ریلوے کی وزارت
مرکزی وزراء جناب اشونی ویشنو اور جناب وی سومنّا نے پارلیمنٹ ہاؤس میں جناب بسویشور کو تاریخی خراج عقیدت پیش کی، ‘‘پریرنا استھل’’ پر پہلی بار گلہائے عقیدت پیش کیا گیا
بارہویں صدی کے مصلح سنت بسونّا کی وراثت کو قومی فورم پر خراج تحسین پیش کیا گیا، رہنماؤں نے ان کے جمہوری نظریات، مساوات اور شمولیت پر مبنی سماج کے وژن کو یاد کیا
Posted On:
30 APR 2025 9:36PM by PIB Delhi
ریلوےکے مرکزی وزیرجناب اشونی ویشنو اور ریلوےکے وزیر مملکت جناب وی سومنّا نے آج جناب بسویشور کی 894ویں یوم پیدائش کی یاد میں نئی دہلی میں پارلیمنٹ ہاؤس کے ‘‘پریرناا ستھل’’ پر جگجیوَتی جناب بسویشور کے مجسمے پر گلہائے عقیدت پیش کیے۔
یہ پہلا موقع تھا جب یہ تقریب اس مقام پر منعقد کی گئی جو حکومت کی جانب سے اس عظیم سماجی مصلح کی وراثت کو تسلیم کرنے اور خراج عقیدت پیش کرنے کی علامت ہے۔

سنت بسونّا، جو 12ویں صدی کی ایک انقلابی شخصیت تھے، نے مساوات کا پیغام عام کیا اور ‘‘محنت ہی پوجا ہے’’ کے اصول کو فروغ دیا۔ انہوں نے ایک ایسے سماج کی تعمیر کے لیے انتھک محنت کی جو محنت کشوں کے وقار پر مبنی ہو۔
یہ تسلیم کرنا نہایت اہم ہے کہ ان کا دور اندیش کام کرنے کا طریقہ،12ویں صدی میں ہی اُن بنیادی اصولوں کی بنیاد رکھ چکا تھا جن پر آج جدید جمہوریت کی عمارت کھڑی ہے۔ جناب بسویشور نہ صرف ایک عظیم سماجی مصلح تھے بلکہ ایک بہترین منتظم بھی تھے۔
بھگوان بسویشور کی تعلیمات روحانی علم کا سرچشمہ ہیں اور عملی زندگی گزارنے کا راستہ بھی دکھاتی ہیں۔ ان کے اقوال ہمیں ایک بہتر انسان بننے اور معاشرے کو روادار، مہربان اور انسان دوست بنانے کی ترغیب دیتے ہیں۔ انہوں نے کئی صدیوں قبل ہی معاشرتی اور صنفی مساوات جیسے اہم مسائل پر ہمارے معاشرے کی رہنمائی کی تھی۔

بھگوان بسویشور نے ایک ایسے جمہوری نظام کی بنیاد رکھی جو سماج کے آخری پائیدان پر کھڑے فرد کے حقوق کو ترجیح دیتا ہے اور ان کا فروغ کرتا ہے۔ انہوں نے صرف اصلاحات کی تبلیغ ہی نہیں کی بلکہ خود اپنی زندگی میں ان اصولوں کو اپنایا اور ان پر عمل بھی کیا۔سنت بسونّا ذات پات سے پاک معاشرے کے قائل تھے اور ایک منصفانہ و مساوات پر مبنی معاشرے کے لیے اس نظام کے خاتمے کے حامی تھے۔ انہوں نے تمام جانداروں کے لیے محبت اور ہمدردی کا پیغام دیا۔
سنت بسونّا نے صدیوں پہلے ‘‘انوبھَو منڈپم’’ کے ذریعے کنڑ سماج میں ایک عالمگیر اور ہمہ جہت جمہوریت کی عملی مثال پیش کی۔ انہوں نے معاشرے کے ہر طبقے کے مسائل کے حل کے لیے اپنے اقوال کے ذریعے آسان اور خوبصورت حل پیش کیے۔
سنت بسونّا کی تعلیمات نہ صرف کرناٹک بلکہ پورے بھارت اور دنیا کو امن، ہم آہنگی اور شمولیت پر مبنی جمہوریت کی راہ پر آگے بڑھنے میں مدد فراہم کریں گی۔

اس تقریب میں کُڈل سنگم لنگایت پنچماسالی پیٹھا کے جگدگرو شری باسوا جیا مرتیونجیا سوامی جی کی مقدس موجودگی نے پروگرام کو رونق بخشی۔اس موقع پر مرکزی وزراء جناب کرن رجیجو اور جناب پرہلاد جوشی، مرکزی وزرائے مملکت محترمہ شوبھاکرندلاجے، جناب رونیت سنگھ بِٹو اور جناب راج بھوشن چودھری بھی موجود تھے،ان کے ساتھ ساتھ اراکین پارلیمنٹ جناب پی سی گڈی گوڑر، جناب تیجسوی سوریہ، راجیہ سبھا کے ممبران جناب ایرنّا بی کڈاڈی، جناب انّا صاحب جولے اور محترمہ ششی کلا جولے کے علاوہ دیگر معزز شخصیات اور روحانی رہنما بھی تقریب میں موجود تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
(ش ح – ع ح-ع ن)
U. No. 416
(Release ID: 2125664)
Visitor Counter : 12