مشقوں میں فائرنگ مشقیں، مواصلاتی پروٹوکولز، نیویگیشن، سمندری مہارتوں کی مشقیں، وزٹ، بورڈ، سرچ اینڈ سیزر (وی بی ایس ایس) اور سمندر میں ایندھن بھرنے کی کارروائیاں شامل ہوں گی۔
ایس ایل آئی این ای ایکس بحری مشق بھارت اور سری لنکا کے درمیان گہرے تعلقات کی عکاس ہے، جس نے سمندری شعبے میں تعاون کو بھارت کی ’’مَہاساگر‘‘ پالیسی—یعنی ’’علاقائی سلامتی اور ترقی کے لیے باہمی اور جامع پیش رفت‘‘ کے مطابق مزید مستحکم کیا ہے۔
*****
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno- 4770
(Release ID: 2156972)