عملے، عوامی شکایات اور پنشن کی وزارت
‘‘آل انڈیا نیشنل پبلک سیکٹر ایمپلائز فیڈریشن ’’ کے ایک وفد نے آج مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ سے ملاقات کی اور مختلف پنشن اسکیم سے متعلق اختیارات کے امور پر تبادلہ خیال کیا
مذکورہ وفد نے پنشن پانے والوں اور ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے وزیر موصوف کی کوششوں اور عزم کے تئیں ان کا شکریہ ادا کیا
ملازمین فیڈریشن کے نمائندوں نے نیشنل پنشن سسٹم ( این پی ایس ) میں حالیہ ترامیم پر ستائش کا اظہار کیا، جس میں حکومت کی شراکت کو 10 فی صد سے بڑھا کر 14 فی صد کرنے جیسی اہم اصلاحات شامل ہیں
فیڈریشن نے ڈاکٹر جتیندر سنگھ کو بتایا کہ ‘‘ جیون پرمان – ڈیجیٹل لائف سرٹیفکیٹ ’’ نے پنشن پانے والوں کی زندگی کو آسان بنا یا ہے
Posted On:
24 FEB 2025 5:35PM by PIB Delhi
‘‘ آل انڈیا نیشنل پبلک سیکٹر ایمپلائز فیڈریشن ’’ کے ایک وفد نے آج سائنس و ٹیکنالوجی کے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) ، وزیر اعظم کے دفتر ( پی ایم او ) ، عملہ، عوامی شکایات، پنشن، ایٹمی توانائی اور خلائی امور کے وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ سے نارتھ بلاک میں واقع ان کے عملہ و تربیت ( ڈی او پی ٹی ) کے محکمے کے دفتر میں ملاقات کی اور مختلف پنشن اسکیم کے اختیارات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ملازمین کی فیڈریشن ( این پی ایس ای ایف ) کے نمائندوں نے ڈاکٹر جتیندر سنگھ کا نیشنل پنشن سسٹم ( این پی ایس ) میں حالیہ ترامیم پر شکریہ ادا کیا، جس میں حکومت کی شراکت کو 10 فی صد سے بڑھا کر 14 فی صد کرنے جیسے اہم اصلاحات شامل ہیں۔ اس اقدام سے ملازمین کو ایک بڑی سہولت فراہم ہوئی ہے، جو انہیں ریٹائرمنٹ کے بعد زیادہ مالی تحفظ فراہم کرے گا۔ فیڈریشن نے متحدہ پنشن اسکیم ( یو پی ایس ) کے نفاذ پر بھی مسرت کا اظہار کیا، جو مختلف شعبوں کے ملازمین کے لیے پنشن اسکیموں کو مزید منظم اور بہتر بنانے کے لیے متعارف کرائی گئی ہے۔
مذکورہ وفد نے وزیر موصوف کی پنشنرز اور ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے کی جانے والی کاوشوں اور عزم کے تئیں ان کا شکریہ ادا کیا۔ اس کے علاوہ ، فیڈریشن نے پنشن و پنشنرز ویلفیئر (ڈی او پی پی ڈبلیو ) محکمے کے فعال اقدامات اور پنشن نظام میں نمایاں بہتری کے لیے کیے گئے اہم اقدامات کو بھی سراہا۔

‘‘ آل انڈیا نیشنل پبلک سیکٹر ایمپلائز فیڈریشن ’’ کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے آج مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ سے نئی دلّی کے نارتھ بلاک میں واقع عملہ و تربیت ( ڈی او پی ٹی ) کے محکمے کے دفتر میں ملاقات کی۔
