قومی انسانی حقوق کمیشن
انسانی حقوق کے قومی کمیشن (این ایچ آر سی)نے‘ آشا کارکنان کو بااختیار بنانے، وقار کے ساتھ کام کرنے کے حق کو محفوظ بنانے’کے موضوع پر خواتین سے متعلق کور گروپ کی میٹنگ کا انعقاد کیا
انسانی حقوق کے قومی کمیشن (این ایچ آر سی) ، انڈیا کے چیئرپرسن ، جسٹس وی راماسبرامنین نے ملک میں نوزائیدہ اور شیر خوار بچوں کی اموات کی شرح میں نمایاں کمی کو آشا کارکنوں کی خدمات سے منسوب کیا ہے
انہوں نے آشا کارکنوں کی فلاح و بہبود سے متعلق مسائل کو حل کرنے کے لیے مرکز اور ریاستی حکومتوں کے درمیان باہمی تعاون کی کوششوں پر زوردیا
ممبر ، جسٹس (ڈاکٹر) بدیوت رنجن سارنگی نے کہا کہ دور دراز علاقوں میں طبی دیکھ بھال کی پہلی لائن کے طور پر آشا کے رضاکارانہ کردار کو بہتر طور پر تسلیم کرنے کی ضرورت ہے
سکریٹری جنرل جناب بھرت لال نے کہا کہ آشا کارکنان کے متعلقہ مسائل، کام کے بوجھ اور ناکافی وسائل کو حل کرنے کی ضرورت ہے
مختلف تجاویز میں ، ایک مقررہ تنخواہ اور کارکردگی پر مبنی فوائد کے ساتھ ترغیبات پر مبنی ادائیگی کے ڈھانچے کو تبدیل کرنا شامل ہے
آشا کارکنوں کو صحت بیمہ ، زچگی کے فوائد اور حادثاتی بیمہ کوریج فراہم کرنے پر بھی روشنی ڈالی گئی
Posted On:
21 FEB 2025 11:54AM by PIB Delhi
انسانی حقوق کے قومی کمیشن (این ایچ آر سی) انڈیا نے نئی دہلی میں اپنے احاطے میں خواتین پر ہائبرڈ موڈ میں ایک کور گروپ میٹنگ کا انعقاد کیا جس کا موضوع تھا 'تسلیم شدہ سماجی صحت کے کارکنوں (آشا) کو بااختیار بنانا اور وقار کے ساتھ کام کرنے کا حق فراہم کرنا' ۔ اس کی صدارت این ایچ آر سی ، انڈیا کے چیئرپرسن ، جسٹس وی راماسبرامنین نے این ایچ آر سی کے رکن جسٹس (ڈاکٹر) بدیوت رنجن سارنگی ، سکریٹری جنرل ، جناب بھرت لال ، سینئر افسران ، ماہرین اور آشا کارکنوں کی موجودگی میں کی ۔

شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ، چیئرپرسن ، جسٹس جناب وی راما سبرامنین نے ملک میں صحت کی دیکھ بھال کے شعبے میں بہتری کے لیے گزشتہ 20 سالوں میں آشا کارکنوں کے قابل ذکر تعاون پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ آشا کارکنوں کے نمایاں اثرات سے نوزائیدہ اورشیر خوار بچوں کی اموات کی شرح کو کم کرنے میں قابل ذکر پیش رفت ہوئی ہے ۔ انہوں نے اجاگرکیاکہ رسمی تعلیم کے بغیر افراد کو اب بھی ہنر مند کارکن بننے کی تربیت دی جا سکتی ہے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگرچہ آج بہت سے تعلیم یافتہ لوگ ہیں ، لیکن ہنر مند کارکنوں کی تعداد کم ہو رہی ہے ۔ اس فرق کو آشا اسکیم کے ذریعے دور کیا جا رہا ہے ۔ تاہم ، انہوں نے نشاندہی کی کہ آشا کارکنان یہ کہہ رہی ہیں کہ ان کا معاوضہ معاشرے میں ان کے تعاون کے موافق نہیں ہے ۔ ستم ظریفی یہ ہے کہ بعض اوقات ، جو لوگ سب سے زیادہ تعاون کرتے ہیں وہ سب سے کم اجرت وصول کرتے ہیں ؛ جو پسماندہ لوگوں کی دیکھ بھال کرتے ہیں وہ خود ہی پسماندہ ہو جاتے ہیں ۔
جسٹس راما سبرامنین نے کہا کہ صحت عامہ اور کم از کم اجرت کا تعین ریاستی معاملہ ہے ۔ آبادی پر قابو اور خاندانی منصوبہ بندی متوازی فہرست کے تحت آتی ہے ۔ اس لیے آشا کارکنوں کی فلاح و بہبود سے متعلق مسائل کو حل کرنے کے لیے مرکز اور ریاستی حکومتوں کے درمیان باہمی تعاون کی کوشش ہونی چاہیے ۔ انہوں نے آشا کارکنوں کے کام کرنے کے حالات اور معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے ایک ٹھوس پالیسی اور قابل عمل اقدامات پر بھی زور دیا ۔

