شماریات اور پروگرام کے نفاذ کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

یومِ شماریات کے موقع پر، این ایس او بھارت نے ڈیجیٹل تبدیلی کی پیش رفت کو اجاگر کیا اور وِکست بھارت کے لیے معیاری ڈیٹا فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا

Posted On: 28 JUN 2025 10:20AM by PIB Delhi

شماریات اور پروگرام عمل آوری (ایم او ایس پی آئی) کے تحت کام کرنے والے قومی ادارہ برائے شماریات (این ایس او) نے گزشتہ ایک سال کے دوران اپنی جامع ڈیجیٹل تبدیلی کے سفر میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔ 29 جون 2024 کو قومی شماریاتی دن کے موقع پر eSankhyiki پورٹل کے ابتدائی آغاز کی بنیاد پر، اس سفر میں مزید تیزی آئی ہے، جس کے تحت ایک درجن سے زائد نئے ڈیجیٹل ماڈیولز، پورٹلز اور ویب سائٹس کامیابی سے متعارف کرائی گئی ہیں۔ یہ تبدیلی کا ایک اہم مرحلہ ہے، جس میں وزارت کے عوامی سطح پر خدمات انجام دینے والے شعبوں—اعداد و شمار کی فراہمی اور جمع آوری—کو ترجیح دی گئی ہے۔

جامع ڈیجیٹل ڈھانچے کی ترقی

گزشتہ سال کے دوران کئی اہم ڈیجیٹل ذرائع کا آغاز کیا گیا ہے جنہوں نے شفافیت کو بڑھایا اور محققین، پالیسی سازوں اور عام عوام کے لیے اعداد و شمار تک رسائی کو بہتر بنایا۔ ان ترقیات میں ڈی آئی لیب (ڈیٹا انوویشن لیب)، او سی ایم ایس، میٹاڈیٹا پورٹلز، اور نیشنل شماریاتی نظام تربیتی اکیڈمی (این ایس ایس ٹی اے) اور نیشنل شماریاتی کمیشن (این ایس سی) کے لیے نئی مخصوص ویب سائٹس نمایاں ہیں۔

اس کے علاوہ، این ایس او نے مختلف اہم شماریاتی شعبوں کے لیے عوامی سطح پر ڈیش بورڈز متعارف کرائے ہیں جن میں سماجی شماریاتی شعبہ (ایس ایس ڈی) ، سالانہ صنعتی سروے (اے ایس آئی) ، اقتصادی مردم شماری (ای سی) ، اور قومی نمونہ جاتی سروے (این ایس ایس) شامل ہیں، جو کہ eSankhyiki پورٹل کا حصہ ہیں۔ یہ اقدامات تمام متعلقین کو بھارت کے سرکاری اعداد و شمار تک بروقت رسائی فراہم کرتے ہیں۔ ان تمام اضافوں کے ساتھ، اس پورٹل میں اب 13 کروڑ سے زائد ریکارڈز موجود ہیں۔

ڈیجیٹل ڈھانچے میں ہمارا تازہ ترین اضافہ GoIStats موبائل ایپ ہے، جسے شماریاتی دن 2025 کے موقع پر لانچ کیا جائے گا۔

ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے ذریعے جدت

اختراع اور مستقبل کی تیاری کے اپنے عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے، وزارت شماریات و پروگرام نفاذ (ایم او ایس پی آئی) نے اپنے شماریاتی نظام میں نئی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کو ضم کرنے کے لیے سات کلیدی استعمالات کی شناخت کی ہے۔ ان میں سے تین کے لیے ’’پروف آف کانسیپٹ(پی او سی)‘‘ کامیابی سے مکمل کیے جا چکے ہیں جبکہ تین پر تجرباتی منصوبوں کا آغاز ہو چکا ہے۔ اس منظم حکمتِ عملی کا مقصد مؤثر ٹیکنالوجیز کو قومی شماریاتی پیداوار کے نظام میں شامل کرنا ہے تاکہ بھارت کے سرکاری اعداد و شمار دنیا کے جدید ترین شماریاتی نظاموں میں شامل رہیں۔

