کوئلے کی وزارت
مرکزی وزیر جناب جی کشن ریڈی نے شمال مشرق میں معدنیات اور کوئلے کے شعبے کی ترقی کے لیے مرکز کے مکمل تعاون کی تصدیق کی
Posted On:
28 JUN 2025 5:52PM by PIB Delhi
کوئلہ اور کانوں کے مرکزی وزیر جناب جی کشن ریڈی نے گوہاٹی میں شمال مشرقی کان کنی کے وزراء کی دوسری کانفرنس میں معدنیات اور کوئلے سے مالا مال شمال مشرقی ریاستوں کے لیے حکومت ہند کی مکمل حمایت کی تصدیق کی۔ تقریب کے دوسرے دن اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے، وزیر نے کان کنی کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے، پروجیکٹ کی منظوریوں کو تیز کرنے اور خطے میں پائیدار کان کنی کے طریقوں کو فروغ دینے کے لیے مرکز کے عزم پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ شمال مشرق کی ترقی 2047 تک ایک ترقی یافتہ ہندوستان کے وژن میں مرکزی حیثیت رکھتی ہے، جس میں آٹھ ریاستیں- آسام، اروناچل پردیش، منی پور، میگھالیہ، میزورم، ناگالینڈ، تریپورہ اور سکم- کو اشٹ لکشمی کے طور پر منایا جاتا ہے۔ مرکزی وزیر نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے، سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور معدنیات اور کوئلے کے شعبے کی ترقی کے ذریعے جامع اقتصادی ترقی کو آگے بڑھانے کے لیے مرکز-ریاست کا بہتر تال میل بہت اہم ہے۔
کانفرنس کے دوران، تمام آٹھ شمال مشرقی ریاستوں کے نمائندوں نے کان کنی اور کوئلے کے شعبوں کو آگے بڑھانے کے لیے اپنا روڈ میپ پیش کیا۔ میگھالیہ، آسام، اروناچل پردیش اور سکم کے وزراء نے ناگالینڈ کے وزیر اعلیٰ کے مشیر کے ساتھ ریاست کی مخصوص حکمت عملیوں، کامیابیوں اور مستقبل کے منصوبوں کا خاکہ پیش کیا۔ انہوں نے بلاک نیلامی، اہم معدنیات کی تلاش، کوئلے کی کانوں کی بحالی، معمولی معدنیات کی ترقی اور پائیدار کان کنی کے ماڈلز کو اپنانے میں پیش رفت کا اشتراک کیا۔
بات چیت نے اقتصادی ترقی کے ساتھ ماحولیاتی تحفظات میں توازن پیدا کرنے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کی۔ ریاستوں نے علاقائی چیلنجوں پر قابو پانے اور اپنے وسائل کی پوری صلاحیت کو بروئے کار لانے کے لیے زیادہ سے زیادہ مرکزی مدد بھی مانگی۔
کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے جناب سنجے لوہیا، ایڈیشنل سکریٹری، وزارت کانوں نے پورے ملک میں تلاش کی کوششوں کو نمایاں طور پر بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے جیولوجیکل سروے آف انڈیا (جی ایس آئی)، منرل ایکسپلوریشن کارپوریشن لمیٹڈ (ایم ای سی ایل) اور ریاستی حکومتوں پر زور دیا کہ وہ قریبی تال میل کے ساتھ کام کریں اور خاص طور پر اہم اور اسٹریٹجک معدنیات کے لیے جدید، ہدف بنائے گئے اور بروقت تلاش کے طریقوں کو اپنائیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ہند نے تلاش کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے بے مثال پالیسی اور بجٹ کی مدد فراہم کی ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ اس رفتار کو زمینی سطح پر عملی شکل دی جائے۔
کانفرنس کے دوران مرکزی وزیر جناب جی کشن ریڈی نے گوہاٹی میں انڈین بیورو آف مائنز (آئی بی ایم) کے نئے علاقائی دفتر کا افتتاح کیا۔ افتتاح آسام کے وزیر برائے کان جناب کوشک رائے کی موجودگی میں ہوا۔ اس کے علاوہ جناب وی ایل کانتھا راؤ، سکریٹری (وزارت کانوں)، جناب سنجے لوہیا، ایڈیشنل سکریٹری (وزارت کانوں) کے ساتھ آئی بی ایم کے کنٹرولر جنرل جناب پیوش شرما اور مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔ توقع ہے کہ نئے آئی بی ایم دفتر سے شمال مشرق میں کان کنی کے شعبے کے لیے ریگولیٹری نگرانی، تکنیکی مدد اور سہولت کاری کی خدمات کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کرنے کی امید ہے۔
دو روزہ کانفرنس نے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے وژن کے تحت پائیدار ترقی، توانائی کی حفاظت اور اقتصادی تبدیلی کے قومی ایجنڈے کے ساتھ علاقائی کان کنی کی حکمت عملیوں کو ہم آہنگ کرنے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر کام کیا۔
******
U.No:2248
ش ح۔ح ن۔س ا
(Release ID: 2140448)