وزارات ثقافت
آرکائیوز پر بین الاقوامی کونسل (سواربیکا) کی جنوبی اور مغربی ایشیائی علاقائی شاخ کی ایگزیکٹو باڈی کی میٹنگ انڈیا انٹرنیشنل سینٹر میں منعقد ہوئی
Posted On:
21 FEB 2025 5:11PM by PIB Delhi
آرکائیوز پر بین الاقوامی کونسل کی جنوبی اور مغربی ایشیائی علاقائی شاخ (ایس ڈبلیو اے آر بی آئی سی اے) کے آرکائیوز کے سربراہوں کی دو روزہ ایگزیکٹو بورڈ میٹنگ کا افتتاح 20 فروری 2025 کو انڈیا انٹرنیشنل سنٹر، میکس مولر مارگ، نئی دہلی میں حکومت ہند کے وزیر سیاحت اور ثقافت جناب گجیندر سنگھ شیخاوت نے کیا۔ اس تقریب کی میزبانی نیشنل آرکائیوز آف انڈیا نے کی۔

نیپال، بھوٹان، بنگلہ دیش اور سری لنکا کے نیشنل آرکائیوز کے نمائندوں نے افتتاحی اور کاروباری سیشن دونوں میں شرکت کی۔ پاکستان کے نیشنل آرکائیوز نے آن لائن شرکت کی جبکہ ایران کے نیشنل آرکائیوز نے ویزا مسائل کی وجہ سے شرکت نہیں کی۔

مہمان خصوصی نے سواربیکا کے رکن ممالک کے مشترکہ ثقافتی اور مذہبی ورثے پر زور دیا اور باہمی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے تبادلہ پروگراموں، ڈیجیٹل تحفظ میں تربیت اور آرکائیو کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیا۔ جناب ارون سنگھل، ڈائرکٹر جنرل، نیشنل آرکائیوز آف انڈیا، اور سواربیکا کے خزانچی، نے نیشنل آرکائیوز آف انڈیا کے ذریعے کیے گئے آرکائیو ریکارڈز کی ڈیجیٹائزیشن پر ایک جامع پریزنٹیشن پیش کی۔ سواربیکا کا یہ اجلاس 2017 میں سری لنکا کے کولمبو میں ہونے والی آخری میٹنگ کے بعد آٹھ سال کے وقفے کے بعد بلایا گیا تھا۔

ایگزیکٹو باڈی کی میٹنگ کے علاوہ، نیشنل آرکائیوز آف انڈیا 21 فروری 2025 کو "آرکائیوز میں ڈیجیٹل تحفظ کے لیے اے آئی کا استعمال" کے عنوان سے ایک سیمینار کی میزبانی کرے گا۔ اس سیمینار میں ڈیجیٹل تحفظ میں مصنوعی ذہانت کے کردار کا جائزہ لیا جائے گا، اس کی اہمیت اور اطلاق پر روشنی ڈالی جائے گی ۔ ہندوستان، بنگلہ دیش، نیپال، سری لنکا، اور سمہیتا (انٹرنیشنل ریسرچ ڈویژن، انڈیا انٹرنیشنل سینٹر، نئی دہلی) کے ماہرین بطور وسائل فراہم کرنے والے افراد شرکت کریں گے۔

انٹرنیشنل کونسل آن آرکائیوز (سواربیکا) کی جنوبی اور مغربی ایشیائی علاقائی شاخ آرکائیو اداروں کے لیے ایک بین الاقوامی تنظیم ہے۔ یہ پورے خطے کے آرکائیوسٹوں کو تعاون کرنے، پیشہ ورانہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور آرکائیو کے تحفظ کو بڑھانے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔ سواربیکا کے قیام کا خیال 1973 میں برسلز، بیلجیم میں آرکائیوز پر بین الاقوامی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں پیش کیا گیا تھا۔ یہ تنظیم باضابطہ طور پر 11 دسمبر 1976 کو نئی دہلی کے وگیان بھون میں ایک پروقار تقریب کے دوران قائم کی گئی تھی۔
************
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U : 7438 )
(Release ID: 2105366)
Visitor Counter : 10