لوک سبھا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

لوک سبھا کے معزز اسپیکر کا برازیلیا میں 11ویں برکس پارلیمانی فورم کے اختتام پر بیان

Posted On: 07 JUN 2025 12:40PM by PIB Delhi

میں اس ملک کی پارلیمنٹ، حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے برکس سربراہی اجلاس کی میزبانی کی۔

برکس سربراہی اجلاس کے دوران کئی اہم امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں بامقصد مکالمہ، خیالات کا تبادلہ اور برکس ممالک کے درمیان پارلیمانی تعاون کو مضبوط بنانے، مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی کو فروغ دینے اور معاشی امور پر مشترکہ طور پر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

یہ اجلاس ایک حتمی اعلامیے کی منظوری کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/OMBirlaBrazil1(1)B3PD.jpg

اس حتمی اعلامیے میں، برکس ممالک نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ہمیں دہشت گردی کے خلاف اجتماعی طور پر لڑنا ہوگا۔

انہوں نے 22 اپریل کو پہلگام، کشمیر، بھارت میں پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعے کی مذمت کی اور اس بات پر زور دیا کہ دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششوں کے ذریعے عدم برداشت کی پالیسی اپنائی جائے۔

معزز وزیر اعظمِ ہند نے بھی دنیا کے تمام ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس (عدم برداشت) کی پالیسی اختیار کریں۔

مستقبل میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کو کس سمت اور کس طریقے سے استعمال کیا جانا چاہیے، اس پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ اے آئی کا استعمال ضروری ہے اور وقت کی اہم ضرورت بھی ہے، لیکن اس کے استعمال میں شفافیت اور جوابدہی بھی لازمی ہونی چاہیے۔

اس کے علاوہ، گفتگو کا مرکز اقتصادی شمولیت رہا اور اس بات پر زور دیا گیا کہ برکس ممالک آپس میں تجارت کو کس طرح فروغ دے سکتے ہیں اور اقتصادی تعاون کو بہتر بنا سکتے ہیں۔ بھارت ہمیشہ قانون کی بالادستی، عالمی تعاون اور عالمی سطح پر مکالمے کی اہمیت کا حامی رہا ہے۔

اگلا برکس سربراہی اجلاس بھارت کی میزبانی میں منعقد ہوگا۔ دیگر برکس ممالک کے تعاون سے، ہم اقتصادی، سماجی، تجارتی، اے آئی اور دیگر اہم امور پر تبادلۂ خیال کریں گے۔ بھارت میں اجلاس کے لیے ایجنڈا ترتیب دیا جائے گا اور بھارت اس تقریب کو کامیاب اور بامقصد بنانے کو یقینی بنائے گا۔

میں تمام برکس ممالک کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور اس اعتماد کا اظہار کرتا ہوں کہ باہمی کوششوں، پارلیمانی تبادلوں، خیالات، بہترین طریقۂ کار اور تجربات کے اشتراک سے ہم اپنے شہریوں کے ساتھ بہتر تعلق قائم کر سکتے ہیں اور ان کی زندگیوں میں مثبت اور بامعنی تبدیلی لا سکتے ہیں۔

میں برکس کے تمام ممالک کے اسپیکروں اور پارلیمان کے صدور کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں۔

******

ش ح۔ ش ا ر۔ ول

Uno- 1551


(Release ID: 2134797)