وزارت دفاع
azadi ka amrit mahotsav

ڈی آر ڈی او اور آئی آئی ٹی دہلی نے ایک  کلومیٹر سے زائد فاصلے پر کوانٹم اینٹینگلمنٹ پر مبنی فری اسپیس کوانٹم محفوظ مواصلاتی نظام کا کامیاب مظاہرہ کیا


یہ کامیابی کوانٹم سائبر سیکورٹی، کوانٹم نیٹ ورکس اور مستقبل کے کوانٹم انٹرنیٹ کی ترقی کی راہ ہموار کرے گی

ہندوستان محفوظ مواصلات کے ایک نئے کوانٹم دور میں داخل ہو چکا ہے، جو مستقبل کی جنگوں میں ایک گیم چینجر ثابت ہوگا:وزیر دفاع

Posted On: 16 JUN 2025 5:18PM by PIB Delhi

ہندوستان نے ڈی آر ڈی او-انڈسٹری-اکیڈمیا سینٹر آف ایکسیلنس( ڈی آئی اے- سی او ای)، آئی آئی ٹی دہلی کے ذریعے ایک تجرباتی پیش رفت کا کامیاب مظاہرہ کرتے ہوئے محفوظ مواصلات کے ایک نئے کوانٹم دور میں قدم رکھ لیا ہے۔ کوانٹم اینٹینگلمنٹ پر مبنی فری اسپیس کوانٹم محفوظ مواصلات کا یہ مظاہرہ ایک کلومیٹر سے زائد فاصلے پر آئی آئی ٹی دہلی کے کیمپس میں قائم کردہ فری اسپیس آپٹیکل لنک کے ذریعے کیا گیا۔

اس تجربے میں تقریباً 240 بِٹس فی سیکنڈ کی محفوظ کلید کی شرح  حاصل کی گئی، جبکہ کوانٹم بِٹ ایرر ریٹ 7 فیصد سے کم رہا۔ یہ اینٹینگلمنٹ پر مبنی کوانٹم محفوظ مواصلات کوانٹم سائبر سیکیورٹی میں حقیقی وقت کی ایپلیکیشنز، جیسے کہ طویل فاصلے کی کوانٹم کی ڈسٹریبویشن، کوانٹم نیٹ ورکس کی ترقی اور مستقبل کے کوانٹم انٹرنیٹ کی راہ ہموار کرتے ہیں۔ یہ کوششیں بھارت کے ان وسیع تر اہداف سے ہم آہنگ ہیں، جن کا مقصد قومی ترقی کے لیے کوانٹم ٹیکنالوجی کو فروغ دینا ہے۔

منصوبہ ’’فری اسپیس کیو کے ڈی کے لیے فوٹونک ٹیکنالوجیز کے ڈیزائن اور ترقی‘‘ کے تحت، جسے ڈی آر ڈی او کے ڈائریکٹوریٹ آف فیوچرسٹک ٹیکنالوجی مینجمنٹ (ڈی ایف ٹی ایم) نے منظور ی دی ہے، یہ مظاہرہ پروفیسر بھاسکر کنسیری کے تحقیقاتی گروپ نے پیش کیا۔ یہ مظاہرہ متعدد معزز شخصیات کی موجودگی میں کیا گیا، جن میں ڈی آر ڈی او کے ڈی جی(ایم ای ڈی، سی او ایس اور سی ای) ، ڈائریکٹر ایس اے جی ، ڈائریکٹر ڈی ایف ٹی ایم، ڈین (ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ) آئی آئی ٹی دہلی، ڈائریکٹر( ڈی آئی اے- سی او ای) اور ڈی آر ڈی او کی تجربہ گاہوں کے سائنس داں شامل تھے۔

