صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
صدر جمہوریہ نے بھوبنیشور میں نئے جوڈیشل کورٹ کمپلیکس کا افتتاح کیا
Posted On:
05 DEC 2024 6:43PM by PIB Delhi
صدر جمہوریہ ہند، محترمہ دروپدی مرمو نے آج (5 دسمبر 2024) اڈیشہ کے بھوبنیشور میں نئے جوڈیشل کورٹ کمپلیکس کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر جتماع سے خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ اگر انصاف بروقت فراہم نہ کیا جائے تو یہ انصاف نہ ملنے کے مترادف ہے۔ انصاف کے عمل کو ملتوی کرنے کے رجحان سے سب سے زیادہ نقصان غریبوں کو ہوتا ہے۔ ان کے پاس نہ تو بار بار عدالت آنے کے لیے مالی وسائل ہوتے ہیں اور نہ ہی افرادی قوت۔ صدر جمہوریہ نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ تمام متعلقہ فریق عوامی مفاد میں انصاف کے عمل کو ملتوی کرنے کی روایت کو ختم کرنے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر راستہ تلاش کریں گے۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ زبان بھی عام لوگوں کے لیے ایک رکاوٹ ہے۔ وہ یہ نہیں سمجھ پاتے کہ وکیل ان کے لیے کیا دلائل پیش کر رہا ہے یا جج کا کیا موقف ہے۔ انہیں یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ اب عدالتی فیصلوں کو اڑیہ اور سنتھالی زبانوں میں ترجمہ کیا جا رہا ہے اور یہ ترجمہ شدہ فیصلے سپریم کورٹ اور اوڈیشہ ہائی کورٹ کی ویب سائٹس پر دستیاب ہیں۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ آج کل خواتین کی قیادت میں ترقی پر زور دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر شعبوں کی طرح عدلیہ میں بھی خواتین کی شرکت میں اضافہ ہونا چاہیے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس وقت اڈیشہ کی عدلیہ میں 48 فیصد خواتین افسران ہیں۔ انہیں یقین ہے کہ آنے والے دنوں میں خواتین افسران کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگا۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ عام شہریوں کا عدلیہ کے نظام سے خوف کے بغیر تعلق قائم کرنا ایک اہم مسئلہ ہے۔ اکثر لوگ وکیلوں اور ججز کے سامنے حواس باختہ ہو جاتے ہیں۔ ضروری ہے کہ عدالتوں میں ایک حساس ماحول ہو تاکہ لوگ اپنی بات آزادی سے بیان کر سکیں۔
صدر جمہوریہ نے یہ دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا کہ نیا عدالتی کمپلیکس موجودہ اور آئندہ کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ نئی ٹیکنالوجیز کا استعمال انصاف کے عمل کو تیز کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ عدالت کے اس جدید کمپلیکس میں جدید سہولتیں عدلیہ کے کاموں میں آسانی پیدا کریں گی۔
****
ش ح ۔ م ع ۔ م ت
05.12.2024
U - 3535
(Release ID: 2081272)
Visitor Counter : 23