وزارات ثقافت
مرکزی وزیر داخلہ جناب امت شاہ کا راج بھاشا وِبھاگ کی 50ویں سالگرہ کی تقریب میں آئی جی این سی اے کے اسٹال کا دورہ
Posted On:
29 JUN 2025 8:30PM by PIB Delhi
وزارت داخلہ کے راج بھاشا وِبھاگ کی 50 ویں سالگرہ کے موقع پر نئی دہلی کے بھارت منڈپم میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں ملک بھر سے تقریباً 8,000 سرکاری اہلکاروں اور ہندی کے شائقین نے حصہ لیا، جو حکومت اور غیر حکومتی اداروں سے منسلک ہیں۔
پروگرام کا افتتاح مرکزی وزیر داخلہ جناب امت شاہ نے کیا۔انہوں نے کہا کہ ہندی، دیگر ہندوستانی زبانوں کے الفاظ کو اپنانے کے باعث علم، سائنس، تجارت اور انتظامیہ کے شعبوں میں ایک طاقتور زبان کے طور پر ابھر رہی ہے۔ ترجمے کے کام کو فروغ دینے اور ہندوستانی زبانوں کو آپس میں قریب لانے کے لیے راج بھاشا وِبھاگ نے ایک علیحدہ ونگ قائم کیا ہے۔ یہ وِبھاگ 'شبد سندھو' نامی ڈکشنری کی تخلیق میں بھی مصروف عمل ہے۔

اس تقریب میں موجود اہم مہمانوں میں دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا، پارلیمانی ہندی زبان کمیٹی کے نائب صدر بھرتری ہری مہتاب، ایم پی سدھانشو ترویدی، اور سدھا مورتی سمیت دیگر شامل تھے۔
اس عظیم الشان تقریب کے دوران، مختلف اداروں کے راج بھاشا وِبھاگ کی جانب سے ہندی زبان سے متعلق اختراعات کی نمائش کے لیے اسٹالز لگائے گئے۔ مرکزی وزیر داخلہ جناب امت شاہ نے بھی ان نمائشوں کا معائنہ کیا۔
اندرا گاندھی نیشنل سینٹر فار دی آرٹس (آئی جی این سی اے) نے ایک ہی اسٹال پر چار اقسام کی نمائشیں پیش کیں۔ ان کے موضوعات میں شامل تھے: نایاب قدیم رسائل، قدیم مطبوعہ کتب، سائنس، ادب اور فنون سے متعلق مخطوطات، اور دستور ساز اسمبلی کے ارکان کی جانب سے ہندی زبان سے متعلق اظہارِ خیال کا مجموعہ۔
آخری موضوع پر مشتمل کتابچہ مفت تقسیم کیا گیا، جبکہ ابتدائی تین نمائشیں تین مختلف اسکرینوں پر ڈیجیٹل انداز میں پیش کی گئیں۔ یہ تمام نمائشیں سینٹر کے علمی اور راج بھاشا وِبھاگ کی عمیق تحقیق کے بعد تیار کی گئی تھیں۔
آئی جی این سی اے کے اس منفرد اسٹال پر مرکزی وزیر داخلہ جناب امت شاہ نے تقریباً چار سے پانچ منٹ تک نمائشوں کا باریک بینی سے مشاہدہ کیا اور گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر پروفیسر ارون بھاردواج نے مرکز کی ہندی سے متعلق سرگرمیوں اور نمائشوں کی خصوصی خصوصیات کے بارے میں وزیر داخلہ کو تفصیلی معلومات فراہم کیں۔
پروفیسر ارون بھاردواج نے اس موقع پر مرکز کے صدر جناب رام بہادر رائے کی تصنیف کردہ تین کتابیں بھی وزیر داخلہ جناب امت شاہ کو تحفے میں پیش کیں۔
آئی جی این سی اے کے اسٹال پر ہندی زبان سے محبت رکھنے والے بڑی تعداد میں آئے۔ نمائش کو تقریباً 1000 سے 1200 افراد نے دیکھا، جب کہ 150 افراد نے وزیٹر رجسٹر میں اپنے تاثرات درج کیے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
(ش ح –اس ک۔م ش )
U. No.2275
(Release ID: 2140706)