کوانٹم اینٹینگلمنٹ پر مبنی کوانٹم  کی ڈسٹریبوشن ( کیو کے ڈی) روایتی ’’تیاری اور پیمائش‘‘طریقہ کار کے مقابلے میں سیکورٹی اور فعالیت دونوں کے لحاظ سے کئی اہم فوائد فراہم کرتی ہے۔ حتیٰ کہ اگر آلات غیر محفوظ یا ناقص بھی ہوں، تب بھی کوانٹم اینٹینگلمنٹ کا استعمال کی ڈسٹریبیوشن’ کی سیکیورٹی کو یقینی بناتا ہے۔ اگر کوئی بھی شخص اینٹینگلڈ فوٹونز کو ناپنے یا انہیں روکنے کی کوشش کرے، تو کوانٹم حالت میں خلل واقع ہوتا ہے، جس کے ذریعے مجاز صارفین کسی بھی مداخلت یا جاسوس کی موجودگی کا فوری پتہ لگا سکتے ہیں۔

کوانٹم کمیونیکیشن بنیادی طور پر ناقابلِ تسخیر انکرپشن فراہم کرتی ہے، جو اسے ایک دوہری استعمال کی حامل ٹیکنالوجی بناتی ہے۔ اس کے اطلاق دفاع، مالیات، اور ٹیلی کمیونیکیشن جیسے اسٹریٹیجک شعبوں میں ڈیٹا کو محفوظ بنانے کے لیے کیا جا سکتا ہے، نیز قومی سلامتی سے متعلق مواصلات کے تحفظ میں بھی یہ کلیدی رول ادا کرتی ہے۔ فری اسپیس کیو کے ڈی کے ذریعے آپٹیکل فائبرز بچھانے کی ضرورت ختم ہو جاتی ہے، جو کہ اکثر مہنگا اور خلل ڈالنے والا عمل ہوتا ہے، خاص طور پر مشکل زمینی علاقوں اور گنجان شہری علاقوں میں۔

اس سے قبل، بھارت کی پہلی انٹر سٹی کوانٹم کمیونیکیشن لنک وِندھیا چل اور پریاگ راج کے درمیان 2022 میں کمرشل گریڈ کے زیر زمین ڈارک آپٹیکل فائبر کا استعمال کرتے ہوئے ڈی آر ڈی او کے سائنس دانوں اور پروفیسر بھاسکر کی ٹیم نے کامیاب مظاہرہ کیا تھا۔حال ہی میں، 2024 میں، اسی ٹیم نے ایک اور ڈی آر ڈی او معاونت یافتہ منصوبے میں ٹیلیکوم گریڈ کے 100 کلومیٹر فائبر اسپول پر اینٹینگلمنٹ کے ذریعے کوانٹم کیز کی کامیاب تقسیم کی۔

یہ ٹیکنالوجی  ڈی آر ڈی او -انڈسٹری-اکیڈمیا سینٹرز آف ایکسیلنس( ڈی آئی اے- سی او ایز) کے ذریعے تیار کی جا رہی ہیں، جو ڈی آر ڈی او کی ایک پہل ہے۔ اس کے تحت آئی آئی ٹیز، آئی آئی ایسز اور دیگر یونیورسٹیوں جیسے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں 15 سینٹرز آف ایکسیلنس قائم کیے گئے ہیں تاکہ جدید ترین دفاعی ٹیکنالوجی کو فروغ دیا جا سکے۔

وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ نے ڈی آر ڈی او اور آئی آئی ٹی دہلی کو اس تاریخی کامیابی پر مبارکباد دی ہے اور کہا کہ بھارت محفوظ مواصلات کے ایک نئے کوانٹم دور میں داخل ہو چکا ہے جو مستقبل کی جنگوں میں گیم چینجر ثابت ہوگا۔

سیکریٹری محکمہ دفاع تحقیق و ترقی اور چیئرمین ڈی آر ڈی او ڈاکٹر سمیر وی کامت اور آئی آئی ٹی دہلی کے ڈائریکٹر پروفیسر رنگن بنرجی نے ٹیم کو ان اہم کامیابیوں پر مبارکباد دی۔

PIC3IPW.jpg

آئی آئی ٹی دہلی میں منعقدہ فری اسپیس کوانٹم کی ڈسٹریبیوشن کے تجربے کے لیے ٹیسٹ بیڈ کی ترتیب اور آپٹیکل لائن آف سائٹ۔

 

****

ش ح۔ ع و ۔ ش ت

U NO: 1792

 


(Release ID: 2136759)
Read this release in: Tamil , English , Hindi