وزارت اطلاعات ونشریات
مہا کمبھ 2025: بسنت پنچمی پر آنے والے تیسرے امرت اسنان کے
پیش نظر پریاگ راج میں طبی سہولیات کو مزیدمستحکم کیا گیا ہے
Posted On:
31 JAN 2025 9:40PM by PIB Delhi
360 بستروں کی کل گنجائش والے 23 اسپتال قائم کیے گئے، ہنگامی طبی خدمات کو وسعت دی گئی اور کسی بھی ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے ایک طبی فورس بھی تعینات کی گئی ہے
بسنت پنچمی (3 فروری 2025) کو تیسرے امرت اسنان کے دوران عقیدت مندوں کے لیے صحت کی خدمات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے مہاکمبھ نگر میں طبی بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔ جمعرات سے طبی فورس کو متحرک کر دیا گیا ہے۔ مجموعی طور پر 23 اسپتال، جن میں 360 بستروں کی گنجائش ہے، ضروری طبی خدمات فراہم کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار کر لیے گئے ہیں۔ ایک خصوصی طبی ٹیم نے میلہ علاقے کا دورہ کیا تاکہ ان انتظامات کی مؤثریت کا جائزہ لیا جا سکے اور کسی بھی ہنگامی صورت حال میں عقیدت مندوں کو فوری اور مؤثر طبی امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے صحت کی خدمات کی تیاریوں کا بغور معائنہ کیا۔
عقیدت مندوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے جامع طبی انتظامات اور مناسب طبی عملہ مکمل طور پر تیار کر لیا گیا ہے۔ امرت سنان کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے طبی سہولیات کو وسعت دی گئی ہے، جس میں 100 بستروں کی گنجائش کے ساتھ ایک جدید ترین مرکزی اسپتال قائم کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، 25 بستروں کے دو ذیلی مرکزی اسپتال، 20 بستروں کے آٹھ سیکٹر اسپتال، اور 20 بستروں کے دو متعدی امراض کے اسپتال بھی قائم کیے گئے ہیں تاکہ تمام طبی مسائل کے فوری حل کوممکن بنایا جا سکے۔
فوری طبی امداد کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے، 10 فرسٹ ایڈ پوسٹیں قائم کی گئی ہیں، جن میں ہر ایک میں ایک بستر موجود ہے، جہاں تربیت یافتہ طبی عملہ ہر وقت ڈیوٹی پر موجود رہے گا۔ ہنگامی خدمات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ایمبولینسیں اور طبی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں تاکہ ضرورت پڑنے پر مریضوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا جا سکے۔ مزید برآں، ماہر ڈاکٹروں کی نگرانی میں میلہ علاقے میں باقاعدہ صحت معائنہ اور صفائی کے اصولوں پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
طبی خدمات کے ہموار انتظام کو برقرار رکھنے کے لیے، سینئر میڈیکل افسران کی ایک ٹیم مسلسل میلہ علاقے کا معائنہ کر رہی ہے اور ضروری اصلاحی اقدامات کر رہی ہے۔ انتظامیہ نے صحت مراکز میں وافر مقدار میں ادویات،حیات بخش آلات اور طبی وسائل کی دستیابی کو یقینی بنایا ہے تاکہ کسی بھی صورتحال میں عقیدت مندوں کو بروقت طبی امداد فراہم کی جا سکے۔ مہاکمبھ میں آنے والے لاکھوں عقیدت مندوں کی سہولت کے لیے ہیلپ ڈیسک اور معلوماتی مراکز قائم کیے گئے ہیں، جہاں طبی عملہ صحت سے متعلق معلومات اور معاونت فراہم کرے گا۔ اس تمام تر انتظام کا مقصد عقیدت مندوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنا ہے۔
---------------------
U.No:6030
ش ح۔ف ا ۔ ص ج
(Release ID: 2099422)