بندرگاہوں، جہاز رانی اور آبی راستوں کی وزارت
مرکزی وزیر سربانند سونووال نے اہم سمندری منصوبوں کا جامع جائزہ لیا
جناب سربانند سونووال نے کارگو کی معمول کی نقل و حرکت کو یقینی بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا؛ حکام کو ہدایت دی کہ کاروبار معمول کے مطابق جاری رہے
Posted On:
09 MAY 2025 8:05PM by PIB Delhi
بندرگاہوں، جہاز رانی و آبی گزرگاہوں کے مرکزی ویز جناب سربانند سونووال نے آج ممبئی میں حکام کے ساتھ وسیع جائزہ میٹنگ منعقد کی۔ موجودہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے، مرکزی وزیر نے اہم سمندری منصوبوں کا جائزہ لیا اور حکام کو ہدایت دی کہ کاروبار معمول کے مطابق جاری رہے۔ جناب سونووال نے کارگو آپریشنز کی ہموار اور باقاعدہ نقل و حرکت کو یقینی بنانے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کا بھی جائزہ لیا۔

وزارت کے تحت اہم اداروں، جن میں شپنگ کارپوریشن آف انڈیا (ایس سی آئی)، جواہر لال نہرو پورٹ اتھارٹی (جے این پی اے)، انڈین پورٹ ریل اینڈ روپ وے کارپوریشن لمیٹڈ (آئی پی آر سی ایل)، انڈین پورٹ گلوبل لمیٹڈ (آئی پی جی ایل)، ڈائریکٹوریٹ جنرل آف شپنگ، اور ممبئی پورٹ اتھارٹی نے دن بھر کے اجلاس میں شرکت کی۔
مرکزی وزیر نے گجرات کے لوتھل میں نیشنل سمندری ورثہ کمپلیکس (این ایم ایچ سی) کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا، جو وزارت کے اہم منصوبوں میں سے ایک ہے۔

ایس سی آئی کے سی ایم ڈی اور ڈائریکٹرز کے ساتھ تفصیلی بات چیت میں، مرکزی وزیر نے موجودہ آپریشنز، بحری جہازوں کی تعداد میں اضافے، اور حکومت کے وژن 2047 کے مطابق طویل مدتی توسیعی حکمت عملیوں کا جائزہ لیا۔ بھارت کی اسٹریٹجک قومی شپنگ لائن کے طور پر، ایس سی آئی سمندری خود انحصاری اور صلاحیت میں اضافے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
جے این پی اے کے چیئرمین انمیش واگھ اور سینئر حکام کے ساتھ ودھاون میں گرین فیلڈ میگا پورٹ منصوبے کا گہرائی سے جائزہ لیا گیا۔ وزیر نے بندرگاہ کی ترقی کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا، اور وزیر اعظم کے بھارت کو عالمی سمندری رہنما بنانے کے وژن کا حوالہ دیا۔
مرکزی وزیر نے آئی پی جی ایل کے چیئرمین سنیل مکنڈن سے بھی ملاقات کی تاکہ کمپنی کی عالمی کارکردگی کا جائزہ لیا جا سکے۔ بات چیت میں ایران کے چابہار بدرگاہ اور میانماں کے سیتوے بندرگاہ کے ترقیاتی کاموں اور مستقبل کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا، جو بھارت کے بین الاقوامی سمندری اثرات کو وسعت دینے کے اہم منصوبے ہیں۔
آئی پی آر سی ایل کے چیئرمین ایم کے سیموال اور سینئر مینجمنٹ کے ساتھ ایک الگ اجلاس منعقد کیا گیا تاکہ اہم ریل رابطہ منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا جا سکے، خاص طور پر وہ جو آسام میں آئی ڈبلیو اے آئی آپریشنز اور بڑی بندرگاہوں میں بنیادی ڈھانچے کی حمایت کرتے ہیں۔ وزیر نے آئی پی آر سی ایل کو بڑھتی ہوئی کارگو مقدار کے پیش نظر بندرگاہ سے منسلک ریل ٹریک کی ترقی کو ترجیح دینے کی ہدایت دی۔
اس کے علاوہ، مرکزی وزیر نے نئے قائم شدہ نیشنل شپنگ بورڈ (این ایس بی) کے ساتھ بات چیت کی، اس کے چیئرپرسن اور اراکین کا خیرمقدم کیا۔ جناب سونووال نے بورڈ کے پالیسی رہنمائی میں اہم کردار پر زور دیا اور بھارت کے سمندری مستقبل کو تشکیل دینے میں اس کے تعاون پر اعتماد کا اظہار کیا۔
جناب سونووال نے کہا، ”وزیر اعظم جناب نریندر مودی جی کی بصیرت افروز قیادت میں، ہم سمندری معیشت کے مواقع کو تلاش کرنے اور ہمارے سمندری شعبے کو دنیا میں ایک بڑی طاقت بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ ہماری تمام ایجنسیاں، تنظیمیں اور ٹیمیں وزیرِاعظم مودی کے اس وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے کام کر رہی ہیں تاکہ ہمارے ملک کو وکست بھارت کے طور پر تبدیل کیا جا سکے۔ ہم نے اپنے اہم منصوبوں کا جائزہ لینے اور ان سمندری اہداف کے فوری حصول کے لیے اقدامات کرنے کے لیے ملاقات کی۔“
سیکریٹری (بندرگاہوں، جہاز رانی اور آبی گزرگاہ ) جناب ٹی کے راماچندرن اور جوائنٹ سیکریٹری (بندرگاہوں) جناب آر لکشمنن بھی موجود تھے اور اعلیٰ سطحی غور و خوض میں شریک ہوئے۔
************
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U :706 )
(Release ID: 2127994)
Visitor Counter : 2