لوک سبھا سکریٹریٹ
دہشت گردی ایک سنگین عالمی چیلنج ہے اور اس کے مکمل خاتمے کے لیے تمام جمہوری ممالک کو متحد ہونا پڑے گا: اسپیکر لوک سبھا
جاپان کی ایوانِ نمائندگان کے اسپیکر عالی جناب نوکاگا فُکوشیرو نے پہلگام میں دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھارت کو جاپان کی مکمل حمایت کا یقین دلایا
موجودہ عالمی منظر نامے میں بھارت اور جاپان کے درمیان دوستی، عالمی امن، خوشحالی اور استحکام کے لیے نہایت ضروری ہے: اسپیکر لوک سبھا
بھارت اور جاپان کواڈ، جی-20 اور بین الاقوامی شمسی اتحاد جیسے کثیر فریقی فورمز میں قریبی اتحادی ہیں: اسپیکر لوک سبھا
جناب برلا نے جاپان میں مختلف شعبوں میں بھارت کے 50,000 سے زائد ہنر مند افراد کو مواقع فراہم کرنے کی تجویز کا خیرمقدم کیا
پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس میں جاپانی پارلیمانی وفد کی لوک سبھا اسپیکر سے ملاقات
Posted On:
02 MAY 2025 5:29PM by PIB Delhi
لوک سبھا اسپیکر جناب اوم برلا نے آج زور دے کر کہا کہ امن، سلامتی اور قانون کی حکمرانی کے مشترکہ عزم کے پابند تمام جمہوری ممالک کو دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے اکٹھا ہونا پڑے گا۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ دہشت گردی ایک سنگین عالمی چیلنج ہے، جو قومی سرحدوں سے بالاتر ہے اور پرامن معاشروں کے تانے بانے کے لیے خطرہ ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کے مؤثر انسداد اور جمہوری معاشروں کی بنیادی اقدار کے تحفظ کے لیے باہمی اعتماد اور بین الاقوامی اصولوں کے احترام پر مبنی مشترکہ اور مضبوط ردعمل کی ضرورت پر زور دیا۔
جناب برلا نے، آج پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس میں جاپان کی ایوانِ نمائندگان کے اسپیکر عالی جناب نوکاگا فُکوشیرو کی قیادت میں آنے والے جاپانی پارلیمانی وفد سے ملاقات کے دوران، ان خیالات کا اظہار کیا۔
جناب محترم نوکاگا فُکوشیرو نے پہلگام میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی اور دہشت گردی کے خلاف بھارت کی جنگ میں جاپان کی پختہ حمایت کا اعادہ کیا۔ جناب برلا نے پہلگام دہشت گرد حملے پر بھارت کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنے پر جاپان کی قیادت کی تعریف کی اور زور دیا کہ موجودہ عالمی صورت حال میں بھارت اور جاپان کی دوستی عالمی امن، خوشحالی اور استحکام کے لیے نہایت ضروری ہے۔
جناب برلا نے بھارت اور جاپان کی کواڈ، جی-20، اور بین الاقوامی شمسی اتحاد جیسے کثیر فریقی فورمز میں شراکت داری کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے علاقائی اور عالمی امور پر مشترکہ تشویشات اور خیالات ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ باہمی مفاہمت پر مبنی ہمارے تعلقات باہمی ترقی، امن اور بھارت بحر الکاہل خطے میں امن و استحکام کے لیے انتہائی اہم ہیں۔ بدلتے ہوئے عالمی منظرنامے میں یہ دوستی اب اسٹریٹجک اور عالمی تعاون کی شکل اختیار کر چکی ہے۔
جناب برلا نے کہا کہ بھارت اور جاپان کی دوستی تہذیبی روابط، بدھ مت کے مشترکہ ورثے اور جمہوری اقدار سے وابستگی پر مبنی ہے۔ انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ ہر سال بڑی تعداد میں جاپانی سیاح اور زائرین بھارت میں بدھ مت سے متعلق مقامات کی زیارت کے لیے آتے ہیں، جو دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط کو فروغ دیتا ہے۔
جناب برلا نے جاپان میں مختلف شعبوں میں ہندوستان سے 50,000 سے زیادہ اہل انسانی وسائل کو مواقع فراہم کرنے کی جاپانی تجویز کا بھی خیرمقدم کیا۔انہوں نے ملک میں ہندوستانی طلبا کو مزید مواقع فراہم کرنے پر جاپان کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے ہندوستان کے شمال مشرقی خطے میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں تعاون کی یقین دہانی پر بھی جاپان کا شکریہ ادا کیا۔
اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ پچھلے سال ہندوستان نے آئین کے 75 سال کا سنہری سفر مکمل کیا ، جناب برلا نے کہا کہ آئین نے ہندوستان کی ترقی اور فروغ کے سفر میں اہم رول ادا کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئین کی رہنمائی میں ملک نے آزادی کے بعد بڑے پیمانے پر سماجی و اقتصادی تبدیلیاں کی ہیں اور عوامی فلاح و بہبود کو اوّلین ترجیح دی ہے۔
’معذوری حقوق ایکٹ-2016‘ اور ’مخنث افراد سے متعلق ’دی ٹرانس جینڈر پرسنز ایکٹ ، 2019‘ جیسے قوانین کا حوالہ دیتے ہوئے جناب برلا نے رائے ظاہر کی کہ ان قوانین نے معاشرے کے آخری فرد کو مرکزی دھارے سے جوڑنے میں اہم رول ادا کیا ہے۔ انہوں نے وفد کو بتایا کہ ایک جدید، متوازن اور ترقی پسند معاشرے کی تعمیر کے لیے ہمارے قانون سازی کے عمل میں خواتین کی شرکت بڑھانے کے لیے ’ناری شکتی وندن ادھینیم‘ منظور کیا گیا ہے، جس میں یونین اور ریاستی قانون سازوں میں خواتین کے لیے نشستیں مختص کی گئی ہیں۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ہندوستانی پارلیمنٹ نے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے استعمال میں اضافہ کیا ہے، تاکہ اس کے کام کاج میں شفافیت لائی جا سکے اور اسے عوام کے لیے قابل رسائی اور زیادہ موثر بنایا جا سکے، جس کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔انہوں نے ان تجربات کو جاپان کی پارلیمنٹ کے ساتھ مشترک کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
اس موقع پر راجیہ سبھا کے نائب چیئرمین جناب ہری ونش، راجیہ سبھا کے رکن پارلیمنٹ جناب سنجے جھا، لوک سبھا کے رکن پارلیمنٹ جناب بھرتروہری مہتاب، جناب دپیندر سنگھ ہڈا اور محترمہ کمل جیت سہراوت موجود تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ش ح۔ ش ب ۔ م ر
Urdu No. 499
(Release ID: 2126265)