نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کی وزارت
مرکزی وزیر مملکت رکشا کھڈسے نے اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا، ایس ٹی سی اگرتلہ کا دورہ کیا ، انہوں نے شمال مشرق میں کھیلوں کے فروغ اور طویل مدتی کھلاڑیوں کی ترقی (ایل ٹی اے ڈی) کی ضرورت پر زور دیا
اپنے دورے کے دوران وزیر موصوفہ نے طویل مدتی کھلاڑیوں کی ترقی (ایل ٹی اے ڈی) کے نظریے کی اہمیت پر زور دیا تاکہ کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نچلی سطح سے لے کر اعلیٰ سطح تک مؤثر طریقے سے پروان چڑھایا جا سکے، انہوں نے کھیلو انڈیا اور ایس اے آئی کی مختلف پہلوں کے ذریعے تریپورہ کے کھیلوں کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ بھی کیا
Posted On:
24 JUN 2025 6:03PM by PIB Delhi
امورِ نوجوان و کھیلوں کی مرکزی وزیر مملکت محترمہ رکشا کھڈسے، اس وقت تریپورہ کے ایک اہم دورے پر ہیں۔ اپنے وسیع تر ‘‘پورووتر سمپرک سیتو’’ مکالماتی اقدام کے تحت، انہوں نے آج اچانک اگرتلہ اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا (ایس اے آئی) کے زیرِ انتظام اسپورٹس ٹریننگ سینٹر (ایس ٹی سی) کا دورہ کیا۔اس موقع پر وزیر مملکت نے تربیتی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا، کوچز کی محنت اور لگن کا مشاہدہ کیا اور کھلاڑیوں کی کارکردگی اور ترقی کا بغور معائنہ کیا۔ انہوں نے ایس ٹی سی سینٹر میں موجود جدید سہولیات اور مجموعی تیاری کا بھی باریک بینی سے جائزہ لیا۔ یہ مرکز شمال مشرقی خطے کے کھیلوں کے منظرنامے میں ایک کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔

اگرتلہ میں واقع ایس اے آئی - ایس ٹی سی سینٹر خاص طور پر جمناسٹکس پر اپنی خصوصی توجہ کے لیے مشہور ہے، جہاں انتہائی چھان بین کے بعد منتخب کیے گئے نوجوان کھلاڑی اس وقت سخت اور منظم تربیت حاصل کر رہے ہیں۔ یہ مرکز مقامی حکومت کے اشتراک سے قائم کیا گیا تھا اور شمال مشرقی بھارت میں کھیلوں کی ترقی کے لیے ایک نہایت اہم ستون کے طور پر پہچانا جاتا ہے۔محترمہ رکشا کھڈسے نے اپنے دورے کے دوران تربیتی ساز و سامان، کھلاڑیوں کے لیے دستیاب ہاسٹل سہولیات، ان کی غذائی ضروریات اور طبی و نفسیاتی معاونت جیسے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا تاکہ کھلاڑیوں کی ہمہ جہت نشوونما کے لیے ایک مکمل اور معاون ماحول کو یقینی بنایا جا سکے۔
ان کے دورے کا سب سے نمایاں لمحہ کھلاڑیوں سے براہِ راست بات چیت تھی۔ محترمہ کھڈسے نے نوجوان کھلاڑیوں سے ذاتی طور پر بات چیت کی، ان کے عزائم اور مسائل کو سنا، اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ کئی ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں نے کھلے دل سے اپنے قومی اور بین الاقوامی سطح پر کھیلنے کے خواب ان سے شیئر کیے۔اس پرخلوص گفتگو کے دوران محترمہ رکشا کھڈسے نے محبت بھرے انداز میں کہا ‘‘ بھارت کا مستقبل ان نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہے۔ مرکزی حکومت ان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے اور ان کی کامیابی کے لیے مکمل طور پر پُرعزم ہے۔’’

محترمہ رکشا کھڈسے کا موجودہ دورہ حکومتِ ہند کے ایک اہم اور باوقار پروگرام ‘‘پورووتر سمپرک سیتو’’ کا حصہ ہے۔ اس اقدام کے تحت مرکزی وزراء شمال مشرقی ریاستوں کے دورے کرتے ہیں تاکہ ترقیاتی کاموں کا زمینی سطح پر جائزہ لیا جا سکے اور مقامی مسائل کو براہ راست عوام سے گفتگو کے ذریعے مؤثر انداز میں حل کیا جا سکے۔تریپورہ کے اپنے دورے کے دوران محترمہ کھڈسے نے مختلف اہم شعبوں جیسے کھیل، نوجوانوں سے متعلق پالیسی، تعلیم، اور سائنس و ٹیکنالوجی منصوبوں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔
بھارت کے طویل المدتی ترقیاتی وژن ‘انڈیا@2047’ کے تحت کھیلوں کے شعبے کو خاص اہمیت دی جا رہی ہے۔ محترمہ کھڈسے نے زور دے کر کہا کہ ایس اے آئی مراکز کے ذریعے کھلاڑیوں کو نچلی سطح سے تربیت و رہنمائی فراہم کرنا، اور انہیں عالمی سطح کے مقابلوں کے لیے تیار کرنا حکومت کا بنیادی مقصد ہے۔انہوں نے نوجوان بھارتی کھلاڑیوں کی عالمی سطح پر پہچان دلانے کے لیے اپنے پختہ عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا ہدف ہے کہ یہ نوجوان کھلاڑی بین الاقوامی میدانوں، بالخصوص 2028 اور 2032 کے اولمپکس میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں اور ملک کا نام روشن کریں۔

اپنے دورے کے اختتام پر محترمہ رکشا کھڈسے نے تریپورہ کے نوجوانوں کو کھیل اور سائنس دونوں شعبوں میں ان کے بے پناہ جوش و جذبے پر دل سے سراہا۔ انہوں نے کہا ‘‘شمال مشرقی بھارت نہ صرف جغرافیائی لحاظ سے، بلکہ انسانی مہارت، صلاحیت اور توانائی کے اعتبار سے بھی بھارت کے روشن مستقبل کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔’’ انہوں نے موقع پر موجود تمام افراد کو یقین دلایا کہ مرکزی حکومت ان کی کوششوں میں مکمل تعاون فراہم کرے گی اور ان کی ترقی کے لیے ہمہ وقت پُرعزم ہے۔
*******
ش ح ۔ع ح۔ رب
U- 2103
(Release ID: 2139310)