خواتین اور بچوں کی ترقیات کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

این آئی پی سی سی ڈی کا نام تبدیل کر کے ساوتری بائی پھولے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ویمن اینڈ چائلڈ ڈیولپمنٹ رکھا گیا


این آئی پی سی سی ڈی کا نام بدل کر ساوتری بائی پھولے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ویمن اینڈ چائلڈ ڈیولپمنٹ رکھنا ہندوستان کی عظیم سماجی مصلحین میں ایک کی میراث کو خراج عقیدت ہے: محترمہ ان پورنا دیوی

رانچی میں4 جولائی 2025 کو نئے علاقائی مرکز کا افتتاح کیا جائے گا

یہ نیا مرکز نہ صرف ہماری فرنٹ لائن عملے کو تربیت اور معاونت تک بہتر رسائی کے ذریعے بااختیار بنائے گا، بلکہ ہماری مرکزی فلاحی اسکیموں کو نچلی سطح پر مزید مضبوط بھی کرے گا: محترمہ ان پورنا دیوی

Posted On: 02 JUL 2025 10:45AM by PIB Delhi

نیشنل انسٹیٹیوٹ آف پبلک کوآپریشن اینڈ چائلڈ ڈیولپمنٹ(این آئی پی سی سی ڈی) کا نام باضابطہ طور پر تبدیل کر کے ساوتری بائی پھولے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ویمن اینڈ چائلڈ ڈیولپمنٹ رکھا گیا ہے۔ یہ تبدیلی ادارے کے بدلتے ہوئے کردار اور پورے ہندوستان میں خواتین اور بچوں کی ترقی کے لیے علاقہ جاتی ضروریات  اور مشن پر مبنی معاونت پر زیادہ توجہ کو ظاہر کرتی ہے۔ یہ تبدیلی خواتین و اطفال کی مرکزی وزیر محترمہ ان پورنا دیوی کی بصیرت افروز قیادت میں عمل میں آئی ہے۔

رسائی اور علاقائی صلاحیت سازی کو مضبوط بنانے کے مقصد سے ایک اہم اقدام کے طور پر جھارکھنڈ کے رانچی میں ایک نئے علاقائی مرکز کا افتتاح 4 جولائی 2025 کو کیا جائے گا ۔ یہ مرکز وزارت کے  اہم پروگراموں-مشن شکتی ، مشن وتسلیہ،مشن سکشم آنگن واڑی اور پوشن 2.0-کی خصوصی تربیت اور تحقیقی ضروریات کو پورا کرے گا ،جس میں جھارکھنڈ ، بہار ، اوڈیشہ اور مغربی بنگال کا احاطہ کرنے والے مشرقی خطے پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی ۔ اس سے قبل ان ریاستوں کی تربیتی ضروریات کو گوہاٹی اور لکھنؤ میں واقع علاقائی مراکز کے ذریعے جزوی طور پر پورا کیا جاتا تھا ، جس سےطویل فاصلے کے سفر کی وجہ سے بہت سے کارکنوں کے لیے لاجسٹک چیلنجز پیدا ہوتے تھے ۔ نیا علاقائی مرکز چائلڈ گائیڈنس اینڈ کونسلنگ میں ایڈوانس ڈپلومہ بھی پیش کرے گا اور ان ریاستوں میں فرنٹ لائن کارکنوں کے لیے بہتر رسائی کی سہولت فراہم کرے گا ۔ ایک اندازے کے مطابق  ان چاروں ریاستوں کے 115 اضلاع میں پھیلے وزارت کے مشنوں کے تحت سات لاکھ سے زیادہ ملازمین کام کر رہے ہیں۔

محترمہ ان پورنا دیوی نے کہا کہ این آئی پی سی سی ڈی کا نام تبدیل کر کے ساوتری بائی پھولے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ویمن اینڈ چائلڈ ڈیولپمنٹ رکھنا  ہندوستان  کی عظیم سماجی مصلحین میں سے ایک کی میراث کوحقیقی خراجِ عقیدت  ہے اوریہ خواتین و بچوں کی ترقی کے لیے ہماری وابستگی کے عزم کی تصدیق ہے۔ نئے علاقائی مراکز کے قیام کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا کہ رانچی میں نئے علاقائی مرکز کا افتتاح مشرقی خطے میں غیر مرکزی، علاقہ مخصوص صلاحیت سازی کی جانب ایک اہم قدم ہوگا۔ یہ مرکز نہ صرف ہماری فرنٹ لائن عملے کو بہتر تربیت اور معاونت تک رسائی کے ذریعے بااختیار بنائے گا بلکہ ہماری مرکزی اسکیموں کو نچلی سطح پر مضبوط بھی کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عزت مآب  وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی بصیرت افروز قیادت میں ہم اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ وکست بھارت 2047 کی راہ میں کوئی بھی خاتون یا بچہ پیچھے نہ رہے۔

رانچی میں نیا علاقائی مرکز نہ صرف تربیتی خدمات کو فیلڈ عملے کے قریب لائے گا ،بلکہ مشرقی خطے میں خواتین کی بااختیاری اور بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے مقامی مسائل کی شناخت، مخصوص مداخلتوں اور وسائل کے بہتر استعمال کو بھی ممکن بنائے گا۔ یہ بچوں کی ترقی، ذہنی صحت اور نوعمروں کی فلاح و بہبود سے متعلق تحقیق، مشاورت اور توسیعی سرگرمیوں کی بھی معاونت کرے گا۔ یہ قدم وزارت کی خدمات کی آخری منزل تک فراہمی، علاقائی مخصوص صلاحیت سازی اور مرکزی وزیر محترمہ ان پورنا دیوی کی قیادت میں ایک جامع، بااختیار اور صحت مند ہندوستان کی تعمیر کے عزم کا ثبوت ہے۔

این آئی پی سی سی ڈی کا نام تبدیل کر کے اب اسے ساوتری بائی پھولے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ویمن اینڈ چائلڈ ڈیولپمنٹ رکھا گیا ہے ،جس کا ہیڈکوارٹر نئی دہلی میں واقع ہے اور فی الحال اس کے علاقائی مراکز بنگلور، گوہاٹی، لکھنؤ، اندور اور موہالی میں ہیں۔ یہ ادارہ خواتین اور بچوں کی ترقی کے شعبے میں تربیت، تحقیق، دستاویزات سازی اور صلاحیت سازی کا مرکزی ادارہ ہے۔ یہ انسٹی ٹیوٹ مختلف مرکزی اسکیموں کے تحت نفاذ کے طریقہ کار کو مضبوط بنانے میں اپنا اہم کردار ادا کرتا ہے، جو آن لائن اور جسمانی تربیتی پروگراموں کے ذریعے انجام پاتا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔

 

(ش ح –م ع ن- ش ب ن)

U. No.2369


(Release ID: 2141442)