وزارت ماہی پروری، مویشی پروری و ڈیری
زونوٹک بیماریوں سے متعلق آگاہی کے ورچوئل پروگرام میں ایک لاکھ سے زائد مویشی پالنے والی خواتین کسانوں کی شرکت
سیکریٹری محترمہ الکا اپادھیایہ نے مویشی پروری کے شعبے میں خواتین کے کردار کو سراہا، انہیں سرکاری اسکیموں سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی
Posted On:
08 MAR 2025 10:44AM by PIB Delhi
عالمی یوم خواتین کے موقع پر، ماہی پروری، مویشی پروری اور ڈیری کی وزارت کے تحت محکمہ مویشی پروری اور ڈیری (ڈی اے ایچ ڈی) نے کامن سروس سینٹرز (سی ایس سی) نیٹ ورک کے ذریعے ’’زونوٹک بیماریوں سے متعلق آگاہی‘‘ پھیلانے کے لیے ایک ورچوئل پروگرام منعقد کیا۔دیہی سطح کے کاروباری افراد (وی ایل ایز) نے 21 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں 2050 سے زائد کیمپ منعقد کئے جو اس پروگرام میں ورچوئل طور پر شامل ہوئے۔ واضح رہے کہ زونوٹک بیماریاں وہ بیماریاں ہیں جو جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہوجاتی ہیں۔
اس سیشن کی صدارت محکمہ مویشی پروری اور ڈیری کی سیکریٹری محترمہ الکا اپادھیایہ نے کی۔ پروگرام کے دوران، 1 لاکھ سے زائد مویشی پالن کرنے والی خواتین کسانوں کو مختلف زونوٹک بیماریوں، صاف دودھ کی پیداوار، اور بیماریوں کی روک تھام میں ایتھنوویٹرنری ادویات کے کردار کے بارے میں ماہرین اور ویٹرنری ڈاکٹروں نے معلومات فراہم کیں۔

خاتون کسانوں اور ڈیری فارمرز سے بات چیت کے دوران، محترمہ الکا اپادھیایہ نے ان کے مویشیوں کی صحت، ٹیکہ کاری کی صورتحال وغیرہ کے بارے میں دریافت کیا۔ ڈی اے ایچ ڈی کی سیکریٹری نے ڈیری کوآپریٹو سوسائٹیز (ڈی سی ایس) میں خواتین کے اہم کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی اجتماعی کوششوں نے قرض کی بہتر سہولت اور گاہکوں کی تعداد میں کئی گنا اضافہ یقینی بنایا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خواتین ڈیری کسانوں کی ثابت قدمی قابلِ تعریف ہے، کیونکہ وہ ان علاقوں میں خود کو فارمر پروڈیوسر آرگنائزیشنز (ایف پی اوز) ، کمیونٹی لنکڈ فارمرز (سی ایل ایف ایس) اور سیلف ہیلپ گروپس (ایس ایچ جی ایس) کے ذریعے منظم کرنے میں کامیاب رہی ہیں، جہاں ڈیری کوآپریٹو سوسائٹیز (ڈی سی ایس) موجود نہیں ہیں۔
محترمہ اپادھیایہ نے کہا کہ خواتین کی ڈیری سیکٹر میں شاندار شراکت ہے، لیکن انہیں اس شعبے میں مرکزی حکومت کی مختلف اسکیموں سے بھی فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ بکری اور بھیڑ پالنے سے متعلق اسکیمیں خواتین کسانوں کو کم لاگت میں اچھا منافع حاصل کرنے میں مدد دے سکتی ہیں۔
انہوں نے کووڈ وبا کی مثال دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ جانوروں اور انسانوں میں بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکنے اور پیداواریت کے نقصان سے بچنے کے لیے زونوٹک بیماریوں کی روک تھام پر توجہ دینا ضروری ہے۔
ڈی اے ایچ ڈی کی ایڈیشنل سیکریٹری محترمہ ورشا جوشی نے خواتین کسانوں سے بات چیت کے دوران مویشی پروری کے طریقوں اور عوامی صحت کے درمیان تعلق پر زور دیا۔ انہوں نے اس شعبے میں صفائی اور پائیدار طریقوں کی ضرورت پر تاکید کی اور صاف دودھ کی پیداوار کی اہمیت اور حیاتیاتی تحفظ (بایو سیکیورٹی) کے اقدامات پر بات کی تاکہ بیماریوں کو جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہونے سے روکا جا سکے۔
******
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-7977
(Release ID: 2109362)