مکانات اور شہری غریبی کے خاتمے کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

بے گھر لوگ   

Posted On: 22 JUL 2024 5:53PM by PIB Delhi

بھارت کی مردم شماری ہر دس سال میں ملک کی آبادی کی گنتی کرتی ہے، جس میں بے گھر افراد بھی شامل ہوتے ہیں۔ بھارت کی 2011 کی مردم شماری کے مطابق، ملک کے شہری علاقوں میں کل 9,38,348 افراد بے گھر تھے۔

 ’زمین‘ اور ’نوآبادیات‘ ریاستی موضوعات ہیں۔ لہٰذا، اپنے شہریوں بشمول بے گھر افراد کے لیے رہائش سے متعلق اسکیمیں ریاستوں/مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے ذریعے نافذ کی جاتی ہیں۔ تاہم، وزارتِ ہاؤسنگ اور شہری امور  25 جون 2015 سے پردھان منتری آواس یوجنا – شہری (پی ایم اے وائی یو) کے تحت مرکزی معاونت فراہم کرکے ریاستوں/  مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی کوششوں میں مدد کرتی ہے تاکہ ملک بھر کے شہری علاقوں میں پختہ مکانات فراہم کیے جا سکیں۔

پی ایم اے وائی- یو اسکیم کی عمل آوری کی مدت، جو پہلے 25.06.2015 سے 31.03.2022 تک تھی، کو اب 31.12.2024 تک بڑھا دیا گیا ہے، کریڈٹ لنکڈ سبسڈی اسکیم (سی ایل ایس ایس) کے علاوہ، تاکہ منظور شدہ تمام مکانات کو مقررہ فنڈنگ پیٹرن اور عمل آوری کے طریقہ کار میں کسی تبدیلی کے بغیر مکمل کیا جا سکے۔

مزید برآں، حکومت دین دیال انتودیہ یوجنا – قومی شہری روزگار مشن   کے تحت شہری بے گھر افراد کے لیے پناہ گاہ کی اسکیم(ایس یو ایچ)  پر عمل درآمد کر رہی ہے تاکہ شہری بے گھر آبادی کو مستقل پناہ گاہوں/رہائش کی دستیابی اور ان تک رسائی کو یقینی بنایا جا سکے، جن میں پانی کی فراہمی، نکاسی، تحفظ اور سلامتی جیسی بنیادی سہولیات شامل ہیں ۔اب تک ملک میں شہری بے گھر افراد کے لیے 1,986 پناہ گاہیں/رہائشی مکان تعمیر کیے جا چکے ہیں، جن میں 1.41 لاکھ سے زائد افراد کے لیے گنجائش فراہم کی گئی ہے۔

یہ معلومات ہاؤسنگ اور شہری امور کے وزیر مملکت جناب توکھن ساہو نے آج راجیہ سبھا میں ایک سوال  کےتحریری جواب میں دی۔

************

ش ح ۔   ش ت  ۔  م  ص

 (U : 6680  )


(Release ID: 2103044) Visitor Counter : 28


Read this release in: English , Hindi , Tamil