ایٹمی توانائی کا محکمہ
وزیرِ توانائی جناب منوہر لال کھٹّر اور وزیرِ مملکت برائے ایٹمی توانائی ڈاکٹر جتندر سنگھ کی مشترکہ صدارت میں 100 گیگاواٹ نیوکلیئر انرجی مشن پر اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد
یہ اجلاس وزیر اعظم نریندر مودی کے بھارت کے صاف توانائی کے ذخیرے میں اضافے اور ‘‘نیٹ زیرو’’ کے ہدف کے لیے کیے گئے پُرعزم اعلان کے تسلسل میں منعقد کیا گیا
اس موقع پر ڈاکٹر جتندر سنگھ نے حکومت کے اس تاریخی اقدام کو اجاگر کیا جس کے تحت نیوکلیئر توانائی کے شعبے کو نجی شعبے کے لیے کھولا جا رہا ہے، تاکہ بھارت کی توانائی کی سلامتی کو مؤثر اور پائیدار انداز میں مزید مضبوط کیا جا سکے
Posted On:
08 AUG 2025 4:17PM by PIB Delhi
وزیرِ توانائی جناب منوہر لال کھٹّر اور وزیرِ مملکت برائے ایٹمی توانائی ڈاکٹر جتندر سنگھ نے آج نئی دہلی میں پارلیمنٹ ہاؤس میں 100 گیگاواٹ نیوکلیئر انرجی مشن پر تبادلۂ خیال کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔
یہ اجلاس وزیر اعظم نریندر مودی کے اُس پُرعزم ہدف کے تسلسل میں منعقد کیا گیا ہے، جس کا مقصد بھارت کے صاف توانائی کے ذخیرے کو وسعت دینا اور‘‘نیٹ زیرو’’ اخراج کے ہدف کے حصول کے لیے ملک کے عزم کی تجدید کرنا ہے۔
اجلاس کے دوران بھارت کی موجودہ 8.8 گیگاواٹ نیوکلیئر توانائی کی صلاحیت کو بڑھا کر 2032 تک 22 گیگاواٹ تک لے جانے کے روڈ میپ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس ہدف کے حصول کے لیے مختلف جاری اور آئندہ منصوبوں کے ذریعے 14 گیگاواٹ اضافی صلاحیت شامل کی جائے گی۔
وزیر مملکت (آزادانہ چارج) برائے سائنس و ٹیکنالوجی، ارضیات، وزیراعظم کے دفتر، عملہ، عوامی شکایات، پنشنز، ایٹمی توانائی اور خلائی امور، ڈاکٹر جتندر سنگھ نے حکومت کے اس تاریخی اقدام کو اجاگر کیا جس کے تحت نیوکلیئر شعبے کو نجی شعبے کے لیے کھولا گیا ہے، جس کا مقصد بھارت کی توانائی کی سلامتی کو مضبوط بنانا ہے۔انہوں نے بھارت اسمال ماڈیولر ری ایکٹر (ایس ایم آر) پروگرام کے لیے صنعتوں کی جانب سے زبردست اور پرجوش ردعمل کا بھی ذکر کیا، جس کے پیشِ نظر درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ کو 30 ستمبر 2025 تک بڑھا دیا گیا ہے تاکہ وسیع تر شرکت کو فروغ دیا جا سکے۔اپریل میں منعقدہ چوتھے مشاورتی کمیٹی کے اجلاس کے نتائج کے بروقت نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے تیز رفتاری سے آگے بڑھایا جا رہا ہے۔
وزیرِ توانائی جناب منوہر لال کھٹّر اور ڈاکٹر جتندر سنگھ نے ترقی کی رفتار کو تیز کرنے کے لیے کئی اہم ہدایات کا اعلان کیا، جن میں ضابطہ جاتی منظوریوں کو آسان بنانا، دستاویزات کو معیاری بنانا، پراسیسنگ کے اوقات کو بہتر بنانا، عمومی تجاویز پر زور دینا، لائسنسز کو ہم آہنگ کرنا، اور تکنیکی اپ گریڈیشن اور صلاحیت سازی میں سرمایہ کاری شامل ہیں۔
ڈاکٹر جتندر سنگھ نے مزید زور دیا کہ حکومت نجی شعبے کے کھلاڑیوں کی معاونت اور آگاہی بڑھانے کے لیے پرعزم ہے، جن میں سے کئی نیوکلیئر شعبے کو نجی شرکت کے لیے کھولنے پر خوشگوار حیرت کا اظہار کر چکے ہیں۔ وزیرِ توانائی نے بھی وقت کی پابندی کی اہمیت اور مقررہ روڈ میپ کے مطابق منصوبوں کی تیز رفتاری سے تکمیل پر زور دیا۔
اجلاس میں موجود سینئر اہلکاروں میں ڈاکٹر اجیت کمار موہنتی، سکریٹری، محکمہ ایٹمی توانائی (ڈی اے ای) اور چیئرمین، ایٹمی توانائی کمیشن (اے ای سی)؛ جناب پنکج اگروال، سکریٹری، محکمہ توانائی؛ جناب گردیپ سنگھ، چیئرمین اور مینیجنگ ڈائریکٹر، این ٹی پی سی لمیٹڈ؛ جناب بھون چندر پاٹھک، چیئرمین اور مینیجنگ ڈائریکٹر، نیوکلیئر پاور کارپوریشن آف انڈیا لمیٹڈ (این پی سی آئی ایل)؛ کے علاوہ محکمہ توانائی اور محکمہ ایٹمی توانائی کے دیگر سینئر افسران شامل تھے۔



******
ش ح۔ش ت۔ رب
U. No. 4381
(Release ID: 2154279)