وزارت دفاع
azadi ka amrit mahotsav

این سی سی یوم جمہوریہ کیمپ 2025 میں حصہ لینے والے 2361 کیڈٹس میں ریکارڈ 917 لڑکیاں شامل


یوتھ ایکسچینج پروگرام کے تحت 18 دوست ممالک کے 135 کیڈٹس شرکت کریں گے

ملک میں این سی سی کیڈٹس کی تعداد 2024 میں 17 لاکھ سے بڑھ کر 20 لاکھ ہوگئی؛ ان میں  40 فیصد لڑکیاں ہیں: ڈی جی، این سی سی

Posted On: 03 JAN 2025 3:58PM by PIB Delhi

نیشنل کیڈٹ کور (این سی سی) یوم جمہوریہ کیمپ 2025 میں 2361 کیڈٹس کی شرکت دیکھی جارہی ہے، جن میں 917 لڑکیاں شامل ہیں، جو اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔ دہلی کینٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے، 3 جنوری 2025 کو، ڈی جی، این سی سی لیفٹیننٹ جنرل گربیرپال سنگھ نے بتایا کہ ماہانہ کیمپ میں ملک بھر کے کیڈٹس شرکت کریں گے، جن میں جموں و کشمیر اور لداخ کے 114 اور شمال مشرقی خطے کے 178 کیڈٹس شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یوتھ ایکسچینج پروگرام کے تحت کیمپ میں 18 دوست ممالک کے 135 کیڈٹس شرکت کریں گے۔

کیمپ کے دوران کیڈٹس ثقافتی اور تربیتی مقابلوں جیسی متعدد سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔ کیمپ کا مقصد ہندوستان کی بھرپور ثقافت اور روایات سے واقفیت فراہم کرنا، کیڈٹس کی ذاتی خصوصیات کو بہتر بنانا اور ان کے اقدار کے نظام کو مضبوط کرنا ہے۔ کیمپ کا دورہ نائب صدر جمہوریہ، وزیر دفاع، دفاع کے وزیر مملکت، دہلی کے وزیر اعلی ٰ، چیف آف ڈیفنس اسٹاف ، تینوں افواج کے سربراہان اور سکریٹری دفاع سمیت بڑی تعداد میں معززین کریں گے۔ این سی سی کا ایک مارچ کرنے والا دستہ 26 جنوری 2025 کو کرتویہ پتھ پر یوم جمہوریہ کی پریڈ میں بھی شرکت کرے گا۔ ان سرگرمیوں کا اختتام 27 جنوری 2025 کو وزیر اعظم کی ریلی کے ساتھ ہوگا۔

اپنے خطاب میں ڈی جی، این سی سی نے 2024 میں این سی سی کی بڑی کامیابیوں پر روشنی ڈالی اور دنیا کی سب سے بڑی باوردی نوجوانوں کی تنظیم کی قوم کے لیے 76 سالہ خدمت کی کامیاب تکمیل میں اپنا کردار ادا کرنے پر برادری کے اراکین کی تعریف کی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ این سی سی کیڈٹس کی تعداد 17 لاکھ سے بڑھ کر 20 لاکھ ہو گئی ہے، جس میں 40 فیصد لڑکیاں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ باقاعدہ 1,162 سالانہ تربیتی کیمپوں کے علاوہ ، مختلف خطوں اور ثقافتوں کے کیڈٹس کے درمیان انضمام کو فروغ دینے اور تعلقات کو مستحکم کرنے کے لیے چھ خصوصی قومی یکجہتی کیمپ اور 33 ایک بھارت شریشٹھ بھارت کیمپ منعقد کیے گئے۔ معمول کی مہم جوئی کی سرگرمیوں کے علاوہ ، این سی سی نے درج ذیل کام انجام دیے:

  • ماؤنٹ کانگ یاتسے (لداخ) اور ماؤنٹ ابی گیمن (اتراکھنڈ) کے لیے خصوصی کوہ پیمائی مہمات۔
  • گنگا اور ہگلی کے اوپر 550 کیڈٹس کی طرف سے اپنی نوعیت کی پہلی خصوصی سیلنگ مہم نے 1,720 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا۔
  • ممبئی سے وشاکھاپٹنم تک ساحل کے ساتھ سیلنگ مہم  نے 3,045 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا۔
  • چالیس کیڈٹس کے ذریعے 14 دنوں میں 410 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرتے ہوئے ڈانڈی مارچ کا تاریخی دوبارہ انعقاد۔ یہ پید یاترا 10-23 دسمبر 2024 تک منعقد کی گئی تھی، جس کا اختتام گجرات کے ڈانڈی میں نیشنل سالٹ ستیہ گرہ میموریل میں ہوا۔
  • میرٹھ سے نئی دہلی تک سائکلوتھون، 30 دسمبر 2024 کو شروع ہونے والی یہ سرگرمی بریلی، لکھنؤ، وارانسی، جھانسی اور آگرہ سے گزر کر 1,900 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرے گی۔
  • حسینی والا سے نئی دہلی تک سائکلوتھون، یہ کھیم کرن، امرتسر، پانی پت سے ہوتے ہوئے 704 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرے گی۔
  • این سی سی نے اپنے یوم تاسیس کے موقع پر خون عطیہ کے کیمپوں کا اہتمام کیا۔ زندگی بچانے کے مقصد سے 40,000 یونٹ خون کا عطیہ کیا گیا۔

ڈی جی، این سی سی نے مختلف سرکاری اقدامات/اسکیموں میں این سی سی کیڈٹس کے تعاون پر بھی روشنی ڈالی۔ ’ایک پیڑ ماں کے نام‘ کے حصے کے طور پر نو لاکھ سے زیادہ درخت لگائے گئے۔ یوگا کے بین الاقوامی دن میں آٹھ لاکھ سے زیادہ کیڈٹس نے شرکت کی اور صفائی کو فروغ دینے کے لیے سووچھ بھارت ابھیان میں چار لاکھ سے زیادہ کیڈٹس نے حصہ لیا۔ اس سال سائبر بیداری اور آفات کے انتظام جیسے عصری موضوعات پر کیڈٹس کی تربیت اور ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (ڈی آر ڈی او)، انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو) اور نیوکلیئر پاور کارپوریشن آف انڈیا (این پی سی آئی ایل) جیسے اداروں کا دورہ بھی کیا گیا۔

 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ش ح۔ م م ۔ م ر

Urdu No. 4820


(Release ID: 2089892) Visitor Counter : 30


Read this release in: English , Hindi , Marathi , Tamil