اسٹیل کی وزارت
عالمی برتری کومستحکم بنانے کے لیےایس اے آئی ایل نے دبئی میں اپنے نمائندہ دفتر کا افتتاح کیا
Posted On:
04 JUL 2025 11:34AM by PIB Delhi
اسٹیل اتھارٹی آف انڈیا لمیٹڈ (ایس اے آئی ایل)، جو بھارت کے سب سے بڑے اسٹیل تیار کرنے والے اداروں میں سے ایک ہے اور سالانہ 20 ملین ٹن سے زائد خام اسٹیل تیار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، نے دبئی میں اپنے نمائندہ دفتر کا افتتاح کیا ہے۔ مشرق وسطیٰ میں ایس اے آئی ایل کا یہ پہلا بین الاقوامی دفتر ہے، جو ادارے کی عالمی توسیعی حکمتِ عملی کی سمت میں ایک اہم قدم ہے۔
اس دفتر کا افتتاح مرکزی وزیر برائے اسٹیل و بھاری صنعتیں، جناب ایچ ڈی کماراسوامی نے کیا۔ اس موقع پر دبئی میں بھارت کے قونصل جنرل جناب ستیش کمار سیوان،ایس اے آئی ایل کے سی ایم ڈی جناب امریندو پرکاش، این ایم ڈی سی کے سی ایم ڈی جناب امیتاب مکھرجی، وزارت اسٹیل کے جوائنٹ سکریٹری جناب وی کے تریپاٹھی اور ایس اے آئی ایل، وزارت اسٹیل، این ایم ڈی سی اور ایم ای سی اواین کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔

دبئی کا دفتر ایک اسٹریٹیجک مرکز کے طور پر قائم کیا گیا ہے، جو ایس اے آئی ایل کو اسٹیل کی برآمدات بڑھانے، صنعتی روابط کو مزید گہرا کرنے اور بھارت-یو اے ای تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے میں مددکرے گا۔ مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ (ایم ای این اے) خطے کے لیے دبئی ایک مرکز کے طورپر کرداراداکرے گا۔دبئی کا سرمایہ کار دوست ماحول، ابھرتی ہوئی منڈیوں میں توسیع کے لیے اسے ایک مثالی مقام بناتا ہے۔

یہ قدم بھارت کے اس جامع وژن کا حصہ ہے، جس کا مقصد اسٹیل صنعت کی عالمی سطح پر موجودگی کو فروغ دینا اور 2030 تک 300 ملین ٹن اسٹیل پیداوار کے قومی ہدف کو حاصل کرنا ہے۔یہ ایس اے آئی ایل کی ایک عالمی مسابقتی اسٹیل ساز کمپنی کے طور پر ترقی میں ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور بین الاقوامی اسٹیل کے میدان میں بھارت کے بڑھتے ہوئے وقار کی عکاسی کرتا ہے۔
************
ش ح ۔ ت ف ۔ م ا
Urdu Release No-2440
(Release ID: 2142071)