کانکنی کی وزارت
بھارت اور سری لنکا نے اہم معدنیات، تلاش اور کانکنی کے شعبے میں تعلقات مضبوط کیے
Posted On:
15 FEB 2025 2:50PM by PIB Delhi
کوئلہ اور کانکنی کے مرکزی وزیر مملکت جناب ستیش چندر دوبے نے آج نئی دہلی میں واقع شاستری بھون میں حکومت سری لنکا کے صنعتی اور کاروباری ترقی کے وزیر جناب سنیل ہنڈونیٹی کے ساتھ ایک بارآور میٹنگ کا اہتمام کیا۔ گفت و شنید کے دوران معدنیات کی تلاش اور کانکنی میں باہمی تعاون کو فروغ دینے پر ، خاص طور پر دونوں ممالک کی اقتصادی اور صنعتی ترقی کے لیے ضروری معدنیات کو محفوظ بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ کلیدی توجہ سری لنکا کے وسیع گریفائٹ اور ساحلی ریت کے معدنی وسائل پر مرتکز کی گئی ، جو صاف توانائی، جدید بیٹری تکنالوجیوں ، اور ہائی ٹیک صنعتوں کی جانب عالمی تبدیلی کی حمایت میں بے پناہ صلاحیت رکھتے ہیں۔
میٹنگ کے دوران، دونوں رہنماؤں نے سری لنکا میں ہندوستانی کمپنیوں کے لیے معدنیات کی تلاش اور کان کنی کے مواقع میں تعاون کو مضبوط بنانے کی اہمیت کو تسلیم کیا۔ جناب دوبے نے اس بات پر زور دیا کہ ہندوستان کے قومی اہم معدنی مشن کا مقصد ملک کے قابل تجدید توانائی کے اولوالعزم ہدف کو پورا کرنے کے لیے ضروری خام مال جیسے لیتھیم، گریفائٹ، نکل، کوبالٹ اور تانبے کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اہم معدنیات کے لئے کانکنی کے حقوق دینے، بین الاقوامی شراکت داری قائم کرنے اور ہندوستانی کمپنیوں کو عالمی سطح پر معدنی اثاثے حاصل کرنے کی ترغیب دینے کے لئے سرگرم عمل ہے۔ دونوں فریقین نے ان شعبوں میں تلاش کے مواقع، تکنیکی تعاون اور سرمایہ کاری کے امکانات پر گہرائی سے بات چیت کی۔ حکومت سے حکومت (جی 2جی ) کی بنیاد پر معدنیات کی تلاش کے امکان پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جیولوجیکل سروے آف انڈیا (جی ایس آئی) نے سری لنکا میں معدنیات کا جائزہ لینے میں اپنی دلچسپی کا اظہار کیا۔ مزید برآں، سری لنکا نے ہندوستان سے درخواست کی کہ وہ ہندوستانی کمپنیوں کو اپنے ساحلی ریت اور گریفائٹ وسائل کی تلاش اور ترقی میں حصہ لینے کی ترغیب دے۔
ہندوستان کی کانکنی کی وزارت اور سری لنکا کے جیولوجیکل سروے اور مائنز بیورو کے درمیان "ارضیاتی اور معدنی وسائل کے میدان میں تعاون" پر مفاہمتی عرضداشت (ایم او یو) کو حتمی شکل دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ جناب دوبے نے اعتماد کا اظہار کیا کہ یہ مفاہمت نامے کے مکمل ہونے کے بعد، صلاحیت کی تعمیر، کان کنی کی تلاش، اور جدید معدنیات کی پروسیسنگ میں تعاون کو گہرا کرنے کے لیے ایک مضبوط فریم ورک فراہم کرے گا۔ انہوں نے تکنیکی اور مالی امداد کے ذریعے ہنر مندی کی ترقی، علم کے تبادلے اور اس کی کان کنی کی صنعت کو جدید بنانے میں سری لنکا کی مدد کرنے کے ہندوستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے، جناب دوبے نے کہا، ’’بھارت اور سری لنکا کے مابین طویل المدتی شراکت داری قائم ہے، اور کانکنی کے شعبے میں ہمارا تعاون ہمارے اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوطی فراہم کرے گا۔ ساتھ مل کر کام کرنے سے، ہم اپنے معدنیاتی وسائل کے مکمل مضمرات کو بروئے کار لا سکتے ہیں اور باہمی نمو اور پائیداری کو یقینی بنا سکتے ہیں۔‘‘
یہ میٹنگ مثبت ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، اور دونوں قائدین نے معاہدوں کو رسمی شکل دینے اور معدنیات کے شعبے میں باہمی تعاون کے نئے مواقع تلاشنے کی کوششوں کو تیز کرنے پر اتفاق کیا۔
**********
(ش ح –ا ب ن)
U.No:7106
(Release ID: 2103524)
Visitor Counter : 27