پنشن کے وزیر نے وفد کو نیشنل پنشن سسٹم ( این پی ایس ) اور متحدہ پنشن اسکیم ( یو پی ایس ) کے فوائد سے آگاہ کرتے ہوئے ، اس بات پر زور دیا کہ وہ اپنی پنشن اسکیموں کے حوالے سے مکمل جائزہ لے کر دانشمندانہ فیصلہ کریں۔ انہوں نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ حکومت کی اولین ترجیح ملازمین کی فلاح و بہبود ہے اور حالیہ اصلاحات کا مقصد ایک محفوظ، صاف و شفاف اور سود مند پنشن نظام فراہم کرنا ہے۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ٹیکنالوجی پر مبنی جدید حل اور حالیہ پنشن اصلاحات کے بے شمار فوائد سے بھی وفد کو آگاہ کرایا ۔
ملاقات کے دوران، فیڈریشن کے عہدیداروں نے ‘‘ جیون پرمان - ڈیجیٹل لائف سرٹیفکیٹ ’’ پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ‘‘پنشن پانے والوں کی زندگی میں سہولت فراہم ہوئی ہے کیونکہ اب انہیں قریبی بینک یا ڈاک خانہ جانے کی ضرورت نہیں ہے اور محض اسمارٹ فون کے ذریعے ایک کلک پر تصدیق کا عمل مکمل ہو جاتا ہے ۔ ’’
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے پنشن خدمات کو مؤثر بنانے میں ٹیکنالوجی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ، خاص طور پر ‘‘ چہرے کی شناخت سے متعلق ٹیکنالوجی ( فیشیل ریکگنیشن ٹیکنا لوجی ) ’’ کے ذریعے جیون پرمان ڈیجیٹل لائف سرٹیفکیٹ کے نفاذ کو اجاگر کیا۔ اس جدید ٹیکنالوجی نے پنشن پانے والوں کے لیے یہ عمل نہایت آسان اور محفوظ بنا دیا ہے، جس سے نہ صرف سہولت میں اضافہ ہوا ہے بلکہ تاخیر اور ممکنہ دھوکہ دہی کے امکانات میں بھی کمی آ گئی ہے اور پنشن خدمات کے معیار میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
اپنے خطاب میں مرکزی وزیر نے فیڈریشن کو آئندہ کے لائحہ عمل پر رہنمائی فراہم کی اور اس بات پر زور دیا کہ حکومت اور ملازمین کی یونینوں کے درمیان بات چیت کا مسلسل تبادلہ انتہائی ضروری ہے تاکہ ملازمین اور پنشن پانے والوں کے مسائل اور ضروریات کو مؤثر طریقے سے حل کیا جا سکے۔

پنشن اور پنشن پانے والوں کی ویلفیئر کے محکمے ( ڈی او پی پی ڈبلیو ) میں سکریٹری جناب وی سری نواس اور ڈی او پی پی ڈبلیو میں جوائنٹ سکریٹری جناب دھرُب جیوتی سین گُپتا بھی اس ملاقات کے دوران موجود تھے۔
فیڈریشن کی جانب سے ڈاکٹر منجیت سنگھ پٹیل، نیشنل پریزیڈنٹ؛ آشیش سنگھ، صدر، آرڈیننس ایمپلائز یونین، مراد نگر؛ منیش پرجاپتی، دلّی نرسز فیڈریشن کے لیڈر؛ سنجیو ورما، صدر، اندرا گاندھی اوپن یونیورسٹی اسٹاف ایسوسی ایشن؛ ونود یادو، سکریٹری، دلّی ٹیچرز ایسوسی ایشن کے علاوہ محمد اقبال قاسم، ارون ورما، اور شیام سندر بھی اس ملاقات میں شریک ہوئے۔
یہ ملاقات حکومت کی جانب سے پنشن پانے والوں اور ملازمین کے تئیں مستقل عزم کی عکاسی کرتی ہے، جس میں ٹیکنالوجی کے استعمال اور پنشن اسکیموں کو مزید محفوظ اور بہتر طریقے سے منظم کرنے پر زور دیا گیا ۔
****************************
( ش ح ۔ ش م ۔ ع ا )
U.No. 7513
(Release ID: 2105859)