لوک سبھا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

ہندوستان اور روس کے درمیان مضبوط اور وقت کی کسوٹی پر کھری اترتی  دوستی تعاون اور سفارت کاری کی ایک روشن مثال ہے،جسے دنیا کو اپنانا چاہئے: لوک سبھا اسپیکر


لوک سبھا اسپیکر نے دو طرفہ تعلقات کو گہرا کرنے میں پارلیمانی تبادلوں کی اہمیت کو اجاگر کیا

پارلیمانی کمیٹیاں غیرجانبدارانہ  انداز میں ‘‘منی پارلیمنٹ’’ کے طور پر کام کرتی ہیں: لوک سبھا اسپیکر

بھارت جیسی کثیر الجماعتی جمہوریت میں پارلیمانی کارروائیوں کا مشاہدہ کرنا ایک بہترین تجربہ  ہے:عزت مآب جناب ویا چیسلاؤ اولوڈِن

روسی پارلیمانی وفد نے لوک سبھا اسپیکر سے ملاقات کی

Posted On: 03 FEB 2025 6:24PM by PIB Delhi

لوک سبھا کے اسپیکر جناب اوم برلا نے آج کہا کہ ہندوستان اور روس کے درمیان مضبوط اور وقت کی کسوٹی پر کھری اترتی دوستی  تعاون اور سفارت کاری کی ایک روشن مثال ہے،جسے دنیا کو اپنانا چاہئے۔  دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی اور گہری دوستی کو اجاگر کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور روس کے باہمی تعلقات کو عالمی سطح پر بہت خاص مانا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات صدیوں پرانے ہیں اور روس آزادی کے بعد سے ہی  ہندوستان کا قریبی اتحادی رہا ہے۔

جناب برلا نے ان خیالات کااظہار  روسی فیڈریشن کی وفاقی اسمبلی کے ریاستی ڈیوما  کے چیئرمین عزت مآب جناب ویاچیسلاؤاولودِن کی قیادت میں روسی پارلیمانی وفد کے آج پارلیمنٹ ہاؤس کے دورے کے دوران کیا۔

2024 میں برکس کی ایک بہت ہی نتیجہ خیز اور خاطر خواہ چیئرمین شپ کے لئے  روس کو مبارکباد دیتے ہوئے اور 2024 میں سینٹ پیٹرزبرگ میں برکس پارلیمانی سربراہی اجلاس کے اپنے دورے کو یاد کرتے ہوئے، جناب برلا نے پارلیمانی عمل کو مضبوط بنانے اور تعلقات کو گہرا کرنے میں اس طرح کے تبادلوں کی اہمیت پر زور دیا۔

انہیں یہ جان کر خوشی ہوئی کہ روسی وفد نے لوک سبھا اور راجیہ سبھا دونوں کی کارروائی دیکھی، جس سے انہیں ہندوستان کے جمہوری کام کاج کے بارے میں جانکاری  ملی ہے۔

جناب  برلا نے ہندوستان کی پارلیمانی کمیٹی کے نظام کا ایک جائزہ بھی پیش کیا اور  انہیں ‘‘منی پارلیمنٹ’’ کے طور پر بیان کیا ، جہاں بجٹ کے معاملات اور کلیدی امور کا تفصیل سے جائزہ لیا جاتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کمیٹیاں غیر جانبدارانہ انداز میں کام کرتی ہیں، جس سے مکمل بحث ہوتی ہے،  جو کہ اکثر وقت کی قلت  اور مسائل کے وسیع دائرہ کار کی وجہ سے ایوان تک محدود رہ جاتی ہیں۔

جمہوریہ کے طور پر ہندوستان کے 75 ویں سال کا ذکر کرتے ہوئے، جناب  برلا نے آزادی کے بعد سے ملک کے سفر اور تمام شہریوں کے لیے برابری کے حصول کے لیے آئین کے معماروں  کی بصیرت انگیز کوششوں کی عکاسی کی۔ انہوں نے دورہ کرنے والے وفد کو ان برسوں  کے دوران  ہندوستان کی طرف سے آئینی اقدار کو مستحکم کئے جانے کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔

جناب برلا نے ہندوستان اور روس کی پارلیمنٹ  کے درمیان مضبوط تعاون پر روشنی ڈالی اور بین پارلیمانی یونین (آئی پی یو)، برکس پارلیمانی فورم اور جی-20 جیسے کثیر مقصدی  فورمز سمیت مختلف سطحوں پر مسلسل ہورہی  مصروفیات کا حوالہ دیا ۔ انہوں نے سینٹ پیٹرزبرگ میں برکس پارلیمانی سربراہ اجلاس میں اپنی شرکت کو گرمجوشی سے یاد کیا ، جہاں انہیں روسی پارلیمانی رہنماؤں کے ساتھ بات چیت کرنے کا موقع ملا  تھا۔

انہوں نے ہندوستان اور روس کے درمیان  تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں باہمی اعتماد اور احترام کے کردار پر بھی زور دیا، جو سیاسی، اسٹریٹجک اور ثقافتی تعاون پر مشتمل ایک خصوصی اور مراعات یافتہ اسٹریٹجک پارٹنرشپ میں تبدیل ہوا ہے۔ یہ بتاتے ہوئے کہ ہندوستان اور روس کثیرالجہتی ڈومین میں متحرک تعلقات سے فیضیاب ہوتے ہیں۔  انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان عوام سے عوام کے تعلقات نے اس جامع شراکت داری کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کی ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ موجودہ دورہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا، باہمی ترقی اور خوشحالی کو فروغ دے گا۔

عزت مآب جناب ویا چیسلاؤ اولوڈِن نے اپنے وفد کے پرتپاک استقبال کے لئے جناب  برلا کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان جیسی کثیر الجماعتی جمہوریت میں پارلیمانی کارروائی کا مشاہدہ کرنا ایک بہترین تجربہ ہے۔ انہوں نے ہندوستان-روس کے درمیان دیرینہ شراکت داری کی ستائش کی، جو وزیر اعظم جناب نریندر مودی اور صدر ولادیمیر پوتن کے اشتراک کردہ قریبی تعلقات کے ذریعے پروان چڑھ رہی ہے۔ ہندوستان کو جمہوریہ ہند کے 75 سال مکمل ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے جناب اولوڈِن  نے گزشتہ 75 برسوں  میں ملک کے ایک عالمی طاقت کے طور پر ابھرنے کو تسلیم کرتے ہوئے ہندوستان کی شاندار اقتصادی ترقی کی بھی ستائش کی۔ ہندوستان اور روس کے درمیان عوام سے عوام کے مضبوط  تعلقات کو تسلیم کرتے ہوئے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہندوستان روس دوستی نئے افق تک پہنچے گی۔

میٹنگ میں دیگر افراد کے علاوہ جناب بھرتروہری مہتاب ، ڈاکٹر سنجے جیسوال ، محترمہ اپراجیتا سارنگی ، جناب  کونڈا ویشیشور  ریڈی ، ڈاکٹر ششی تھرور اور لوک سبھا کے سکریٹری جنرل جناب اتپل کمار سنگھ  موجود تھے۔

***

ش ح۔ ک ا۔ ج


(Release ID: 2099283) Visitor Counter : 47


Read this release in: English , Marathi , Hindi , Tamil