کامرس اور صنعت کی وزارتہ
azadi ka amrit mahotsav

وزیر تجارت و صنعت جناب  پیوش گوئل مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس کے ساتھ شمالی ممبئی میں 15 خود بازتعمیر شدہ ہاؤسنگ سوسائٹیوں کی چابیاں تقسیم کرنے کی تقریب میں شریک ہوئے


شمالی ممبئی میں ہزار بستروں پر مشتمل اسپتال کی تعمیر تیزی سے جاری ہے اور مغربی کاندیولی میں ایک اور ہزار بستروں کا اسپتال قائم کیا جائے گا: جناب  گوئل

Posted On: 26 FEB 2025 11:14AM by PIB Delhi

تجارت و صنعت کے مرکزی وزیر، جناب  پیوش گوئل نے 25 فروری 2025 کو مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ جناب  دیویندر فڑنویس کے ساتھ شمالی ممبئی میں 15 خود بازتعمیر شدہ ہاؤسنگ سوسائٹیوں کی چابیاں تقسیم کیں۔ اس موقع پر ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے، وزیر نے یقین دلایا کہ مرکزی حکومت شہری بازتعمیر اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی سے متعلق مہاراشٹر حکومت کے اقدامات کو مکمل تعاون فراہم کرے گی۔

جناب  گوئل نے وزیر اعظم جناب  نریندر مودی کا پیغام پہنچاتے ہوئے کہا کہ حکومت بےگھر افراد اور کچے مکانوں میں رہنے والوں کو اسی علاقے میں پختہ مکان فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اس اقدام کا مقصد خاندانوں کے مستقبل کو محفوظ بنانا ہے تاکہ بچوں اور آنے والی نسلوں کے لیے ایک مستحکم رہائش فراہم کی جا سکے۔

جناب  گوئل نے شمالی ممبئی میں ہونے والی ترقی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حالیہ دنوں میں اس علاقے میں بنیادی ڈھانچے کے حوالے سے نمایاں پیش رفت دیکھنے میں آئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مگٹھانے میٹرو اسٹیشن کے قریب ہزار بستروں پر مشتمل اسپتال کی تعمیر تیزی سے جاری ہے، جبکہ مغربی کاندیولی میں ایک اور ہزار  بستروں پر مشتمل اسپتال کی تعمیر کا منصوبہ بنایا گیا ہے، جو اس خطے میں صحت کی سہولیات اور رسائی کو مزید بہتر بنائے گا۔

وزیر موصوف نے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس کی قیادت میں بنیادی ڈھانچے کے بڑے منصوبوں کو سراہا، جن میں ساحلی سڑک (ورلی-باندرہ) کو ورسووا تک توسیع دینے اور مجوزہ ساحلی سڑک کے ذریعے نئے ہوائی اڈے کو اٹل سیتو سے جوڑنے کے منصوبے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبے ممبئی میں ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے اور بہتر کنیکٹیویٹی فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

جناب  گوئل نے مہاراشٹر حکومت کی جانب سے اہم شہری مسائل کے حل کے لیے کی جانے والی کوششوں کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ مانسون کے موسم میں سڑکوں کو ہونے والے نقصان کے مستقل مسئلے سے نمٹنے کے لیے بڑے پیمانے پر سیمنٹ-کنکریٹ سڑکوں کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ، انہوں نے اس بات کو بھی تسلیم کیا کہ بغیر صاف کئے ہوئے سیوریج کے پانی سے آبی ذخائر کی آلودگی کے مسئلے کو مؤثر طریقے سے حل کیا جا رہا ہے، اور اس مقصد کے لیے 26,000 کروڑ روپے سے زائد فنڈ مختص کیا گیا ہے تاکہ سیوریج کے پانی کو سمندر میں چھوڑنے سے پہلے مناسب طریقے سے صاف کیا جا سکے۔

وزیر نے تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں خود بازتعمیر کے منصوبوں میں فعال طور پر حصہ لیں اور اس حوالے سے آگاہی پیدا کریں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایسے اقدامات شمالی ممبئی کو ایک نئی سمت فراہم کریں گے، ترقی کو فروغ دیں گے اور اس کے رہائشیوں کے لیے ایک محفوظ مستقبل کو یقینی بنائیں گے۔

اپنے خطاب کے اختتام پر، جناب  گوئل نے اس بات پر زور دیا کہ یہ تقریب شہری ترقی میں خود انحصاری کی جانب ایک اہم قدم ہے، جو حکومت کے اس ویژن کو تقویت دیتی ہے کہ تمام شہریوں کے لیے رہائش کو قابلِ رسائی اور پائیدار بنایا جائے۔

******

ش ح۔ ش ا ر۔ ول

Uno-7581


(Release ID: 2106378) Visitor Counter : 13


Read this release in: English , Marathi , Hindi , Tamil