این ایچ آر سی ، انڈیا کے رکن جسٹس (ڈاکٹر) بدیوت رنجن سارنگی نے کہا کہ کسی بھی ڈاکٹر سے مشورہ کرنے سے پہلے دیہی علاقوں میں حاملہ خواتین اور بچوں سے متعلق کسی بھی پریشانی کا سب سے پہلے جواب دینے والی آشا کارکنان ہیں ۔ لہذا ، کارکنوں کے طور پر ان کے کردار کو مناسب ترغیبات ، معاوضے اور تحفظ کے ساتھ بہتر طور پر تسلیم کیا جانا چاہیے تاکہ ان کے وقار کے ساتھ زندگی کے حق کو یقینی بنایا جا سکے ۔

اس سے پہلے ، میٹنگ کا ایجنڈا ترتیب دیتے ہوئے اور پس منظر فراہم کرتے ہوئے ، سکریٹری جنرل ، جناب بھرت لال نے تین تکنیکی اجلاسوں کے موضوع پر روشنی ڈالی ۔ ان اجلاسوں میں شامل ہیں: 'آشا کو درپیش چیلنجوں کی ارتقا پذیر نوعیت' ، 'آشا کارکنوں کے حقوق کے تحفظ اور فروغ میں حکومت کا کردار' ، اور 'آگے کی راہ : آشاکارکنوں کے لیے وقار کے ساتھ کام کرنے کے حق کو یقینی بنانا' ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے مختلف اسکیمیں لے کر آئی ہے اور بنیادی صحت کی دیکھ بھال میں آشا کارکنوں کے تعاون کو دیکھتے ہوئے ان کے مسائل جیسے کم اعزازیہ ، ضرورت سے زیادہ کام کا بوجھ اور ناکافی وسائل کو بھی حل کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کووڈ-19 کے دوران ان کے کردار پر روشنی ڈالی کیونکہ صف اورل کے صحت کارکنان مثالی رہے ہیں ، جسے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے بھی تسلیم کیا ہے ۔

