صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

مرکزی وزارت صحت  نےنقلی ادویات کے خلاف تیزی سے کارروائی کرتے ہوئے کولکتہ میں بڑی ضبطی  کو انجام دیا

Posted On: 31 DEC 2024 9:49AM by PIB Delhi

نقلی ادویات کی غیر قانونی تجارت کے خلاف فیصلہ کن کارروائی میں، سنٹرل ڈرگز اسٹینڈرڈ کنٹرول آرگنائزیشن (سی ڈی ایس سی او)، ایسٹ زون اور ڈرگز کنٹرول ڈائریکٹوریٹ،مغربی  بنگال کی طرف سے کولکتہ میں بڑے پیمانے پر مشترکہ تحقیقات کی گئی۔ کولکتہ میں مسرز کیئر اینڈ کیور فار یو پر چھاپہ مارا گیا، جس کے نتیجے میں بڑی مقدار میں اینٹی کینسر، اینٹی ذیابیطس اور دوسری دوائیں ضبط کی گئیں جن کے بارے میں شبہ ہے کہ وہ نقلی  ہیں۔

ان ادویات پر لگائے گئے لیبل سے ظاہر ہورہا تھا کہ یہ آئرلینڈ، ترکی، امریکہ اور بنگلہ دیش سمیت مختلف ممالک میں تیار کی  گئی ہیں تاہم انہیں ہندوستان میں درآمد کئے جانے سے متعلق کوئی قانونی دستاویزات پیش نہیں کی جاسکیں۔ ایسی دستاویزات کی عدم موجودگی میں، ان ادویات کو نقلی سمجھا جاتا ہے۔ تفتیشی ٹیم نے کئی خالی پیکنگ میٹریل بھی دریافت کیے، جس سے ضبط شدہ مصنوعات کی صداقت پر مزید خدشات پیدا ہوئے۔

ضبط کی گئیں ادویات کی کل مارکیٹ مالیت کا تخمینہ تقریباً6.60 کروڑ روپے ہے۔مناسب تحقیقات کو یقینی بنانے کے لیے ادویات کے نمونے معیار کی جانچ کے لیے بھیجے گئے ہیں۔ باقی ضبط شدہ مقدار کو سی ڈی ایس سی او کی طرف سے محفوظ تحویل میں رکھا جا رہا ہے۔

تفتیش کے نتیجے میں ملزم کی گرفتاری ہوئی، ایک خاتون کی شناخت ہول سیل فرم کی مالک کے طور پر کی گئی، جسے سی ڈی ایس سی او، ایسٹ زون کے ڈرگ انسپکٹر نے اپنی تحویل میں لے لیا۔ عدالت نے ملزم کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر مزید تفتیش کی اجازت دے دی۔ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت عوام کی حفاظت اور بہبود کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ ضبطی اور جاری تحقیقات مارکیٹ میں نقلی اور غیر معیاری ادویات کے چلن کے حوالے سے حکومت کی قطعی برداشت نہ کرنے کی پالیسی کو واضح کرتی ہیں۔ سی ڈی ایس سی او اور ریاستی حکام نقلی ادویات سے لاحق خطرے سے نمٹنے اور صارفین کے مفادات کے تحفظ کے لیے قریبی تال میل میں کام جاری رکھیں گے۔

***

ش ح۔ ف ا ۔ع د

U-No. 4701)


(Release ID: 2088982) Visitor Counter : 30