نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کی وزارت
ڈاکٹر من سکھ منڈاویانے ’اربن اڈا 2025‘ کا افتتاح کیا اور سائیکلنگ پر اہم کتابوں کا اجرا کیا
"سنڈیز آن سائیکل‘ مہم ’فٹ انڈیا‘ کو فروغ دینے کی قومی تحریک بن چکی ہے: ڈاکٹر من سکھ منڈاویا"
"سائیکلنگ بہترین ورزش اور آلودگی کا حل ہے: مرکزی وزیر"
Posted On:
03 JUN 2025 3:33PM by PIB Delhi
محنت اور روزگار اور نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کے مرکزی وزیر ، ڈاکٹر من سکھ منڈاویانے آج نئی دہلی میں تین روزہ ’اربن اڈا 2025‘ کانکلیو کا افتتاح کیا۔ اس کانکلیو کا مقصد نوجوان آوازوں، ماہرین، اور رہنماؤں کو ایک پلیٹ فارم پر لا کر پائیدار شہری مستقبل کی تشکیل کے لیے تبادلۂ خیال اور تعاون کو فروغ دینا ہے۔

اپنے کلیدی خطاب کے دوران ڈاکٹر من سکھ منڈاویانے کہا:
"سائیکلنگ ورزش کی بہترین شکل ہے۔ یہ نہ صرف ہمیں صحت مند بناتی ہے بلکہ ماحولیاتی پائیداری میں بھی مددگار ہے۔ سائیکلنگ آلودگی کا حل ہے۔"

اپنے ماضی کے تجربات پر روشنی ڈالتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا:
"جب میں پہلی بار رکن پارلیمنٹ بنا تو میں روزانہ سائیکل پر پارلیمنٹ جایا کرتا تھا، اور لوگ مجھے ’سائیکل والا ایم پی‘ کہتے تھے۔ ہمیں سائیکلنگ کو ایک تحریک بنانا ہوگا، اس تاثر کو ختم کرنا ہوگا کہ یہ صرف کسی خاص طبقے کے لیے ہے۔ تب ہی سائیکلنگ سب کے لیے ایک فیشن بن سکے گی۔"
برادری میں شمولیت کو فروغ دینے پر زور دیتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا:
"’سنڈیز آن سائیکل‘ پہل فٹ انڈیا کو فروغ دینے کی ایک قومی تحریک بن چکی ہے۔ میں سب سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ روزانہ سائیکل چلائیں اور 2047 تک وکست بھارت کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈالیں۔"
ورلڈ بائیسیکل ڈے کے موقع پر منعقدہ اس تقریب کے دوران، ڈاکٹر من سکھ منڈاویانے دو اہم مطبوعات کا باضابطہ اجرا بھی کیا:
- "سائیکلنگ، بچے اور شہر" – مصنفہ: ڈاکٹر بھاویراوی جوشی
- "روڈ ٹو سائیکل ٹو اسکول" – مصنفین: ڈاکٹر بھاویراوی جوشی اور آرکیٹیکٹ (اے آر)کوش پاریخ
یہ کتابیں شہری ماحول کو فعال نقل و حرکت، صحت مند طرزِ زندگی، اور بچوں کے لیے محفوظ عوامی مقامات کے فروغ کے لیے فوری طور پر ازسرنو ترتیب دینے کی وکالت کرتی ہیں۔
کتابوں کے اجرا کے موقع پر ڈاکٹر من سکھ منڈاویانے کہا:
"اگر ہم 2047 تک واقعی ایک وکست بھارت کی تعمیر چاہتے ہیں، تو ہمیں اپنے بچوں کی روزمرہ زندگی کو محفوظ بنانے سے شروعات کرنی ہوگی — محفوظ سڑکوں، صحت مند عوامی مقامات، اور سائیکلنگ جیسے قابل رسائی ذرائع نقل و حرکت کے ذریعے۔"
اجلاس کے اختتام پر ڈاکٹر بھاویراوی جوشی — جو پیشے سے ڈینٹسٹ، بی وائی سی ایس انڈیا فاؤنڈیشن کی سی ای او اور بانی ڈائریکٹر، اور سائیکلنگ کی سرگرم حامی ہیں — نے پوری ٹیم کی جانب سے پُرخلوص شکریہ ادا کیا۔

’اربن اڈا 2025‘، جو 3 جون سے 5 جون تک جاری رہے گا، میں موضوعاتی نشستیں شامل ہیں جن کا محور موسمیاتی لچکدار شہر، صنف و نقل و حمل، صاف ہوا اور پانی، فضلہ مینجمنٹ، اور شمولیتی ٹرانسپورٹ ہیں۔ اس میں شامل ہیں:
- یوتھ اڈا: نوجوان آوازوں کو شہری تبدیلی کے عمل میں بااختیار بنانے کے لیے ایک مخصوص فورم۔
- سائیکلو تھون: ورلڈ بائیسیکل ڈے پر شروع کیا گیا، جس میں 100 سے زائد سائیکل سوار فعال نقل و حرکت کو فروغ دے رہے ہیں۔
- اربن اڈا فلم فیسٹیول (یو اے ایف ایف۔ 25): 4 جون کو منعقد ہو گا، اس فیسٹیول میں موسمیاتی لچک اور شہری جدت پر مختصر فلمیں دکھائی جائیں گی، جس کے بعد اداکارہ پوجا بیڈی کی موجودگی میں گالا نائٹ ہوگی۔
- انٹرایکٹو پبلک آرٹ نمائشیں: فنکار ساگر سنگھ کی قیادت میں مرکزی ایٹریئم میں فن، حرکت اور پائیداری کا تخلیقی امتزاج پیش کیا جائے گا۔
تقریب میں شرکت کرنے والے معزز مہمانوں میں محترمہ ریکھا گپتا، معزز وزیر اعلیٰ دہلی؛ ڈاکٹر پنکج کمار سنگھ، معزز وزیر برائے ٹرانسپورٹ، دہلی؛ جناب راؤ نربیر سنگھ، معزز وزیر، ہریانہ؛ جناب راجیواردھن راٹھور، معزز وزیر، راجستھان؛ اور تعلیم، سول سوسائٹی، اور بین الاقوامی تنظیموں کے معروف رہنما شامل ہیں۔
یہ تقریب راہگیری فاؤنڈیشن کی جانب سے انٹرنیشنل کونسل آن کلین ٹرانسپورٹ (آئی سی سی ٹی )اور گرو جَل کے تعاون سے منعقد کی جا رہی ہے، جسے ناگررو کی معاونت حاصل ہے۔ یہ ایونٹ 3 جون سے 5 جون 2025 تک انڈیا ہیبیٹیٹ سینٹر، نئی دہلی میں جاری ہے۔

..................
( ش ح ۔ ا س ک ۔ ج )
U. No. 1390
(Release ID: 2133550)