وزارت دفاع
جی ایس ایل کے ذریعے تعمیر کردہ پروجیکٹ 1135.6 کا دوسرا بحری جہاز لانچ کیا گیا
دفاع کے وزیر مملکت جناب سنجے سیٹھ نے کہا کہ لانچ ہندوستان کی تکنیکی صلاحیتوں اور آتم نربھر بھارت کے لیے غیر متزلزل عزم کو ظاہر کرتا ہے
Posted On:
22 MAR 2025 5:34PM by PIB Delhi
گوا شپ یارڈ لمیٹڈ (جی ایس ایل) کے ذریعے تعمیر کردہ پروجیکٹ 1135.6 اضافی فالو آن بحری جہازوں کا دوسرا فریگیٹ، جس کا نام ’تاوسیہ‘ ہے، آج 22 مارچ 2025 کو دفاع کے وزیر مملکت جناب سنجے سیٹھ کی موجودگی میں محترمہ نیتا سیٹھ کے ذریعے جی ایس ایل گوا میں لانچ کیا گیا۔ یہ فریگیٹ P1135.6 جہازوں کے فالو آن ہیں جنھیں اب ہندوستانی شپ یارڈ مقامی طور پر تعمیر کر رہا ہے۔
اس موقع پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے دفاع نے ہندوستانی بحریہ کی بڑھتی ہوئی خود انحصاری پر روشنی ڈالی۔ انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ ”یہ لانچ ہندوستان کی بحریہ کی تاریخ کا ایک اہم لمحہ ہے، جو ہماری تکنیکی صلاحیتوں اور خود انحصاری کے لیے غیر متزلزل عزم کو ظاہر کرتا ہے۔“
دفاع کے وزیر مملکت نے مزید کہا کہ برہموس میزائل سسٹم، ٹارپیڈو لانچر، سونار اور معاون کنٹرول سسٹم جیسے اہم اجزا کی کامیاب لوکلائزیشن ہندوستان کے جہاز سازی کے ماحولیاتی نظام کی بڑھتی ہوئی لچک کو ظاہر کرتی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ”تاوسیہ کا آغاز ہندوستانی بحریہ کے لیے صرف ایک قدم نہیں بلکہ ہندوستان کے اسٹریٹجک دفاعی عزائم کے لیے ایک بڑی چھلانگ ہے۔“
اس جہاز کا نام ’تاوسیہ‘ رکھا گیا ہے، جو ’مہا بھارت‘ کے افسانوی جنگجو ’بھیم‘ کی گدا کے نام پر ہے جو ہندوستانی بحریہ کے ناقابل تسخیر جذبے اور بڑھتی ہوئی طاقت کی نمائندگی کرتا ہے۔
وزارت دفاع اور گوا شپ یارڈ لمیٹڈ کے درمیان 25 جنوری 2019 کو دو پروجیکٹ 1135.6 فالو آن فریگیٹ کی تعمیر کے معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے۔ پہلا جہاز ’تریپوت‘، 23 جولائی 24 کو لانچ کیا گیا تھا۔ یہ جہاز سطحی، ذیلی سطح اور فضائی جنگی کارروائیوں کے لیے ڈیزائن کیے گئے ہیں۔
’تریپوت‘ اور ’تاوسیہ‘ میں مقامی سازوسامان، ہتھیاروں اور سینسروں کا ایک بڑا حصہ ہے، جو ہندوستانی مینوفیکچرنگ اکائیوں کے ذریعے بڑے پیمانے پر دفاعی پیداوار کو یقینی بناتے ہیں جو ملک کے اندر روزگار اور صلاحیت میں اضافہ کرتے ہیں۔ یہ جہاز اسٹیلتھ فیچر، جدید ہتھیاروں اور سینسر اور پلیٹ فارم مینجمنٹ سسٹم سے بھی لیس ہیں۔
*************
ش ح۔ ف ش ع
U: 8726
(Release ID: 2114067)
Visitor Counter : 24