مقررین میں ، صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت (ایم او ایچ ایف ڈبلیو)کے جوائنٹ سکریٹری جناب سوربھ جین ، بچوں اور خواتین کی بہبودکی وزارت کی جوائنٹ سکریٹری محترمہ پلوی اگروال ،جھپیگو انڈیا کی اعلی مشیر ڈاکٹر شویتا کھنڈیلوال ، دی نیشنل الائنس آف ویمن (این اے ڈبلیو او) کی صدر محترمہ روتھ منورما ، سروجنی نائیڈو سینٹر فار ویمن اسٹڈیز ، جامعہ اسلامیہ یونیورسٹی کی پروفیسر اور ڈائریکٹر محترمہ صبیحہ حسین ، نیشنل کوآرڈینیٹر ، یو این ویمن انڈیا کی محترمہ ویشالی بروا ؛ عظیم پریم جی یونیورسٹی کی وزیٹنگ پروفیسر محترمہ دیپا سنہا ، محترمہ سریکھا سکریٹری ، آشا ورکرز اینڈ فیسیلیٹیٹرز فیڈریشن آف انڈیا (اے ڈبلیو ایف ایف آئی) محترمہ سنیتا ، آشا ورکر ، ہریانہ ، این ایچ آر سی ، انڈیا ڈی جی (1) جناب آر مینا پرساد ، رجسٹرار (قانون) جوگندر سنگھ ، ڈائریکٹر ، لیفٹیننٹ کرنل سنگھ شامل تھے ۔
بحث سے سامنے آنے والی کچھ تجاویز میں شامل ہیں ؛
- مقررہ ماہانہ اجرتوں، سماجی تحفظ، پنشن، تنخواہ کی چھٹی وغیرہ کے ساتھ آشا کارکنوںکو منظم کارکن کا درجہ دینے پر غور کرنے کی ضرورت ہے۔
- اس بات کو یقینی بناتے ہوئے کہ اعزازیہ کم از کم اجرت کے ضوابط کے مطابق ہو،تمام ریاستوں میں اعزازیہ / اجرت کو معیاری بنائیں۔
- ترغیب پر مبنی ادائیگی کے ڈھانچے کو ایک مقررہ رقم کے علاوہ کارکردگی پر مبنی فوائد سے تبدیل کریں۔
- آشا کارکنوں کو صحت بیمہ ، زچگی کے فوائد، اور حادثے کی صورت میں بیمہ کوریج فراہم کریں۔
- فیلڈ وزٹ کے دوران مفت ذاتی حفاظتی سامان (پی پی ای)، ٹرانسپورٹ الاؤنس اور آرام کرنے کے لیے صاف ستھرے آرام گاہ تک رسائی کو یقینی بنائیں۔
- ہراساں کرنے اور تشدد کے خلاف سخت پالیسیاں نافذ کریں، تمام خطوں میں آشا کارکنوں کے لیے کام کے محفوظ حالات کو یقینی بنائیں۔
- بچوں کی نگہداشت ، بزرگوں کی دیکھ بھال اور آشا کی فلاح و بہبود کے لیے تعمیرات اور دیگر تعمیراتی مزدوروں کی فلاح وبہبود کے لیے سیس ایکٹ سےغیر استعمال شدہ 49,269 کروڑ روپے(2022 تک) کا استعمال کریں۔
- نوعمر بچوں کی دیکھ بھال اور صحت کی دیکھ بھال کرنے والے کارکنوں کی تربیت کو مضبوط بنانے کے لیے صحت کے شعبے میں 70,051 کروڑ روپے کی گرانٹ مختص کریں۔
- بنیادی صحت مراکز اور کمیونٹی سینٹرز میں سرکاری امداد سے چلنے والی بچوں کی نگہداشت کے مراکز قائم کریں تاکہ آشاکارکنوں کی مدد کی جا سکے جو گھر میں بنیادی دیکھ بھال کرنے والے بھی ہیں۔
- آشا کارکنوں کے لیے زیادہ معاوضہ دینے والے صحت کی دیکھ بھال کے کرداروں، جیسے نرسنگ، دایہ اور صحت عامہ ایڈمنسٹریشن میں منتقلی کے لیے منظم کیریئر کے راستے تیار کریں۔
- بیماریوں کی نگرانی، دماغی صحت سے متعلق مشاورت، اور ہنگامی طبی ردعمل میں مہارت بڑھانے کی باقاعدہ تربیت فراہم کریں۔
- صحت کی دیکھ بھال کے رسمی کرداروں کے لیے آشا کارکنوں کی تصدیق کے لیے میڈیکل کالجوں اور یونیورسٹیوں کے ساتھ مل کر برج کورسز متعارف کروائیں۔
- کام کی جگہ پر بچوں کی دیکھ بھال کے حل پیش کرنے والے آجروں کے لیے ٹیکس فوائد کے ساتھ ساتھ بچوں اور بزروں کی دیکھ بھال کے بنیادی ڈھانچے میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کریں،
- سیوا ماڈل کی طرح کوآپریٹو ماڈل کو فروغ دیں، اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ آشا کارکنوں کو اجرت اور کام کے حالات پر فیصلہ سازی کی طاقت حاصل ہو۔
- سستی کمیونٹی پر مبنی نگہداشت کی خدمات کو بڑھانے کے لیے سرکاری ونجی شراکت داری کو فروغ دیں، جس سے آشا کارکنوں کے لیے ملازمت کے معقول مواقع پیدا ہوں۔

انسانی حقوق کا قومی کمیشن ان تجاویز پر مزید غورخوض کرے گا ، اضافی معلومات حاصل کرے گا اور آشا کارکنوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کی خاطر اس معاملے پر غور کرے گا ۔
******
ش ح ۔م ع ۔ م ر
U-No.7423
(Release ID: 2105314)
Visitor Counter : 16