قومی انسانی حقوق کمیشن
بھارت کا انسانی حقوق کا قومی کمیشن28 تا29 جولائی 2025 کو حیدرآباد میں ’’کھلی سماعت اور کیمپ سٹنگ‘‘ کا انعقاد کرے گا
کیمپ سٹنگ کے دوران، این ایچ آر سی تلنگانہ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے 109 مقدمات کی سماعت کرے گا
ریاستی حکام اور شکایت کنندگان سماعت کے دوران موجود ہوں گے تاکہ انصاف کی فراہمی کو تیز کیا جا سکے
کمیشن ریاست کے اعلیٰ افسران سے ملاقات کرے گا تاکہ انہیں انسانی حقوق کے بارے میں حساس بنایا جا سکے
اس کے علاوہ انسانی حقوق سے متعلق خدشات پر بات چیت کے لیے سول سوسائٹی، این جی اوز اور انسانی حقوق کے محافظین کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی جائے گی، جس کے بعد میڈیا بریفنگ ہوگی
Posted On:
26 JUL 2025 10:54AM by PIB Delhi
بھارت کا انسانی حقوق کا قومی کمیشن (این ایچ آر سی) 28 اور 29 جولائی 2025 کو تلنگانہ میں انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کے 109 مقدمات کی سماعت کے لیے حیدرآباد میں دو روزہ ’’اوپن ہیئرنگ اور کیمپ سٹنگ‘‘ کا انعقاد کر رہا ہے، تاکہ متاثرین کو جلد انصاف فراہم کیا جا سکے۔
این ایچ آر سی کے چیئرمین جسٹس جناب وی. راما سبرمنیم، اراکین جسٹس (ڈاکٹر) بدیوت رنجن سرنگی اور محترمہ وجیا بھارتی سیانی ان مقدمات کی سماعت کریں گے۔ سماعت 28 جولائی 2025 کو صبح 10 بجے سے ایم سی آر ایچ آر ڈی انسٹی ٹیوٹ، جوبلی ہلز، حیدرآباد میں ہوگی، جس میں شکایت کنندگان اور متعلقہ ریاستی افسران موجود ہوں گے۔
این ایچ آر سی، بھارت کے سکریٹری جنرل جناب بھارت لال، ڈائریکٹر جنرل (تحقیقات) جناب آر پی مینا، رجسٹرار (قانون) جناب جوگیندر سنگھ اور دیگر سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود ہوں گے۔
سماعت کے دوران جن معاملات کو اٹھایا جائے گا ان میں پولیس اہلکاروں کی جانب سے اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات، حکومت کی مختلف سماجی فلاحی اسکیموں کے تحت فوائد کی عدم فراہمی، جیلوں میں بے ضابطگیاں، درج فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبائل سے تعلق رکھنے والے افراد کے انسانی حقوق کے تحفظ میں مبینہ غفلت، ریاست بھر کے مختلف اسکولوں میں زیر تعلیم طلبہ کے حقوق، خواتین کے حقوق بشمول اُن کی صحت کے مسائل، خاص طور پر حاملہ خواتین اور دودھ پلانے والی ماؤں کو درپیش مسائل اور انسانی اسمگلنگ جیسے معاملات شامل ہیں۔
29 جولائی 2025 کو کمیشن صبح 11 بجے ریاستی حکومت کے سینئر افسران سے ملاقات کرے گا تاکہ انہیں انسانی حقوق سے متعلق مختلف امور اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے متاثرین کو بروقت انصاف کی فراہمی کی اہمیت سے آگاہ کیا جا سکے۔ اس موقع پر کمیشن تلنگانہ حکومت اور اس کی ایجنسیوں کی جانب سے معاشرے کے مختلف طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے کمیشن کی متعدد سفارشات پر کیے گئے فعال اقدامات کا بھی جائزہ لے گا۔
اس کے بعد دوپہر 2 بجے کمیشن سول سوسائٹی کی تنظیموں، این جی اوز اور انسانی حقوق کے محافظین (ایچ آر ڈیز) کے نمائندوں سے ملاقات کرے گا تاکہ ریاست میں انسانی حقوق سے متعلق مسائل کو بہتر طور پر سمجھا جا سکے۔ اس ملاقات کے بعد شام 3:30 بجے ایک میڈیا بریفنگ ہوگی، جس میں ریاست میں انسانی حقوق کے مسائل اور این ایچ آر سی کی جانب سے کیے گئے اقدامات کے بارے میں تفصیلات فراہم کی جائیں گی، تاکہ عوام تک یہ معلومات وسیع پیمانے پر پہنچائی جا سکیں۔
این ایچ آر سی، بھارت2007 سے مختلف ریاستوں میں وقتاً فوقتاً کیمپ سٹنگز منعقد کرتا رہا ہے تاکہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے متاثرین کو موقع پر ہی فوری انصاف فراہم کیا جا سکے۔ گزشتہ ہفتے، کمیشن نے بھونیشور، اوڈیشہ میں ایک انتہائی مؤثر ’’اوپن ہیئرنگ اور کیمپ سٹنگ‘‘ کا انعقاد کیا تھا۔ اس سے قبل، کمیشن نے اتر پردیش، بہار، کرناٹک، گجرات، آسام، میگھالیہ، چھتیس گڑھ، منی پور، مدھیہ پردیش، پنجاب، کیرالہ، پڈوچیری، آندھرا پردیش، جھارکھنڈ، انڈمان و نکوبار، ناگالینڈ، اتراکھنڈ، راجستھان، اروناچل پردیش، مغربی بنگال، تمل ناڈو اور مہاراشٹر میں بھی کیمپ سٹنگز منعقد کی ہیں۔
******
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno: 3378
(Release ID: 2148802)