لوک سبھا سکریٹریٹ
بھارت اور آرمینیا کے درمیان بات چیت اور تعاون نے شراکت داری کے نئے راستے کھولے ہیں: لوک سبھا اسپیکر
مستحکم حکومت اور کاروبار کرنے میں آسانی نے بھارت میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع پیدا کیے ہیں: لوک سبھا اسپیکر
لوک سبھا اسپیکر نے بھارت اور آرمینیا کے درمیان کثیر جہتی پلیٹ فارموں پر مسلسل بات چیت اور تعاون کی اپیل کی
لوک سبھا کے اسپیکر نے آرمینیا سے آنے والے پارلیمانی وفد کے ساتھ باہمی میٹنگ کا اہتمام کیا
Posted On:
17 DEC 2024 7:37PM by PIB Delhi
لوک سبھا کے اسپیکر جناب اوم برلا نے آج پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس میں جمہوریہ آرمینیا کی قومی اسمبلی کے صدر عزت مآب جناب ایلن سیمونیان کے ساتھ باہمی میٹنگ کا اہتمام کیا۔ طرفین نے تجارت اور سرمایہ کاری سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ آرمینیائی وفد، جو ہندوستان کے پانچ روزہ دورے پر ہے، کا خیرمقدم کرتے ہوئے، جناب برلا نے اس سال کے شروع میں جنیوا میں بین پارلیمانی یونین (آئی پی یو) اسمبلی کے دوران عزت مآب سیمونیان کے ساتھ اپنی سابقہ ملاقات کا بھی ذکر کیا۔
جناب برلا نے کہا کہ حالیہ برسوں میں دونوں ممالک کے درمیان سیاسی اور پارلیمانی بات چیت اور باہمی تعاون میں اضافہ ہوا ہے، جس سے مختلف شعبوں میں شراکت داری کی نئی راہیں کھلی ہیں۔ انہوں نے دورے پر آئے آرمینیائی پارلیمانی وفد کو بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ایک مستحکم حکومت کی وجہ سے ہندوستان دنیا میں سب سے زیادہ اقتصادی ترقی کی شرح سے آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کاروبار کرنے میں آسانی اور بھارت میں عالمی معیار کے بنیادی ڈھانچے کے لیے کی جانے والی کوششوں پر بھی روشنی ڈالی جس نے پوری دنیا کی توجہ بھارت کی جانب مبذول کرائی ہے۔
کثیر جہتی فورموں پر دونوں ممالک کے درمیان مسلسل بات چیت اور تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک اور دو پارلیمانوں کے درمیان علاقائی اور عالمی مسائل پر باقاعدہ بات چیت سے دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ بھارت اور آرمینیا کے درمیان گہرے تاریخی اور ثقافتی تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ بڑھتے ہوئے باہمی تعاون سے عوام کے درمیان رابطہ مضبوط ہوگا۔
بھارت کو 'جمہوریت کی ماں' کے طور پر اجاگر کرتے ہوئے، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جمہوریت کے بنیادی اصولوں کو تقویت دینے کے لیے بھارت اور آرمینیا کی پارلیمانوں کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط کیا جانا چاہیے۔ جناب برلا نے وفد کو بتایا کہ اس سال بھارت کے آئین کو اپنانے کی 75 ویں سالگرہ منائی جارہی ہے جو ملک کے سفر میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس تاریخی موقع کو یادگار بنانے کے لیے، بھارت کی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں دستور ہند پر دو روزہ خصوصی بحث کا انعقاد کیا گیا۔
اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ بھارت نے ہمیشہ صنفی مساوات کی حمایت کی ہے، جناب برلا نے وفد کو بتایا کہ پارلیمنٹ کی نئی عمارت میں منظور ہونے والا پہلا قانون "ناری شکتی وندن ایکٹ" تھا، جو ملک میں خواتین کی قیادت میں ترقی کے عزم کو مضبوط کرتا ہے۔ انہوں نے مشاہدہ کیا کہ حالیہ برسوں میں، بھارت کی پارلیمنٹ نے ڈیجیٹل تکنالوجیوں کا وسیع استعمال کیا ہے، ضابطے کو آسان بنایا ہے اور شفافیت میں اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ "ڈیجیٹل پارلیمنٹ" پروجیکٹ ایک ایسی ہی پہل قدمی ہے جس کی وجہ سے بھارت کے جمہوری عمل میں شہریوں کی شرکت میں اضافہ ہوا ہے۔
*****
(ش ح –ا ب ن)
U.No:4184
(Release ID: 2085463)
Visitor Counter : 19