امور داخلہ کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

امور داخلہ اورباہمی تعاون کے مرکزی وزیر جناب امت شاہ نے گجرات کے جوناگڑھ میں برہمانند ودیادھام میں مختلف پروجیکٹوں کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا


برہمانند ودیادھام کا پورا تعلیمی نظام، جس میں آنگن واڑی سے لے کر 4000 سے زیادہ طلبہ کے لیے ایک میڈیکل کالج تک قابل ستائش ہے

سابقہ حکومتیں ووٹ بینک کے خوف سے ملک کے مسائل کو التوا میں رکھتی تھیں، مودی جی نے تمام زیر التوا مسائل حل کیے

ملک کا تحفظ مودی حکومت کا اولین فرض ہے، ملک کی سلامتی میں حکومت کبھی کوئی کوتاہی نہیں کرے گی

جناب مکتانند باپو کی رہنمائی میں، ایک چھوٹے سے گاؤں میں کئی اقدامات شروع کیے گئے ہیں، جن میں 450 بستروں کا اسپتال، ایک مویشیوں کا اسپتال، ایک نیچروپیتھی سینٹر، ایک فوجی اسکول، اور آنند دھارا پروجیکٹ شامل ہیں

Posted On: 08 MAR 2025 7:46PM by PIB Delhi

امور داخلہ اور باہمی تعاون کے مرکزی وزیر جناب امت شاہ نے آج گجرات کے جوناگڑھ میں برہمانند ودیادھام میں مختلف پروجیکٹوں کا افتتاح کیا  اور سنگ بنیاد رکھا۔

پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے، امور داخلہ اور باہمی تعاون کے مرکزی وزیر جناب امت شاہ نے کہا کہ قابل احترام سنت جناب  مکتا نند باپو کی قیادت میں برہمانند ودیادھام میں آنگن واڑی سے لے کر 4,000 سے زیادہ طلباء کے لیے میڈیکل کالج تک پورا تعلیمی نظام قابل ستائش ہے۔

جناب امت شاہ نے کہا کہ آج سومناتھ جیوترلنگ کے درشن، شوگر مل کا سنگ بنیاد اور فوجی اسکول کا افتتاح ہوا۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے ووٹ بینک کے خوف سے ملک کے مسائل کو التوا میں رکھا۔ کشمیر سے آرٹیکل 370 کو ہٹانا، طلاق ثلاثہ کا خاتمہ، یکساں سول کوڈ، سی اے اے اور رام مندر کی تعمیر جیسے اہم معاملات زیر التوا رہ گئے۔ لیکن جب گجرات کے فرزند جناب نریندر مودی جی نے ملک کی باگ ڈور سنبھالی تو 10 سال کے اندر اندر تمام زیر التوا مسائل کو حل کر دیا۔ جناب شاہ نے کہا کہ 550 سال بعد بھگوان رام خیمے سے باہر نکل کر اپنے عظیم الشان مندر میں بیٹھے ہیں۔ کاشی وشوناتھ کوریڈور، جسے اورنگ زیب نے تباہ کر دیا تھا، دوبارہ تعمیر کر دیا گیا ہے۔ حملہ آوروں کے ہاتھوں بار بار تباہ ہونے والے سومناتھ مندر کی بھی سونے سے تزئین و آرائش کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔

مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ ملک کا تحفظ مودی حکومت کا اولین فرض ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت ملکی سلامتی کو یقینی بنانے میں کبھی کوئی کوتاہی نہیں برتے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب اپوزیشن پارٹی اقتدار میں تھی تو انہوں نے ملکی سلامتی کو نظر انداز کیا۔ پاکستان سے دہشت گرد آتے، بم دھماکے کرتے اور چلے جاتے، لیکن کوئی جواب نہیں دیا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ جب مودی جی 2014 میں وزیر اعظم بنے تو 2015 میں اڑی اور پلوامہ میں حملے ہوئے، پاکستان کے دہشت گردوں کو شاید یہ احساس نہیں تھا کہ وزیر اعظم اور حکومت بدل چکی ہے، اور جناب نریندر مودی جی اب وزیر اعظم ہیں۔ مودی جی کی قیادت میں 10 دنوں کے اندر سرجیکل اسٹرائیک اور فضائی حملے کیے گیے، پاکستان کی سرزمین میں گھس کر دہشت گردوں کا صفایا کر دیا۔ اس دن سے پوری دنیا سمجھ گئی کہ ہندوستانی فوج اپنی سرحدوں کی حفاظت کے لیے مضبوط کھڑی ہے اور اس کے خلاف جرات کرنے والوں کو نتائج بھگتنا ہوں گے۔

جناب امت شاہ نے کہا کہ اس ملک میں 60 سے 70 کروڑ لوگ زراعت پر منحصر ہیں، لیکن سابقہ حکومت کسانوں اور زراعت دونوں سے لاتعلق تھی۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت کی حکومت نے 2013-14 کے بجٹ میں زراعت کے لیے صرف 22,000 کروڑ روپے مختص کیے تھے، لیکن آج مودی جی کی قیادت میں زرعی شعبے کا بجٹ چھ گنا بڑھا کر 1.37 لاکھ کروڑ روپے کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مودی جی نے کسانوں کو 25 لاکھ کروڑ روپے کا قرض فراہم کیا ہے۔

امور داخلہ اور باہمی تعاون کے مرکزی وزیر نے کہا کہ آج تعلیم سے متعلق ایک پروگرام ہوا، جس کے دوران ملٹری اسکول کا افتتاح ہوا۔ اس کے علاوہ ملٹری اسکول کے اسٹاف کوارٹر، برہمانند ودیادھام کے اسٹاف کوارٹر، جئے امبے اسپتال کے مختلف پروجیکٹوں اور میڈیکل کالج کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ جناب مکتا نند باپو کئی سالوں سے بے لوث خدمت کر رہے ہیں اور انہوں نے ہمیشہ مصیبت زدہ لوگوں کی مدد کی ہے۔ آج، ان کی رہنمائی میں، ایک چھوٹے سے گاؤں میں کئی اقدامات شروع کیے گئے ہیں، جن میں 450 بستروں کا اسپتال، ایک مویشی اسپتال، بچوں کے ادارے، ایک نیچروپیتھی سینٹر، ایک فوجی اسکول، اور آنند دھارا پروجیکٹ شامل ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ  جناب مکتا نند باپو نے کمبھ کے دوران روزانہ 25,000 لوگوں کو کھانا کھلایا۔ جناب شاہ نے زور دے کر کہا کہ اس مہا کمبھ نے پوری دنیا کو سناتن کا ایک مضبوط پیغام دیا ہے، جسے آنے والے کئی سالوں تک یاد رکھا جائے گا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

(ش ح ۔ رض۔ خ  م  (

8002xxxxxxxx


(Release ID: 2109640) Visitor Counter : 13


Read this release in: English , Gujarati , Tamil