خواتین اور بچوں کی ترقیات کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

خواتین و بچوں کی ترقی کی مرکزی وزیر، محترمہ انپورنا دیوی، نیویارک میں کل سے شروع ہونے والے اقوام متحدہ کے خواتین کمیشن کے 69ویں سیشن میں شرکت کریں گی


وزیر موصوفہ خواتین اور لڑکیوں کی ہمہ جہتی ترقی کے لیے حکومت ہند کے اقدامات پر قومی بیان دیں گی

وزیر موصوفہ وہاں موجود بھارتی برادری کے افراد سے بھی ملاقات کریں گی

Posted On: 09 MAR 2025 9:10AM by PIB Delhi

خواتین و بچوں کی ترقی (ڈبلیو سی ڈی)  کی مرکزی وزیر، محترمہ انپورنا دیوی کی قیادت میں حکومتِ ہند کا ایک وفد، اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر واقع  نیویارک میں 10 مارچ 2025 سے شروع ہونے والے خواتین کی حیثیت سے متعلق کمیشن (سی ایس ڈبلیو) کے 69ویں اجلاس میں شرکت کرے گا۔

وزیر موصوفہ کمیشن میں قومی بیان پیش کریں گی اور وزارتی گول میز مباحثے میں شرکت کریں گی، جہاں وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی بصیرت افروز قیادت میں حکومتِ ہند کی جانب سے خواتین اور لڑکیوں کی ہمہ جہت ترقی اور بااختیاری کے لیے کیے گئے انقلابی اور دور رس اقدامات کو اجاگر کیا جائے گا۔ ان اقدامات میں صحت و بہبود، تعلیم و کاروبار، ڈیجیٹل و مالی شمولیت، خواتین کی قیادت اور فیصلہ سازی کو فروغ دینا، اور مختلف اسکیموں کے ذریعے محنت و مشقت میں کمی لانے جیسے اقدامات شامل ہیں۔

وہ خواتین اور لڑکیوں کی بااختیاری سے متعلق مختلف امور پر ہونے والی بحثوں میں بھی حصہ لیں گی، جن میں بیجنگ اعلامیہ اور پلیٹ فارم فار ایکشن کے نفاذ کو تیز کرنے اور اس کے لیے وسائل کی فراہمی کے عزم کے ساتھ ساتھ پائیدار ترقیاتی اہداف (ایس ڈی جیز) کے حصول میں اپنا کردار ادا کرنے جیسے موضوعات شامل ہوں گے۔

خواتین کی حیثیت سے متعلق کمیشن (سی ایس ڈبلیو) عالمی سطح پر واحد بین الحکومتی ادارہ ہے جو خاص طور پر صنفی مساوات، خواتین کے حقوق اور ان کے بااختیار بنانے کے فروغ کے لیے وقف ہے۔ یہ اقوام متحدہ کی اقتصادی و سماجی کونسل (ای سی او ایس او سی) کا ایک فعال کمیشن ہے، جس کا آئندہ اجلاس 10 سے 21 مارچ 2025 تک منعقد ہوگا۔

اس سال کا اجلاس اس لحاظ سے تاریخی اہمیت رکھتا ہے کہ سال 2025 خواتین اور لڑکیوں کے بااختیار بنانے کے حوالے سے عالمی سطح پر ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھنے والے رہنما اصول، بیجنگ اعلامیہ اور پلیٹ فارم فار ایکشن کی 30ویں سالگرہ کا موقع ہے، جسے 1995 میں چوتھی عالمی خواتین کانفرنس میں اپنایا گیا تھا۔

یہ اجلاس اس اعلامیے کے نفاذ کا جائزہ لینے اور اس کی جانچ پر مرکوز ہوگا، تاکہ صنفی مساوات کے حصول اور خواتین کے مکمل بااختیار ہونے کے لیے درپیش عالمی پیش رفت اور چیلنجز کا تجزیہ کیا جا سکے، نیز 2030 ایجنڈا برائے دائمی ترقی کے مکمل نفاذ کے لیے راہیں تلاش کی جا سکیں۔

مرکزی وزیر برائے خواتین و بچوں کی ترقی ایک اعلیٰ سطحی ضمنی تقریب میں مہمانِ خصوصی کے طور پر بھی شرکت کریں گی، جو 12 مارچ 2025 کو اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں منعقد ہوگی۔ اس تقریب کا موضوع ہوگا: ’’ڈیجیٹل اور مالیاتی شمولیت – خواتین کے بااختیار بنانے اور قیادت کے لیے ایک محرک: گلوبل ساؤتھ کے تجربات اور بنیادی وسائل کی اہمیت‘‘۔

یہ تقریب حکومتِ ہند اور اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے خواتین کے صدر دفتر کے اشتراک سے منعقد کی جا رہی ہے، جس میں مختلف ممالک کے وزراء اور اعلیٰ سطحی حکام شریک ہوں گے۔

یہ اجلاس اقوامِ متحدہ کے تمام رکن ممالک، بین الحکومتی تنظیموں، نجی شعبے، مخیر حضرات، تعلیمی اداروں، سول سوسائٹی، خواتین کے گروہوں اور اقوامِ متحدہ کے اداروں کی بڑی تعداد میں شرکت کا مشاہدہ کرے گا۔

اپنے دورے کے دوران، وزیر موصوفہ بین الاقوامی یومِ خواتین کے تناظر میں بیرونِ ملک بھارتی  برادری کے ساتھ ایک مکالماتی نشست بھی منعقد کریں گی۔

******

ش ح۔ ش ا ر۔ ول

Uno- 8006


(Release ID: 2109593) Visitor Counter : 21


Read this release in: English , Hindi , Marathi , Tamil