این ایس او، بین الاقوامی اور کثیر فریقی اداروں کے ساتھ اشتراک میں بھی کام کر رہا ہے تاکہ ان ٹیکنالوجیز کو اپنے کام کے نظام میں شامل کیا جا سکے۔ بھارت اب اقوام متحدہ کی ’’کمیٹی آف ایکسپرٹس آن بگ ڈیٹا اینڈ ڈیٹا سائنس فار آفیشل اسٹیٹسٹکس(یو این سی ای بی ڈی)‘‘ کا رکن بن چکا ہے۔ حال ہی میں این ایس او بھارت کو ’’اقوام متحدہ اقتصادی کمیشن برائے یورپ(یو این ای سی ای)‘‘ کی کانفرنس میں جنریٹیو اے آئی پر اپنے ادارہ جاتی ڈھانچے اور استعمالات پیش کرنے کے لیے مدعو کیا گیا۔

سائبر سیکیورٹی کا نظام مضبوط بنانا

ڈیجیٹل ماحول کے پھیلاؤ کے ساتھ، ایم او ایس پی آئی نے اپنے قومی ڈیٹا اثاثوں کے تحفظ کو سب سے زیادہ ترجیح دی ہے۔ ڈیجیٹل دور میں ڈیٹا کی سیکیورٹی کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے، وزارت نے ایک چیف انفارمیشن سیکیورٹی آفیسر (سی آئی ایس او) مقرر کیا ہے تاکہ سائبر سیکیورٹی کے نظام کو مؤثر طریقے سے مضبوط بنایا جا سکے۔ اس کے علاوہ، ایک ماہر ایجنسی کو بھی خدمات فراہم کرنے کے لیے مقرر کیا گیا ہے تاکہ اس نہایت حساس شعبے میں ماہر افراد کی دستیابی یقینی بنائی جا سکے۔

مرحلہ وار حکمتِ عملی کے تحت تبدیلی

ایم او ایس پی آئی نے اپنی ڈیجیٹل تبدیلی کی پہل کے لیے ایک اسٹریٹجک اور مرحلہ وار حکمتِ عملی اپنائی ہے۔ موجودہ مرحلہ بنیادی طور پر اعداد و شمار کی جمع آوری اور فراہمی پر مرکوز ہے، جہاں ای۔سگما پلیٹ فارم مختلف شماریاتی سرگرمیوں کے لیے ڈیٹا اکٹھا کرنے کے طریقوں کو جدید بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، جبکہ eSankhyiki سمیت دیگر پورٹلز اور ویب سائٹس ڈیٹا تک آسان رسائی کو ممکن بناتے ہیں۔

یہ منظم طریقہ یقینی بناتا ہے کہ شماریاتی نظام کا ہر پہلو مکمل طور پر بہتر بنایا جائے اس سے پہلے کہ اگلے مرحلے کی جانب بڑھا جائے۔ آئندہ مرحلہ ڈیٹا پروسیسنگ کو جدید اور تیز رفتار بنانے پر مرکوز ہوگا تاکہ اعداد و شمار کے نتائج بروقت اور مؤثر طریقے سے حاصل کیے جا سکیں۔ اس کے لیے ایک جامع عمل درآمدی منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے اور توقع ہے کہ یہ مکمل تبدیلی جلد مکمل کر لی جائے گی۔

ترقی یافتہ بھارت کی جانب ڈیٹا پر مبنی پیش قدمی

وزارت اس بات کے لیے پرعزم ہے کہ ڈیجیٹل تبدیلی کا یہ عمل مکمل طور پر پایہ تکمیل کو پہنچایا جائے تاکہ پالیسی سازی کے لیے بروقت اور معیاری ڈیٹا مسلسل دستیاب ہو۔ یہ ڈیجیٹل تبدیلی سرکاری شماریات کو زیادہ بروقت، معتبر اور قابل رسائی بنانے کے ہمارے غیر متزلزل عزم کی عکاس ہے، جو ایک ڈیٹا پر مبنی ’’نئے بھارت‘‘ کی ضروریات سے ہم آہنگ ہے۔ ہمارا مقصد ہر شہری، محقق، اور پالیسی ساز کو معیاری اعداد و شمار سے بااختیار بنانا ہے تاکہ 2047 تک بھارت کے ترقیاتی اہداف کی تکمیل میں مدد مل سکے۔

******

ش ح۔ ش ا ر۔ ول

Uno- 2236


(Release ID: 2140419)
Read this release in: English , Marathi , Hindi , Tamil