وزارت دفاع
ہندوستانی فوجی دستہ ہندوستان-جاپان مشترکہ فوجی مشق ’’دھرما گارڈین‘‘ کے لیے روانہ
Posted On:
22 FEB 2025 10:02AM by PIB Delhi
ہندوستانی فوجی دستہ آج چھٹی بھارت-جاپان مشترکہ فوجی مشق ’’دھرما گارڈین‘‘ کے لیے روانہ ہوگیا ہے۔ یہ مشق جاپان کے ایسٹ فوجی مینویر ٹریننگ ایریا میں 24 فروری سے 9 مارچ 2025 تک منعقد کی جائے گی۔ ’’دھرما گارڈین‘‘ ایک سالانہ مشق ہے جو باری باری بھارت اور جاپان میں منعقد کی جاتی ہے۔ اس مشق کا پچھلا ایڈیشن فروری-مارچ 2024 میں راجستھان میں منعقد ہوا تھا۔
ہندوستانی فوجی دستے میں 120 اہلکار شامل ہیں، جن کی نمائندگی بنیادی طور پر مدراس ریجمنٹ کی ایک بٹالین کے جوان کریں گے، جبکہ فواج کی دیگر شاخوں کے مسلح افواج بھی اس میں شامل ہوں گے۔ اسی طرح، جاپان گراؤنڈ سیلف ڈیفنس فورس (جے جی ایس ڈی ایف) کا فوجی دستہ، جو مساوی تعداد پر مشتمل ہوگا، 34ویں انفنٹری رجمنٹ کی نمائندگی کرے گا۔
اس مشق کا مقصد دونوں افواج کے درمیان باہمی تعاون کو بڑھانا ہے، تاکہ اقوام متحدہ کے مینڈیٹ کے تحت مشترکہ شہری جنگی کارروائیوں اور دہشت گردی کے خلاف آپریشنز میں مہارت حاصل کی جا سکے۔ اس مشق میں اعلیٰ جسمانی استعداد، مشترکہ منصوبہ بندی، اور مشترکہ حربی مشقوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
مشق کے دوران جو پہلو زیر غور آئیں گے ان میں حربی حکمت عملی کی مشقیں، مشترکہ مشقیں، اور آفات سے نمٹنے کی حکمت عملی شامل ہوں گی، جن کا مقصد عملی صلاحیتوں کو بڑھانا، جنگی مہارتوں کو نکھارنا، اور مشترکہ آپریشنز کے لیے باہمی تعاون کو مضبوط کرنا ہے۔
چیف آف دی آرمی اسٹاف کے 14سے 17 اکتوبر 2024 تک جاپان کے کامیاب دورے کے بعد، ’’دھرما گارڈین‘‘ مشق بھارت اور جاپان کے درمیان دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید مستحکم کرے گی۔
یہ مشق بھارت اور جاپان کے علاقائی سلامتی، امن اور استحکام کے لیے مشترکہ عزم کو اجاگر کرتی ہے اور ایک آزاد، کھلے اور جامع بھارت بحر الکاہل خطے کے مشترکہ ویژن کو آگے بڑھاتی ہے۔ ’’دھرما گارڈین‘‘ بھارت-جاپان تعلقات کو علاقائی تعاون کے ایک مضبوط ستون کے طور پر مستحکم کرتی ہے، فوجی تعلقات کو فروغ دیتی ہے اور ثقافتی ہم آہنگی کو تقویت بخشتی ہے۔
یہ مشق، بھارت اور جاپان کے درمیان دیرینہ دوستی، اعتماد اور ثقافتی روابط کی علامت ہے، جو ایک معنی خیز پیشہ ورانہ تعاون کے لیے راہ ہموار کرتی ہے اور وسیع تر دفاعی اشتراک کے لیے دونوں ممالک کے غیر متزلزل عزم کو اجاگر کرتی ہے۔
******
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-7453
(Release ID: 2105449)
Visitor Counter : 17